پھلوں کا بادشاہ آم ایک فرحت بخش پھل ہے۔ قدرت نے پھلوں میں بیش بہا فوائد رکھے ہیں۔ جہاں پھل کھانے سے مجموعی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں وہیں ان کو چہرے پر بطور ماسک استعمال کرنے سے بھی جلد صاف شفاف، نرم و ملائم اور کھل اٹھتی ہے اور رنگت صاف ہوتی ہے۔ آم ایک ایسا پھل ہے جس کے گودے میں بے شمار منرلز اور وٹامنز پائے جاتے ہیں۔ آم کا گودا براہ راست جلد پر لگانے سے جلد کے متعدد مسائل حل ہوسکتے ہیں اور رنگت میں واضح نکھار آتا ہے۔ یہاں جانئے آم سے تیار فیس ماسک کے بارے میں۔ تصویر: آئی این این
آم اور دہی سے بننے والا فیس ماسک چکنی جلد کی حامل خواتین کیلئے یہ ماسک بہترین ثابت ہوسکتا ہے۔ آم کا گودا ایک بڑا چمچہ، ایک چھوٹا چمچہ دہی اور شہد لے لیں اور اب ان سب اجزاء کا اچھی طرح پیسٹ بنا لیں، اب اسے چہرے پر انگلیوں کے پوروں یا برش کی مدد سے لگائیں اور ۱۰؍ منٹ بعد چہرہ ٹھنڈے پانی سے اچھی طرح دھو لیں۔
آم اور بیسن سے بننے والا فیس ماسک آموں کا گودا ۲؍ چھوٹے چمچے، بیسن ۲؍ چھوٹے چمچے، شہد ڈیڑھ چھوٹے چمچے اور چند بادام لے لیں۔ اب ایک پلاسٹک یا کانچ کے برتن میں آم کا گودا، بیسن، پسے ہوئے بادام اور شہد اچھی طرح مکس کر لیں، اس مکسچر کی مدد سے نرمی سے چہرے پر گول دائروں میں مساج کریں، ۱۰؍ سے ۱۲؍ منٹ کے لئے لگا چھوڑ دیں، اس کے بعد پانی سے دھو لیں، اس عمل کو دن میں دو بار کیا جاسکتا ہے۔ اس فیس پیک کے لگانے سے رنگت دنوں میں صاف ہوتی ہے اور سورج سے جھلسی ہوئی جلد کا بہترین علاج ہوتا ہے۔
آم کے گودے کا فیس پیک آم کا گودا جلد کی نمی بھی بحال کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے، رنگت صاف رکھنے اور جلد کی نمی برقرار رکھنے کیلئے آم کا گودا لیں اور اس سے چہرے پر ۲؍ سے ۳؍ منٹ تک مساج کریں، پھر اسے ۵؍ منٹ کے لئے لگا چھوڑ دیں، بعد ازاں ٹھنڈے پانی سے دھو لیں، اس عمل سے جلد چمکدار، صاف نرم و ملائم اور جلد کا رنگ ایک سا ہوجائے گا، موثر نتائج حاصل کرنے کیلئے اس عمل کو ہفتے میں ۲؍ بار دہرائیں۔
آم اور عرق گلاب سے بننے والا فیس ماسک ایک پیالے میں آم کا گودا لیں۔ اس میں ایک چمچہ ملتانی مٹی، ایک چمچہ دہی اور ایک چمچہ عرقِ گلاب ڈالیں۔ اس آمیزے کو اچھی طرح پھینٹ لیں۔ اب اس پیک کو چہرے پر لگائیں۔ تقریباً ۱۰؍ سے ۱۵؍ منٹ بعد پانی سے دھو لیں۔ یہ فیس پیک گرمی کے موسم میں جلد کو نمی فراہم کرتا ہے۔
آم اور آٹے سے بننے والا فیس ماسک اس پیک کو بنانے کے لئے ایک پیالے میں آم کا گودا لیں۔ اس میں گیہوں کا ایک چمچہ آٹا ملائیں۔ اس آمیزے میں ایک چٹکی ہلدی بھی ملائیں۔ اب اسے چہرے اور گردن پر لگائیں۔ خشک ہونے کے بعد پانی سے اچھی طرح دھو لیں۔ یہ پیک سورج کی شعاعوں سے جلد کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کرتا ہے۔
آم اور شہد سے بننے والا فیس ماسک ایک پیالے میں آم کا گودا لیں، اس میں شہد اور دودھ شامل کرکے اچھی طرح ملائیں۔ اب اسے چہرے پر لگائیں۔ کچھ دیر بعد پانی سے صاف کریں۔ اس سے جلد کی گہرائی سے صفائی ہوتی ہے اور جلد ہائیڈریٹ رہتی ہے۔