چکن کاؤ سوئے بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
EPAPER
Updated: August 28, 2025, 9:53 PM IST | Mumbai
چکن کاؤ سوئے بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزاء: چکن (بغیر ہڈی اور چھوٹی بوٹیاں) آدھا کلو، ایگ نوڈلز (اُبلے ہوئے) ایک پیکٹ، نمک حسب ِ ذائقہ، ادرک پسا ہوا ایک چھوٹا چمچہ، ثابت لہسن حسب ِ منشاء، پیاز ایک عدد، ٹماٹر ۲؍ عدد، کٹی ہوئی لال مرچ ایک بڑا چمچہ، بیسن ۲؍ بڑے چمچے، کوکونٹ ملک ۲؍ پیالی، ہلدی ایک چھوٹا چمچہ، بھنا ہوا سفید زیرہ ایک چھوٹا چمچہ، ثابت لال مرچ ۳؍ سے ۴؍ عدد، سموسے کی پٹیاں حسب ِ ضرورت، ہری مرچ ۴؍ سے ۶؍ عدد، ہرا دھنیا آدھی گٹھی، کڑی پتہ حسب ِ پسند، تیل حسب ِ ضرورت۔
بنانے کا طریقہ: کڑاہی میں ۲؍ بڑے چمچے تیل میں پیاز کو فرائی کریں، اس میں نمک، ادرک، لال مرچ، زیرہ اور چکن کی بوٹیاں ڈال کر بھونیں۔ پھر اس میں ٹماٹر اور تھوڑا سا کڑی پتہ ڈال کر ہلکی آنچ پر دم پر رکھ دیں۔ چکن اچھی طرح گل جائے تو بھون کر چولہے سے اتار لیں۔ اس کے بعد بیسن کو چھان کر کوکونٹ ملک میں ملائیں اور اس میں ہلدی اور کٹی ہوئی ہری مرچ ڈال کر ہلکی آنچ پر اتنی دیر پکائیں کہ تھوڑی سی گاڑھی کڑھی بن جائے۔ تین سے ۴؍ بڑے چمچے تیل میں باریک کٹا ہوا لہسن، کڑی پتہ اور لال مرچ ڈال کر کڑکڑالیں اور کڑھی پر ڈال کر اس میں نمک شامل کر لیں۔ اس ڈش کو پیش کرنے کے لئے بڑے پلیٹر میں ابلے ہوئے نوڈلز پھیلا کر رکھیں اور اس پر بھنا ہوا چکن ڈال دیں۔ ساتھ میں کوکونٹ کڑھی کو علاحدہ پیالے میں نکالیں اور ساتھ ہی خستہ فرائی کیا ہوا لہسن، سموسے کی پٹیاں اور باریک کٹی ہری مرچ اور ہرا دھنیا رکھ کر پیش کریں۔