Inquilab Logo

ڈرائیور کا بیٹا یوپی ایس سی کے سی ڈی ایس امتحان کا ٹاپر بنا

Updated: June 15, 2022, 2:08 PM IST | Agency | Mumbai

؍۲۲؍سالہ ہمانشو پانڈےاس سے قبل تک اس امتحان میں ۲؍ بار ناکام ہوچکا تھا لیکن اس نے ہمت نہیں ہاری اور کوشش جاری رکھی

CDS exam topper Himanshu eating sweets at the hands of his parents along with his brother..Picture:INN
سی ڈی ایس امتحان ٹاپر ہمانشو اپنے والدین کے ہاتھوں مٹھائی کھاتے ہوئے ساتھ میں اس کا بھائی ۔ تصویر: آئی این این
ہلدوانی کے رہنےوالے ایک ڈرائیورکے بیٹے نے یونین پبلک سروس کمیشن (یوپی ایس سی ) کے ذریعے منعقد ہونے والے کمبائنڈ ڈیفنس سروسیز (سی ڈی ایس)  امتحان میں قومی سطح پر پہلا مقام حاصل کیا ہے ۔  اس ۲۲؍سالہ ہونہار طالب علم کا نام ہمانشو پانڈے  ہے جو  انجینئرنگ گریجویٹ ہے۔ خیال رہے کہ سی ڈی ایس امتحان کے نتائج جون کے پہلےہفتے میں جاری کئے گئے ۔  ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہمانشو پانڈے نے اپنی کامیابی کے متعلق بات چیت میں کہا کہ ’’ بچپن سے ہی میں چاہتا تھا کہ بڑا ہوکر ملک کی خدمت کروں۔ اسی لئے میں نے سی ڈی ایس امتحان کو اپنا ہدف بنایا۔ کئی بار ناکامی کے بعد بھی میں نے کوشش جاری ۔‘‘ ہمانشو نے اپنی کامیابی اور اپنے اب تک کے تعلیمی سفر کے حوالے سے والدین اور کوچنگ انسٹی ٹیوٹ کے ٹیچرس کا شکریہ ادا کیا۔  ہمانشو کے والد پیشہ سے ڈرائیور ہیں اور ایک نجی کمپنی میں  ملازمت کرتے ہیں، جبکہ والدہ دپیکا پانڈے خاتون خانہ ہیں۔ ہمانشو پانڈے نے ہلدوانی کے اے بی ایم اسکول سے بارہویں جماعت کے امتحان میں ۹۵؍ فیصد نمبرات سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کے بعد اس نے دوارہٹ انجینئر کالج سے بی ٹیک مکمل کیا۔  ہمانشو پانڈے ۲۰۱۷ء سے سی ڈی ایس امتحان میں قسمت آزمائی کررہا تھا، اس نے دوبار یہ امتحان کامیاب کرلیا لیکن دانت کے مسئلے کے سبب میڈیکل ٹیسٹ کا مرحلہ عبور نہیں کرپایا تھا۔  یہ تیسری کوشش تھی جس میں اس کی انتھک محنت رنگ لائی اور اس نے سی ڈی ایس اور سروسیز سلیکشن بورڈ (ایس ایس بی ) میں کامیابی حاصل کی ۔ ہمانشو کو آئی ایم اے میں ۲۴؍ واں اور انڈین نیوی اکیڈمی (آئی این اے) میں ۱۳؍واں رینک ملا ہے۔ اپنے والدین اور ہلدوانی شہر کا نام روشن کرنے والے ہمانشو نے کہا کہ ’’کامیابی کا یقین تھا لیکن  آل انڈیا رینک ون کی امید نہیں تھی، نتیجہ دیکھ کر تو میری حیرت کا کوئی ٹھکانہ نہیں رہا۔ میری یہ کامیابی مجموعی کوششوں کا نتیجہ ہے، میں ان تمام افراد کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھے ہرممکن سپورٹ کیا۔ ‘‘   طلبہ کے  نام پیغام میں ہمانشو نے یہ بات کہی کہ ’’میں ہر کسی کو یہی بات کہنا چاہوں گا کہ اپنے خوابوں پر یقین رکھیں اور انہیں  حقیقت میں بدلنے کے لئے سخت محنت کریں۔برے سے برے وقت سے بھی کچھ نہ کچھ سیکھیں۔‘‘ معلوم ہوکہ یوپی ایس سی نے انڈین ملٹری اکیڈمی ، انڈین نول اکیڈمی اور ایئر فورس اکیڈمی کے لئے ہونے والے سی ڈی ایس امتحان کے ذریعے  امسال ۱۴۲؍ طلبہ کا انتخاب کیا ہے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK