نئے سال میں امن اورخوشحالی کی اُمید، عوام کے مطابق ۲۰۲۶ء میں غزہ کی تعمیرنو کا آغاز ہو گا اور حالات بہتر ہو جائیں گے۔
EPAPER
Updated: December 27, 2025, 10:59 AM IST | Gaza
نئے سال میں امن اورخوشحالی کی اُمید، عوام کے مطابق ۲۰۲۶ء میں غزہ کی تعمیرنو کا آغاز ہو گا اور حالات بہتر ہو جائیں گے۔
جنگ کے دو سال بعد غزہ میں دکھ اور امید کے ساتھ کرسمس کا تہوار منایا گیا جہاں عوام کو امید ہے کہ نیا سال امن اور تعمیرنو سے عبارت ہو گا۔ غزہ شہر کے قدیم حصے میں واقع لاطینی خانقاہ کے احاطے میں کرسمس تقریبات کے آغاز پر عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر عبادت گزار چرچ آف دی ہولی فیملی میں جمع ہوئے جہاں انہوں نے سلامتی و استحکام کے لئےدعا کی۔
اس تقریب میں موجودعیسائی مذہب کے ماننے والے فلسطینی شہری الیاس الجلدا نے ماضی کے دردناک واقعات کو یاد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ۲۰۲۳ءمیں کرسمس کے موقع پر یہ علاقہ زیر محاصرہ تھا جہاں نشانہ بازوں کی فائرنگ سے ۲؍ خواتین ہلاک ہو گئیں جبکہ۲۰۲۴ء میں کرسمس کے موقع پر عوام کو شدید بھوک اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ۲۰۲۶ء میں غزہ کی تعمیرنو کا آغاز ہو گا، حالات بہتر ہو جائیں گے اور زندگی دوبارہ معمول پر آئے گی۔ فلسطینیوں کا حق ہے کہ وہ تکلیف، قتل و غارت گری اور تباہی سے محفوظ رہتے ہوئے ایک نئی زندگی گزاریں اور موسم سرما میں سڑکوں اور خیموں میں رہنے کے بجائے اپنے گھروں کو لوٹیں۔
نوجوان خاتون امل ہلال نے کرسمس سے متعلق اپنے جذبات بیان کرتے ہوئے کہا کہ پہلے وہ جنگ ختم ہونے کی دعائیں کرتی تھیں اور اب ان کے لب پر سلامتی، امن اور محبت کی دعا ہے۔ وہ خواہش کرتی ہیں کہ تمام افراد کو جنگ سے پہلے جیسی زندگی کی جانب لوٹنے کا موقع ملے۔
جنگ کے آغاز پر بےگھر ہونے کے بعد لاطینی خانقاہ کے احاطے میں آنے والے ایک شخص نے بتایا کہ وہ انتہائی مشکل ایام دیکھ چکے ہیں اور ہر حال میں خدا کا شکر ادا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ اپنے گھر کھو چکے ہیں اور موجودہ حالات سے سمجھوتہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دل غم سے بوجھل ہیں لیکن وہ زندگی جاری رکھنا چاہتے ہیں اور بچوں کے چہروں پر خوشی لانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ کرسمس موجودہ سال سے بہتر انداز میں منائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس برس کرسمس کی تقریب سادہ تھی اور اس میں زیادہ توجہ بچوں کو خوشی فراہم کرنے پر مرکوز رہی۔ امید ہے کہ نیا سال سب کے لئے امن اور محبت کا سال ثابت ہو گا۔
غزہ شہر کے باشندے یوسف ترزی نے اس تباہی کی جانب اشارہ کیا جو غزہ میں دیگر طبقات کی طرح عیسائی برادری پر بھی نازل ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ امسال کرسمس کی تقریبات چرچ کے اندر عیسائی برادری کے افراد کے ساتھ محدود انداز میں منائی گئیں۔ امید ہے کہ اگلا کرسمس بہتر ہو گا اور تمام فلسطینی عوام امن، سلامتی اور استحکام دیکھیں گے۔ یوسف نے دعا کی کہ غزہ میں امن اور استحکام قائم ہو، تاکہ سب لوگ محبت، رواداری اور اتحاد کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔