Inquilab Logo

الفاظ سے خوشبو ترے کردار کی نکلی

Updated: October 19, 2020, 2:47 PM IST | Kanchan SIngh

دراصل زندگی کے ہر شعبے میں کامیاب ہونے کے لئے یہ بہت ضروری ہے کہ آپ کی زبان میں نرمی اور خوبصورت الفاظ ہوں۔ دفتر میں باس اور ساتھی سے لے کر گھر میں شریک حیات اور بچوں تک، ہر جگہ بولتے وقت الفاظ پر دھیان دینا ضروری ہے

Women
اگر آپ کے الفاظ مثبت اور خوبصورت ہیں تو ہر جگہ آپ کی شبیہ اچھی بنے گی

ہمارے دل میں کسی کے لئے کیا جذبہ ہیں اس سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے اس کے لئے کہے ہمارے الفاظ۔ الفاظ کی بہت اہمیت ہوتی ہے۔ آپ کسی سے بات کرتے وقت کیسے بولتے ہیں اس سے نہ صرف آپ کی شخصیت کا پتہ چلتا ہے بلکہ سامنے والے پر بھی اس کا گہرا اثر ہوتا ہے۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے نہ رہنے پر بھی لوگ آپ کو یاد رکھیں تو بہترین الفاظ کا ذخیرہ رکھیں، انہیں نرم انداز میں کہیں کیونکہ الفاظ میں بہت طاقت ہوتی ہے۔
باتیں یاد رہ جاتی ہیں
 ۸۴؍ سال کی عمر میں دنیا کو الوداع کہنے والے سابق صدرجمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے جانے کے بعد لوگ ان کے کام سے زیادہ ان کی کہی باتوں کو یاد کر رہے ہیں۔ ان کی باتیں لاکھوں کروڑوں لوگوں کے لئے مشعل راہ ہے۔ ان کے الفاظ میں ایسا جادو تھا کہ سننے والا متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا تھا۔ آج بھلے ہی وہ لوگوں کے درمیان نہیں ہیں مگر ان کے کہے الفاظ ہمیشہ لوگوں کے دل و دماغ میں زندہ رہیں گے۔ ان کے مطابق، خواب وہ نہیں ہوتے ہیں جو سونے نہیں دیتے بلکہ وہ ہوتے ہیں جو آپ کو سونے نہ دیں۔ ان کی ایسی ہی ہزاروں متاثر کن باتیں نئی نسل کا جوش و خروش بڑھاتی ہے۔
 اگر آپ بھی چاہتی ہیں کہ آپ کے پیچھے لوگ آپ کو دل سے یاد کریں تو کسی سے کچھ کہنے سے پہلے اپنے الفاظ کو سنبھالیں اور اسے نرم انداز میں کہنے کی کوشش کریں۔ اکثر ساس بہو کے درمیان اختلاف یہی ہوتا ہے کہ وہ دونوں ایک دوسرے پر تنقید کرتی رہتی ہے۔ اگر ساس اپنی بات نرم انداز میں کہیں تو آدھے مسائل ہو جائیں گے۔ یہی بات بہو پر بھی عائد ہوتی ہے کہ وہ تھوڑا سمجھداری سے کام لیں تو گھر میں جھگڑے لڑائی ہی نہ ہو۔ 
شخصیت کا آئینہ
 الفاظ میں اتنی طاقت ہوتی ہے کہ وہ آپ کی شخصیت نکھار سکتی ہے اور بگاڑ بھی۔ جب آپ کسی ایسے شخص سے ملتے ہیں جو بہت عزت و احترام سے بات کرتا ہے تو آپ فوراً اس سے متاثر ہو جاتے ہیں۔ اس وقت آپ اس کے خیالات/ احساسات سے واقف نہیں ہیں مگر اس کے الفاظ کا جادو آپ پر ایسا چل جاتا ہے کہ آپ کی نظر وں میں وہ نیک انسان بن جاتا ہے۔ دوسری جانب پہلی ملاقات میں اگر کوئی انسان آپ سے بے رخی سے بات کرے تو دوبارہ اس سے ملنا تو دور آپ اس کا ذکر بھی پسند نہیں کریں گے اور ایسا انسان آپ کی نظروں میں ’غصیل‘ کہلائے گا۔ آپ کے کہے الفاظ ہی ہیں جو آپ کو لوگوں کا عزیز یا ناپسندیدہ بناسکتے ہیں۔ اب فیصلہ آپ کے ہاتھ میں ہے کہ آپ کیا بننا چاہتے ہیں۔
 مثال کے طور پر اگر بچہ شرارت کر رہا ہے تو اس تو ڈانٹا جائے تو وہ منہ پھولا کر بیٹھ جاتا ہے مگر یہی کام محبت سے لیا جائے تو آپ کا کام بن جاتا ہے۔ ’’کیا دن بھی شرارت کرتے رہتے ہیں.... جاؤ جلدی سے اپنےکمرے میں.... ورنہ مار پڑے گی۔‘‘ اگر یوں کہا جائے کہ ’’بیٹا! ہر وقت شرارت نہیں کرتے، آپ اچھے بچے ہو نا، گڈ بوائے.... جاؤ تھوڑا پڑھائی کر لو، پھر شام میں کھیلیں گے.....‘‘ دوسرا جملہ سن کر بچہ یقیناً آپ کی بات مانے گا۔
مشکل کام بنائے آسان
 اگر آپ کسی کسی شخص سے کوئی کام کروانا ہے تو وہاں بھی الفاظ بہت اہم ہوجاتے ہیں۔ اگر آپ اس سے پلیز سر/ میڈم کرکے نرمی سے بات کرتے ہیں تو آپ کا کام ضرور ہوجائے گا۔ اس کے برعکس اگر آپ اپنی طاقت یا کسی اور چیز کا دھونس جماتے ہوئے بے رخی سے کہیں گے تو ہوسکتا ہے سامنے والا آپ کا کام کرنے سے انکار کر دے یا جان بوجھ کر دیر کرے۔ دراصل زندگی کے ہر شعبے میں کامیاب ہونے کے لئے یہ بہت ضروری ہے کہ آپ کی زبان میں نرمی اور خوبصورت الفاظ ہوں۔ دفتر میں باس اور ساتھی سے لے کر گھر میں شریک حیات اور بچوں تک، ہر جگہ بولتے وقت الفاظ پر دھیان دینا ضروری ہے۔ اگر آپ کے الفاظ مثبت اور خوبصورت ہیں تو ہر جگہ آپ کی شبیہ اچھی بنے گی۔ بچے بھی آپ کی تقلید کرتے ہوئے اچھے انسان بنیں گے۔ اتنا ہی نہیں کسی سے نرم لہجے میں بات کرنے پر آپ کا من بھی پُرسکون اور خوش رہتا ہے اور جب آپ اندر سے خوش رہیں گے تو آپ کو ہر چیز اچھی لگے گی، ہر کام من لگا کر کریں گے۔ ایسے میں ظاہر ہے آپ کو اپنے شعبے میں کامیابی بھی ملے گی۔ کیا کبھی آپ نے محسوس کیا ہے کہ کسی سے سختی یا بدتمیزی سے بات کرنے یا کسی کو جھڑک دینے پر آپ کا دل بے چین ہو جاتا ہے۔ آپ یکسوئی کے ساتھ کام پر توجہ نہیں دے پاتے، ہر وقت یہی خیال آتا ہے کہ مَیں نے ناحق اس کو الٹا سیدھا کہہ دیا۔ لہٰذا جب سخت الفاظ سامنے والے کے ساتھ ہی آپ کو بھی بے چین کر دیتے ہیں تو بھلا کیوں نہ ایسے الفاظ سے دور ہی رہا جائے اور خوبصورت الفاظ سے لوگوں کا دل جیتنے کے ساتھ ہی اپنی شخصیت نکھارنے کی کوشش کی جائے۔ یقین نہ آئے تو آزما کر دیکھ لیجئے، آپ کو لفظوں کا جادو نظر آجائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK