پالک پنیر کوفتہ بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
EPAPER
Updated: February 05, 2026, 10:03 PM IST | Mumbai
پالک پنیر کوفتہ بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزاء: پالک ۶۰۰؍ گرام، ہری مرچ ۴؍ عدد، لہسن ۸؍ جوئے، کارن فلور ۳؍ بڑے چمچے، نمک حسب ِ ذائقہ، پنیر ۱۲۵؍ گرام، ٹماٹر کی پیوری (گریوی کے لئے) حسب ِ منشاء، مکھن ۳؍ بڑے چمچے، لونگ ۶؍ عدد، چھوٹی الائچی ۴؍ عدد، تیز پات ۴؍ عدد، ادرک کا پیسٹ ایک بڑا چمچہ، لہسن کا پیسٹ ایک بڑا چمچہ، ٹومیٹو پیوری ۲؍ کپ، لال مرچ پاؤڈر ایک بڑا چمچہ، شکر ۳؍ بڑے چمچے، قصوری میتھی آدھا چھوٹا چمچہ، فریش کریم ایک کپ، نمک حسب ِ ذائقہ، ہرا دھنیا باریک کٹا ہوا ۲؍ بڑے چمچے، گرم مسالہ پاؤڈر آدھا چھوٹا چمچہ، تیل تلنے کے لئے۔
بنانے کا طریقہ: پالک کو اچھی طرح دھو کر گرم پانی میں اُبال لیں اور ٹھنڈے پانی میں ڈال کر کچھ دیر بعد پانی نتھار لیں۔ پالک اور آدھی ہری مرچوں کو اچھی طرح چوپ کرکے اس میں نمک، چوپ کیا ہوا لہسن اور کارن فلور اچھی طرح ملائیں اور اس آمیزے کے بارہ حصے برابر کر لیں۔ پنیر کو کدوکش کرکے اس میں نمک ملائیں اور اچھی طرح گوندھنے کے بعد بارہ گولیاں بنا لیں۔ اب پالک کا ایک ایک حصہ اپنے ہاتھ کی ہتھیلی پر رکھ کر اس میں پنیر کی گولیاں رکھ کر کوفتوں کی شکل دے دیں۔ مناسب گرم تیل میں ان کوفتوں کو پانچ منٹ تک تلیں اور نکال کر ایک طرف رکھ لیں۔ ایک برتن میں مکھن گرم کرکے اس میں تمام ثابت گرم مسالہ شامل کریں اور جب یہ چٹخنے لگے تو ادرک لہسن کا پیسٹ اور باقی ہری مرچیں ڈال کر دو منٹ تک بھونیں۔ ٹماٹر پیوری ڈال کر لال مرچ پاؤڈر، گرم مسالہ پاؤڈر اور نمک بھی شامل کریں اور ایک کپ پانی ڈال کر پکنے دیں۔ اُبال آنے پر آنچ ہلکی کرکے ۱۰؍ منٹ تک پکائیں۔ پھر شکر، قصوری میتھی اور فریش کریم ملا کر اسے گریوی کے اوپر ڈالیں اور کوفتے درمیان سے دو حصے کرکے رکھ دیں مگر مزید نہ پکائیں کیونکہ کوفتے ٹوٹ جائیں گے۔ لیجئے ذائقہ دار پالک پنیر کوفتے تیار ہیں۔ پراٹھے کے ساتھ لطف اٹھائیں۔