کوکونٹ دال بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
EPAPER
Updated: January 15, 2026, 8:34 PM IST | Mumbai
کوکونٹ دال بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزاء: مسور کی دال ایک پیالی، کوکونٹ مِلک آدھی پیالی، نمک حسب ِ ذائقہ، کچلا ہوا لہسن ایک چھوٹا چمچہ، پیاز ایک عدد درمیانی، پسی ہوئی لال مرچ ایک چھوٹا چمچہ، پسا ہوا دھنیا ایک چھوٹا چمچہ، سفید زیرہ ایک چھوٹا چمچہ، ہلدی پاؤڈر آدھا چھوٹا چمچہ، پسا ہوا گرم مسالہ آدھا چھوٹا چمچہ، ٹماٹر ۲؍ عدد درمیانی، کڑی پتہ حسب ِ منشاء، تیل ۴؍ بڑے چمچے۔
بنانے کا طریقہ: دال کو دھو کر ایک پیالی گرم پانی میں ۱۵؍ سے ۲۰؍ منٹ بھگو کر رکھ دیں۔ پیاز اور ٹماٹر کو باریک کاٹ کر رکھ لیں۔ پھر اس دال کو درمیانی آنچ پر اُبالنے رکھیں اور اُبال آنے پر اس کی آنچ ہلکی کرکے اس میں کوکونٹ مِلک اور پسی ہوئی لال مرچ شامل کر دیں۔ ہلکی آنچ پکتے ہوئے جب دال گلنے پر آجائے تو اسے لکڑی کے چمچہ کی مدد سے گھوٹ لیں۔ علاحدہ فرائنگ پین میں تیل کو درمیانی آنچ پر ۲؍ سے ۳؍ منٹ گرم کریں اور اس میں کڑی پتے ڈال کر کڑکڑا لیں۔ پھر پیاز ڈال کر فرائی کریں اور جب پیاز ہلکی سنہری ہونے پر آجائے تو اس میں لہسن ڈال کر ایک سے ۲؍ منٹ فرائی کریں۔ اس میں ٹماٹر ڈال کر تھوڑا سا فرائی کریں اور ساتھ ہی ہلدی، دھنیا اور زیرہ ڈال کر اچھی طرح خوشبو آنے تک مسالہ بھون لیں۔ اس مسالے کو دال میں ڈال کر اچھی طرح ملائیں اور آدھی پیالی پانی ڈال کر نمک اور گرم مسالہ چھڑک دیں۔ ڈھانک کر ہلکی آنچ پر دم پر رکھ دیں۔ ۵؍ سے ۷؍ منٹ دم پر رکھنے کے بعد گرم گرم ڈش میں نکالیں اور تازہ کڑی پتے چھڑک کر اُبلے ہوئے چاولوں کے ساتھ پیش کریں۔