چکن ریشمی دال بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
EPAPER
Updated: April 14, 2026, 9:09 AM IST | Mumbai
چکن ریشمی دال بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزاء: چکن آدھا کلو، مسور کی دال ایک پیالی، نمک حسب ِ ذائقہ، ادرک لہسن کا پیسٹ ایک بڑا چمچہ، پسی ہوئی لال مرچ ایک بڑا چمچہ، ہلدی ایک چھوٹا چمچہ، پیاز ۲؍ عدد درمیانی، ٹماٹر ۲؍ عدد (درمیانے)، ثابت کالی مرچ ۴؍ سے ۶؍ عدد، فریش کریم ایک پیالی، تیل آدھی پیالی۔
بنانے کا طریقہ: چکن کو دھو کر فرائنگ پین میں ڈالیں اور اس میں ۲؍ بڑے چمچے تیل، کالی مرچ اور ایک موٹی کٹی ہوئی پیاز ڈال کر ۲؍ سے ۳؍ منٹ درمیانی آنچ پر بھونیں۔ اس میں ۲؍ پیالی پانی ڈال کر اُبال آنے دیں پھر ہلکی آنچ پر اتنی دیر پکائیں کہ پانی ایک پیالی رہ جائے۔ یخنی کو چھان کر علاحدہ رکھ لیں۔ دال کو دھو کر ۱۰؍ سے ۱۵؍ منٹ کے لئے بھگو کر رکھیں، پھر اس میں ۲؍ بڑے چمچے تیل اور ہلدی ڈال کر پکنے رکھ دیں۔ ہلکی آنچ پر پکاتے ہوئے جب دال گل جائے اور پانی خشک ہوجائے تو اسے لکڑی کے چمچے سے ہلکا گھوٹ لیں۔ فرائنگ پین میں تیل کو درمیانی آنچ پر گرم کریں اور اس میں باریک کٹی ہوئی پیاز کو ہلکا سا فرائی کریں، پھر اس میں ادرک لہسن، لال مرچ اور کٹے ہوئے ٹماٹر ڈال کر بھونیں۔ جب ٹماٹر گل جائیں تو اس میں چکن کو ڈال کر بھونیں اور ساتھ ہی دال بھی شامل کر دیں۔ آدھی پیالی فریش کریم کو پھینٹ کر اس میں تھوڑی تھوڑی کرکے یخنی شامل کر دیں اور اسے پکتی ہوئی چکن میں شامل کرکے ملائیں۔ ۵؍ سے ۷؍ منٹ کیلئے ہلکی آنچ پر دم پر رکھ دیں۔ گرم گرم ڈش میں نکال کر اوپر سے پھینٹی ہوئی کریم سے سجائیں اور حسب ِ پسند پراٹھے یا نان کے ساتھ دسترخوان پر پیش کریں۔