Inquilab Logo

رشتوں میں چاشنی برقرار رکھنے کا کیا راز ہے؟

Updated: October 14, 2020, 11:35 AM IST | Anita Singh

رشتے جینے کا سبب ہوتے ہیں .... رشتوں کے بغیر زندگی کا تصور ہی نہیں کیا جاسکتا۔ ایسے میں اگر اس میں اپنے پن کی چاشنی گھل دی جائے تو زندگی اور بھی خوشگوار بن جاتی ہے مگر رشتوں کو سنبھالنا اتنا آسان نہیں ہوتا ۔ تھوڑی بہت قربانی دینی پڑتی ہے تب کہیں جاکر اصل رشتے کی پہچان ہوتی ہے

Family - PIC : INN
فیملی ۔ تصویر : آئی این این

رشتے، زندگی کو خوشنما بناتے ہیں، رشتے اپنے پن کا احساس کراتے ہیں، رشتے پل میں جڑ جاتے ہیں، یہ رشتے جینے کا سبب ہوتے ہیں .... رشتوں کے بغیر زندگی کا تصور ہی نہیں کیا جاسکتا۔ ایسے میں اگر اس میں اپنے پن کی چاشنی گھل دی جائے تو زندگی اور بھی خوشگوار بن جاتی ہے۔ آیئے جانیں رشتوں میں چاشنی برقرار رکھنے کا راز:
ز سب سے پہلے رشتے کی ضرورتوں کو سمجھیں جو رشتہ آپ نبھانے جا رہے ہیں۔ وہ کتنا اہم ہے آپ کے لئے، اس بات کو سمجھیں۔
ز دوسری ضروری چیز یہ ہے کہ آپ اپنے رشتوں کو وقت دیں۔ یہ کافی پرانا طریقہ ہے مگر ۱۰۰؍ فیصد کارگر ہے۔ ساتھ وقت گزارنے کے لئے آپ ساتھ باہر کھانا کھا سکتے ہیں۔ ساتھ ٹی وی دیکھ سکتے ہیں یا پھر باتیں کرسکتے ہیں۔
ز لمس کا جادو.... (ٹچ تھیراپی) کیا آپ نے اس کے بارے میں سنا ہے؟ یہ سائنسی طور پر ثابت بھی ہوچکا ہے کہ لمس (ٹچ) کسی بھی رشتے میں جادو کا کام کرتا ہے۔ اگر بچہ بیمار ہے تو ڈاکٹر بھی یہ صلاح دیتے ہیں کہ والدین بچے کو ’ٹچ تھیراپی‘ دیں۔ لمس سبھی رشتوں میں بہت اہم ہے۔
ز جب اپنے عزیزوں یا رشتہ داروں کے ساتھ ہوں تو رسمی انداز میں بات نہ کریں۔ غیر رسمی بات چیت سے آپ اور قریب آتے ہیں۔ مثال کے طور پر ’’آپ کیسے ہیں؟‘‘ کی جگہ آپ پوچھ سکتے ہیں ’’بہت دنوں کے بعد آپ سے ملاقات ہوئی، کیا حال چال ہیں؟‘‘
ز تحفہ کسی بھی رشتے میں نئی جان ڈال سکتے ہیں۔ بگڑی بات بنا سکتے ہیں۔ تحفہ سستا ہو یا مہنگا، یہ اہمیت نہیں رکھتا۔ آپ اسے کس جذبے سے دے رہے ہیں، وہ اہمیت رکھتا ہے۔ تحفہ ظاہر کرتا ہے کہ آپ اپنوں کا کتنا خیال رکھتے ہیں۔ اگر تحفہ غیر متوقع طور پر اور بغیر کسی خود غرضی کے دیا جائے تو خوشی دگنی ہوجاتی ہے۔
ز آپ اپنے رشتے داروں اور عزیزوں کیلئے ایک چھوٹی سی تقریب کا انعقاد کرسکتے ہیں۔
ز تھوڑا وقت نکال کر اپنے ماں باپ، بھائی بہنوں وغیرہ کے ساتھ بیٹھ کر پرانے فوٹو البم دیکھیں۔ اپنے عزیزوں کے ساتھ گزارے ہوئے وقت کی یہ تصاویر دیکھ کر لطف آئے گا اور پرانی یاد تازہ کرکے رشتے مستحکم ہوں گے۔
ز ساتھ کھانا ضرور کھائیں۔ بہتر رشتوں کے لئے دن میں کم سے کم ایک بار ساتھ کھانا بہت ضروری ہے۔ کھانے کے ٹیبل پر گھروالوں سے متعلق باتیں کریں۔
ز رشتوں میں آپ کی طرف سے اگر اُمیدیں کم اور ذمہ داری کا بوجھ زیادہ ہوگا تو رشتے اپنے آپ میٹھے ہوتے جائیں گے۔
ز ہفتے میں کم سے کم ایک بار اپنے سبھی رشتے داروں سے فون یا انٹرنیٹ سے بات کریں۔
ز کسی بھی رشتے کو نبھاتے وقت اپنی انا کو بیچ میں نہ آنے دیں۔
ز اپنی پروفیشنل لائف کو دفتر تک ہی محدود رکھیں۔ اسے اپنے گھر کے اندر نہ لائیں۔
ز جب آپ اپنے عزیزوں کے ساتھ ہوں تو کمپیوٹر یا فون کا استعمال کم سے کم کریں۔
ز کسی بھی صورتحال میں رشتوں میں بات چیت کا سلسلہ بند نہ ہونے دیں۔ خاموشی رشتے کو ختم کر دیتی ہے۔ اگر کوئی رشتہ بگڑ رہا ہو تو اسے بات چیت سے بہتر بنائیں۔
ز کسی سے بات کرتے وقت یا اپنی بات کسی کے سامنے پیش کرتے وقت اس چیز کا خاص خیال رکھیں کہ ہر کسی کا عزت نفس ہوتا ہے اور اسے آپ غلطی سے بھی تکلیف نہ پہنچائیں۔
ز اچھا سننے والا بنیں۔ ایک اچھے رشتے کے لئے یہ بہت ضروری ہے کہ سامنے والے کی باتوں کو صبر کے ساتھ سنا اور سمجھا جائے۔
ز کسی بھی رشتہ دار سے ملتے وقت دل میں احساسِ کمتری کا جذبہ یا کسی بات کا گھمنڈ ہرگز نہ آنے دیں۔
ز اگر آپ اپنے رشتے داروں اور دوستوں کو نام سے یاد رکھیں اور کسی تقریب میں نام سے مخاطب کریں تو انہیں بہت اچھا محسوس ہوگا۔
ز اگر آپ وقتاً فوقتاً بڑوں کا ادب اور چھوٹوں کو پیار دیتے رہیں گے تو رشتے مستحکم ہوتے جائینگے۔
ز ہر رشتے کے اپنے مسائل ہوتے ہیں مگر کسی بھی حال میں آپ کو طیش میں نہیں آنا ہے۔ اپنے جذبات اور غصے پر قابو میں رکھیں۔
ز آج کا سب سے بڑا مسئلہ معاشی پریشانیاں ہے لیکن یہ دھیان رہے کہ آپ کی معاشی پریشانیاں کسی بھی رشتے اور خاص کر میاں بیوی کے رشتے پر حاوی نہ ہونے دیں کیونکہ آپ کی پریشانیاں تو دیر سویر سلجھ ہی جائیں گی مگر رشتے نہیں۔
ز رشتوں میں معافی کافی اہمیت رکھتا ہے، اس لئے معاف کرنا اور اپنے کسی غلط رویہ کے لئے معافی مانگنا بھی سیکھیں۔
ز بدزبانی یا لڑائی جھگڑے سے دور رہیں۔
ز گھر کے بچوں کو بھی رشتوں کی اہمیت سمجھائیں اور بڑوں کی تمیز کرنا سکھائیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK