Inquilab Logo

اس عید مہمانوں کی آمد متوقع، کچھ خاص تیاری کرلیجئے

Updated: April 27, 2022, 11:20 AM IST | Odhani Desk | Mumbai

کورونا بحران کے سبب گزشتہ ۲؍ سال تک رمضان اور عید کی خوشیاں ماند پڑ گئی تھیں مگر اس مرتبہ اللہ نے راحت بخشی ہے کہ حالات معمول پر ہیں اور لوگ پُر جوش انداز میں عید کی تیاریوںمیں مصروف ہیں۔امسال عید کے موقع پر مہمانوں کی آمد متوقع ہے، لہٰذا تیار ہو جایئے اور پُرخلوص انداز میں ان کا استقبال کیجئے

Try to complete the preparations before the arrival of guests on the occasion of Eid Search f.Picture:INN
کوشش کریں کہ عید کے موقع پر مہمانوں کی آمد سے قبل تیاری مکمل کرلیں۔ تصویر: آئی این این

لاک ڈاؤن کے سبب گزشتہ ۲؍ برس پابندیوں کے درمیان رمضان اور عیدیں گزریں لیکن اس سال حالات معمول پر آگئے ہیں۔ امسال عید کے حوالے سے سب لوگوں میں پہلے ہی جیسا جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔ اُمید ہے کہ امسال گھروں میں عید کے دن دعوت کا اہتمام کیا جائے گا، تمام عزیز و اقارب کی آمد متوقع ہے۔ اس دعوت کا اہتمام اور انتظام یقیناً خاص ہونا چاہئے، لہٰذا خواتین ِ خانہ ابھی سے تیاری کر لیجئے اور مہمانوں کا تہہ دل سے استقبال کیجئے:
مہمانوں کی لسٹ بنالیں
 مہمانوں کی لسٹ بنائیں کہ کتنے لوگ متوقع ہیں اور اس میں کتنے بڑے ہیں اور کتنے بچے ہیں تاکہ کام سمجھنے میں آسانی ہو۔
مینو ترتیب دیں
 سب سے پہلے آپ دو تین دن پہلے ذہن بنا لیں کہ دعوت میں کیا پکانا ہے۔ مینو کو مدنظر رکھتے ہوئے اس میں استعمال ہو نے والے تمام لوازمات بھی لکھ لیں کہ کیا کیا بازار سے لانا ہے اور کیا کیا گھر میں موجود ہے۔ 
برتن پہلے سے نکال لیں
 جو بھی برتن آپ کے خیال میں استعمال میں آئیں گے ان کو پہلے سے نکال کر دھو کر کسی ٹیبل پر اوندھا کرکے رکھ دیں۔ تمام، پلیٹیں، چمچے، ڈشیز، پیالے وغیرہ کیونکہ کھانا لگاتے ہوئے برتنوں ڈھونڈنا آپ کے پھوہڑ پن کا ثبوت ہے۔ مہمانوں کا اندازہ لگائیں کہ کتنے ہیں اوران میں کتنے برتن استعمال ہو سکتے ہیں سب کے حساب سے گلاس، پلیٹیں اور چمچے موجود ہوں۔ کھانے میں کتنی ڈشیز ہیں اس کے لئے کیا کیا برتن چاہئے ہو ں گے، سب پہلے سے ترتیب دے کر رکھیں۔
مہمانوں کے بیٹھنے کابندو بست 
 مہمانوں کے بیٹھنے کا انتظام درست ہونا بہت ضروری ہے۔ اگر بیٹھنے کی گنجائش کم ہو گی تو سب بے آرام رہیں گے۔ اسی لئے اگر کچھ چیزیں سمیٹ کر گنجائش بنانی ہے یا فرنیچر آگے پیچھے کرنا ہے تو یہ سب ایک دن پہلے ہی کر لیں۔ دعوت والے دن یہ سب کام، کام کے بوجھ کو دگنا کر دیتے ہیں۔
جو پہلے پکا سکیں پکالیں
 میٹھی ڈش میں اگر کوئی ایسی چیز ہے جو  ایک رات پہلے بنائی جا سکتی ہے تو ضرور بنالیں، اس سے بھی آپ کا کام ہلکا ہو جائے گا۔ اگر بریانی پکا رہی ہیں تو مسالے رات میں تیار کر لیں، پلاؤ ہے تو یخنی بناکر رکھ دیں، فرائیڈ رائس ہیں تو سبزیاں کاٹ کر فرائی کر لیں تاکہ دعوت میں صرف چاول ابال کر ڈالنے ہو ں، قورمہ پکانا ہے تو پیاز فرائی کرکے کرش کرکے رکھ لیں۔ کباب ایک دو دن پہلے بنا لیں۔ رائتہ اور سلاد صبح ہی بنا کر فرج میں رکھ دیں۔
ٹھنڈے پانی کا انتظام
 گرمی کا موسم ہے، ایسے میں ٹھنڈے پانی کی ضرورت زیادہ رہتی ہے، اس کے لئے آپ اپنے فریزر میں پہلے سے برف جما کر اس کے پیکٹس بنا کر رکھ دیں تاکہ وقت پر ٹھنڈا پانی مل سکے کیونکہ پانی کی بوتلیں فوراً ہی ختم ہو جاتی ہیں۔
صفائی ساتھ ساتھ کرتے رہیں
 بعض خواتین کھانا پکانے کے بعد برتن دھونے اور کچن سمیٹنے کا کام کرتی ہیں۔ لیکن اگر ساتھ ہی کچن سمیٹتے بھی جائیں تو صفائی کے لئے الگ سے وقت نکالنا نہیں پڑے گا اور برتنوں کا انبار بھی جمع نہیں ہوگا۔
سادگی سے کام لیں
 کوشش کریں زیادہ لوگوں کی دعوت میں زیادہ ڈیکوریشن اور آرائش کی چیزوں سے گریز کریں۔ میز کی سجاوٹ اور کرسیوں وغیرہ کی سیٹنگ سادہ رکھیں تاکہ مہمانوں کو مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
تھوڑی مدد لے لیں
 مہمانوں کی آمد سے پہلے ہی ٹیبل یا دستر خوان سیٹ کر لیں، یہ اور ایسے دیگر کاموں کے لئے بچے، میاں یا بھائی بہن وغیرہ کی مدد لی جا سکتی ہے۔ اس پر پلیٹیں، چمچے، گلاس، وغیرہ سیٹ کر دیں تاکہ وقت ِ ضرورت کسی بھی افرا تفری کے بغیر فوری کھانا لگایا جا سکے۔ اسی طرح کھانے کے بعد برتن اٹھانے اور فوری صفائی کی ذمہ داری بھی کسی کے سپرد کردیں۔
بچوں کے لئے انتظام
 بچوں کے کھیلنے کیلئے ایک الگ جگہ مقرر کردیں۔ کوشش کریں کچھ کھلونے یا تفریح کا کوئی اور انتظام کریں تاکہ بچے اور ان کے ماں باپ بھی پر سکون رہیں۔
مہمانوں کی آمد سے پہلے فریش ہو جائیں 
 کوشش کریں کہ مہمانوں کی آمد سے پہلے آپ اپنا کام ختم کر لیں اور نہا دھو کر اچھی سی خوشبو لگا کر ہلکا پھلکا میک اپ کرکے فریش ہو جائیں۔ اس سے خود آپ کو بھی اچھا محسوس ہو گا، اور آپ کے آنے والے مہمان بھی آپ کو دیکھ کر اچھا محسوس کریں گے۔
خود بھی انجوائے کریں
 یہ کسی بھی میزبان کے لئے سب سے اہم کام ہوتا ہے۔ اگر اتنی محنت اور اہتمام کرنے کے بعد آپ خود ہی انجوائے نہ کر پائیں تو مہمان کیسے انجوائے کر پائیں گے۔ خود کو پُر سکون رکھیں اور عید کی دعوت کا لطف اٹھائیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK