• Tue, 17 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سالِ رفتہ ۲۰۲۵ء: ذہنی صحت اور تندرستی کے نمایاں رجحانات

Updated: January 01, 2026, 2:02 PM IST | Mumbai

۲۰۲۵ء میں ذہنی صحت اور تندرستی (Mental Health & Wellness) کے حوالے سے کئی نئے رجحانات سامنے آئے ہیں، جنہیں خاص طور پر مشہور شخصیات کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کئے گئے ویڈیوز اور تجربات نے مقبول بنایا۔ یہ رجحانات دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوئے اور بہت سے افراد نے ذہنی سکون، دباؤ میں کمی اور مجموعی تندرستی کیلئے انہیں اپنانا شروع کر دیا۔ تاہم، ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر رجحان ہر فرد کیلئےیکساں مفید نہیں ہوتا، اس لئے احتیاط اور درست رہنمائی ضروری ہے۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

کولڈ پلنجنگ (Cold Plunging / Contrast Therapy)
کولڈ پلنجنگ کو کونٹراسٹ تھیراپی (Contrast Therapy) بھی کہا جاتا ہے۔ اس طریقے میں افراد ۱۰؍ سے ۱۵؍ ڈگری سیلسیس کے ٹھنڈے پانی یا برف میں نہاتے ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق اس عمل سے جسمانی سوزش (Inflammation) اور خون کی نالیوں کی سوزش کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ جسم میں سوزش بڑھنے سے گھبراہٹ، بے چینی اور ذہنی عدم توازن پیدا ہو سکتا ہے، اسی لئے سوزش کم کرنے کیلئے کولڈ پلنجنگ کو مفید سمجھا جا رہا ہے۔

کرایو تھیراپی (Cryotherapy)
کرایو تھیراپی میں جسم کے مخصوص حصے یا پورے جسم کو انتہائی کم درجہ حرارت میں رکھا جاتا ہے، جس کیلئے عموماً نائٹروجن یا آرگون گیس استعمال کی جاتی ہے۔ اس تھیراپی کا مقصد درد، سوجن اور جلن کو کم کرنا ہوتا ہے۔ طبی میدان میں کرایو تھیراپی کا استعمال بعض صورتوں میں کینسر کے علاج میں بھی کیا جاتا ہے، جہاں مردہ یا غیر ضروری خلیات کو منجمد کر کے جسم سے نکالا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سالِ رفتہ ۲۰۲۵ء: باکس آفس پر سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ۱۰؍ ہالی ووڈ فلمیں

اے آئی تھیراپی (AI Therapy)
اے آئی چیٹ بوٹس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے باعث اے آئی تھیراپی ایک نیا رجحان بن کر سامنے آئی ہے۔ اس میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی ماڈلز سے ذہنی دباؤ، پریشانی یا جذباتی مسائل کے بارے میں مشورہ لیا جاتا ہے۔ کچھ لوگوں کا ماننا ہے کہ یہ طریقہ ابتدائی رہنمائی میں مددگار ہو سکتا ہے، تاہم ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ پیچیدہ ذہنی مسائل میں صرف اے آئی پر انحصار خطرناک ثابت ہو سکتا ہے اور پیشہ ور ماہرِ نفسیات سے رجوع ضروری ہے۔

فوریسٹ باتھنگ (Forest Bathing / Shinrin-Yoku)
فوریسٹ باتھنگ جاپانی تکنیک شنرن-یوکو (Shinrin-Yoku) سے متاثر ہے۔ اس سے مراد جنگل میں نہانا نہیں بلکہ فطرت کے قریب کچھ وقت گزارنا ہے تاکہ انسان خود کو قدرت سے جوڑ سکے۔ اس طریقے سے ذہنی سکون، توجہ میں بہتری اور دباؤ میں کمی دیکھی گئی ہے، اسی لئے یہ رجحان دنیا بھر میں مقبول ہو رہا ہے۔

ڈجیٹل ڈیٹاکس (Digital Detox)
ڈجیٹل ڈیٹاکس ایک ایسا عمل ہے جس میں انسان روزمرہ زندگی میں کچھ وقت کیلئے موبائل فون، ٹی وی، سوشل میڈیا اور دیگر ڈجیٹل آلات سے دور رہتا ہے۔ اس دوران لوگ حقیقی زندگی کے تعلقات، فطرت اور خود اپنی ذات پر توجہ دیتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ڈجیٹل ڈیٹاکس سے ذہنی توازن بہتر ہوتا ہے اور اسکرین سے جڑے دباؤ میں کمی آتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK