صاف ستھری بے داغ جلد ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے، اگر آپ خوبصورت اور صاف و شفاف جلد چاہتی ہیں تو گھر میں شہد سے بنے یہ ۵؍ ماسک ضرور آزمائیں۔ شہد میں پروٹین، امینو ایسڈ وٹامنز، انزائمز، منرلز اور بوسٹنگ اینٹی مائیکروبیئل خصوصیات پائے جانے کے سبب یہ جلد پر استعمال کے لئے نہایت مفید ثابت ہوتا ہے، شہد کو اسکن کا ’سپر فوڈ‘ بھی کہا جا سکتا ہے۔ تصویر: آئی این این
کیل مہاسوں کے خاتمے کے لئے اگر آپ کو ایکنی کی شکایت ہے تو اس ماسک کا لازمی استعمال کریں، ایک چھوٹا چمچہ لیموں کا رس، ایک چمچہ شہد، ایک چھوٹا چمچہ میٹھا سوڈا (بیکنگ سوڈا) لے لیں۔ اب ان تینوں اجزاء کو اچھی طرح ملا کر یکجان کر لیں۔ اس فیس ماسک کو اپنے چہرے پر ۱۵؍ منٹ کے لئے لگائیں اور نیم گرم پانی سے چہرہ دھو لیں۔ یہ ایکنی کیلئے بہترین ماسک ہے، پہلے ماسک ہی سے بہترین نتائج حاصل ہوں گے۔ اس ماسک کو کم سے کم ہفتے میں دو بار ضرور لگائیں۔
حساس جلد کے لئے شہد کا استعمال حساس جلد کو موسم کی سختیوں اور سورج کی شعاعوں کے نتیجے میں جھلسنے والی جلد کے علاج کے لئے ایک چھوٹا چمچہ سبز چائے، ایک چھوٹا چمچہ شہد اور ایک چھوٹا چمچہ بادام کا تیل لے لیں، ان تینوں اجزاء کو اچھی طرح مکس کر لیں۔ اب اس ماسک کو چہرے پر ۱۵؍ منٹ کے لئے لگائیں اور نیم گرم پانی سے اچھی طرح دھو لیں۔ اس ماسک سے متاثر جلد صحتمند ہو جائے گی اور رنگ بھی صاف ہوگا۔ حساس جلد پر کوئی بھی ماسک لگانے سے قبل پیچ ٹیسٹ ضرور کرلیں۔
جلد کی رنگت ایک سی کرنے کے لئے گرمیوں میں دھوپ میں نکلنے سے چہرے، ہاتھ، پاؤں، گردن اور بازؤں کی جلد کے رنگ میں فرق آجاتا ہے جو بد نما نظر آتا ہے۔ ایسی جلد کے لئے ایک چھوٹا چمچہ لیموں کا رس، ایک چھوٹا چمچہ شہد، ایک چھوٹا چمچہ دہی اور ایک چوتھائی چمچہ ہلدی ملا لیں، اب اس فیس پیک کو چہرے، گردن، ہاتھ، پاؤں اور بازؤں پر ۲۰؍ منٹ کے لئے لگائیں اور بعد میں نیم گرم پانی سے اچھی طرح دھو لیں۔ اس فیس ماسک کو ہفتے میں ۲؍ سے ۳؍ بار استعمال کیا جاسکتا ہے۔
خشک اور کھردری جلد کیلئے خشک اور کھردری جلد اچھی نہیں لگتی ہے۔ اس سے نجات حاصل کرنے کے لئے ایک چھوٹا چمچہ پسی ہوئی دارچینی میں ایک چھوٹا چمچہ شہد ملا لیں، اب انہیں اچھی طرح سے مکس کر لیں۔ اس فیس ماسک کو چہرے پر ۱۰؍ منٹ کے لئے لگائیں اور بعد میں نیم گرم پانی سے اچھی طرح دھو لیں۔ اس فیس ماسک سے جلد نرم، ملائم اور چمکدار ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ شہد میں دہی ملا کر لگانے سے بھی جلد ہائیڈریٹ اور نرم و ملائم ہوتی ہے۔
جلد سے مردہ خلیوں کے خاتمے کیلئے ایک چھوٹا چمچہ میں پسا ہوا دلیہ ملا لیں، اب اس فیس ماسک کو ۱۵؍ منٹ کیلئے چہرے پر لگائیں، یہ فیس ماسک جلد سے اضافی تیل بننے کے عمل دھیما کرتا ہے اور جلد سے مردہ خلیوں کا خاتمہ بھی کرتا ہے۔ اس فیس ماسک میں دلئے کی جگہ چاول کا آٹا بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ چاول کے آٹے میں ہم وزن شہد ملائیں اور اب اس قدرتی اور سستے ترین اسکرب کو ایک ہفتے کے لئے فریج میں محفوظ کر لیں، ہر دوسرے دن اس سے اسکرب کریں اور چہرہ دھو لیں۔