• Tue, 23 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سیرو سیاحت؛ صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں

Updated: June 08, 2022, 11:50 AM IST | Shaikh Saeedah Unsari | Mumbai

جب سیر و تفریح کیلئے تیاری کی جاتی ہے تب پورے گھر والوں کی خوشی دیکھنے لائق ہوتی ہے۔ ہر کسی کو گھومنا پھرنا پسند ہوتا ہے مگر کیا آپ یہ بات جانتے ہیں کہ سیر و تفریح سے کئی صحت سے متعلق فوائد حاصل ہوتے ہیں؟ جی ہاں! ماہرین کا کہنا ہے کہ سال میں ایک بار سیاحت کیلئے نکلنا دل و دماغ پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے

Exploring different places and new experiences reduces your fears.Picture:INN
مختلف جگہوں کی سیر اور نئے تجربات کرکے آپ کے خوف میں کمی آتی ہے۔ تصویر: آئی این این

منشی امیر اللہ تسلیم کا شعر ہے؎
صبح ہوتی ہے شام ہوتی ہے
یوں ہی عمر تمام ہوتی ہے
 یکسانیت سے بھرے صبح و شام سے کچھ وقت کے لئے اپنے آبائی علاقے سے کہیں دور دراز کے مقامات کی سیر و سیاحت کو جانا اپنے آپ میں ’’انرجی بوسٹر‘‘ کہلاتا ہے۔ ریسرچ کے مطابق، سیر و سیاحت ذہنی تناؤ، بے چینی اور ڈپریشن کو ختم کرنے کا بہترین علاج ہے۔ جسم میں ڈوپامین اور سیروٹین نامی ہارمونس کی افزائش کو فروغ ملتا ہے جو ’’ہپی ہارمونس‘‘ کہلاتے ہیں جس کی بدولت صحت پر بڑے ہی اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ سیر و سیاحت نئے علاقے، نئے انداز، نئی تہذیب، نئی طرز زندگی کو کھوجنے یا جاننے کا ایک بہترین ذریعہ ہے تاکہ زندگی کو نیا پن مل سکے۔ انسان کے اندر اہلیت کا خزانہ ہوتا ہے ہمیں اس کا اندازہ ہی نہیں ہوتا کہ ہم میں کیا کیا صلاحیتیں پوشیدہ ہیں۔ سیر و سیاحت کے دوران جب مختلف حالات سے دو چار ہوتے ہیں تو اپنی اہلیت کا اندازہ ہوتا ہے کہ ہم کیا کیا کرسکتے ہیں خود سے خود کی پہچان ہوتی ہے۔ سیر و سیاحت کے دوران صبر و تحمل، قوت برداشت اور خود اعتمادی کو فروغ ملتا ہے۔ سیر و سیاحت میں ہم صرف اور صرف حال میں محو رہتے ہیں۔ ماضی اور مستقبل کے حدود سے آزادی ملتی ہے۔ حال میں رہنے کا ایک بہترین موقع ملتا ہے۔ ماہر تعلیم پیٹر ڈرکر کے مطابق، زندگی ایک لگاتار سیکھنے کا عمل ہے جو رسمی اور غیر رسمی طریقہ تعلیم پر مبنی ہوتا ہے۔ رسمی طریقہ تعلیم تو محدود ہوتا ہے جبکہ غیر رسمی طریقہ تعلیم ساری زندگی پر محیط ہوتا ہے اور سیر و سیاحت غیر رسمی طریقہ تعلیم کا ایک ناقابل فراموش ذریعہ ہے۔ زمانے قدیم سے ہی سیاحت کو نئی تہذیب، نئے جگہوں کو کھوجنے کا ایک اہم ذریعہ مانا جاتا رہا ہے۔ مشہور سیاح کولمبس، مارکو پولو، واسکو ڈی گاما اور ہیون سانگ کے نام قابل ذکر ہیں جنہوں نے دنیا کے مختلف مقامات کو کھوجنے اور نئی تہذیب کو متعارف کرانے میں اپنی زندگی وقف کر دی۔
 مشہور سیاح ابن بطوطہ کے مطابق، سیر و سیاحت آپ کو ’’اسپیچ لیس‘‘ کر دے گی یعنی خاموش کر دے گی بعد میں آپ کو ایک ’’اسٹوری ٹیلر‘‘ یعنی قصہ گو بنا دے گی۔
 اپنے ملک کو ہی لیں۔ یہاں پر تو ہر ۱۰۰؍ کلومیٹر یا اس سے بھی کم فاصلے پر تہذیبیں بدلتی ہیں۔ زبانیں بدلتی ہیں۔ رنگ و روپ بدلتے ہیں۔ پکوان کے منفرد ذائقے بدلتے ہیں۔ سیر و سیاحت کے دوران نظاروں سے متعارف ہونا ایک ناقابل فراموش تجربہ ہے۔ ہر خطہ، ہر تہذیب، ہر طرح کی رنگا رنگی کثرت میں وحدت کا جو نمونہ پیش کرتی ہے تو بے اختیار دل کہہ اٹھتا ہے:
سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا
ہم بلبلیں ہیں اس کی یہ گلستاں ہمارا
 جب آپ سیر و تفریح کے بعد لوٹتے ہیں تو ایک نیا پن ایک تبدیلی کو اپنے اندر محسوس کرتے ہیں۔ زندگی میں انسانیت کی بقاء کے لئے ایک دوسرے کے جذبات کا خیال رکھنے اور ایک دوسرے کے قدروں کا احترام کرنے پر منحصر ہے کا جذبہ فروغ پائے گا۔
 سیر و سیاحت کے ذریعے آپ کو مندرجہ بالا فوائد حاصل ہوتے ہیں:
 ماہرین کے مطابق، جب آپ سیر و تفریح کا پروگرام بناتے ہیں تب آپ بہت زیادہ خوشی محسوس کرتے ہیں جس سے دل بہتر طریقے سے کام کرنے لگتا ہے۔
 سیاحت دل کے ساتھ ساتھ دماغی کارکردگی میں بھی اضافہ کرتی ہے اور آپ کا دماغ پہلے کے مقابلے میں فعال اور چیزوں پر زیادہ توجہ مرکوز کرنے کے قابل ہوجاتا ہے۔
 مختلف جگہوں کی سیر اور نئے تجربات کرکے آپ کے خوف میں کمی آتی ہے۔ آپ دنیا کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہوتے ہیں۔ 
سیر و سیاحت آپ کی تخلیقی صلاحیت میں اضافہ کرتی ہے۔ آپ شاعر ہوں، ادیب ہوں، مصور ہوں یا فوٹوگرافر ہوں یا کوئی اور تخلیقی کام کرتے ہوں، قدرتی مناظر کی سیاحت آپ کے ذہن کے نئے دریچے وا کرتی ہے اور آپ کی تخلیقی صلاحیت بہتر ہوتی جاتی ہے۔
 نت نئے لوگوں سے ملنا، ان کی کہانیاں سننا، ان کے رہن سہن کا مشاہد ہ کرنا اور ان کے تجربات سے فائدہ اٹھانے سے آپ کی ذہنی استعداد میں اضافہ ہوتاہے۔ دنیا سمجھنے کا موقع ملتاہے۔
نت نئے مقامات کے سفر کا مطلب ہے نت نئے لوگوں سے ملاقات، ان کے رسوم ورواج سے آگاہی اور مزے مزے کے کھانے۔ اس سے آپ کی ذہنی صحت بہتر ہوتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK