• Fri, 20 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اشونی ویشنو کا دعویٰ ،اے آئی امپیکٹ سمٹ شاندار طور پر کامیاب رہی

Updated: February 20, 2026, 10:09 PM IST | New Delhi

انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر اشونی ویشنو نے اے آئی امپیکٹ سمٹ کو ایک شاندار کامیابی قرار دیتے ہوئے ریکارڈ شرکت، سرمایہ کاری کے بڑے وعدوں اور ہندوستان کے انسان دوست اے آئی وژن کی مضبوط عالمی توثیق پر روشنی ڈالی۔

Ashwini Vaishnaw.Photo:PTI
اشونی ویشنو۔ تصویر:پی ٹی آئی

انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر اشونی ویشنو نے جمعہ کے روز اے آئی امپیکٹ سمٹ کو ایک شاندار کامیابی قرار دیتے ہوئے ریکارڈ شرکت، سرمایہ کاری کے بڑے وعدوں اور ہندوستان کے انسان دوست اے آئی وژن کی مضبوط عالمی توثیق پر روشنی ڈالی۔
میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ پانچ لاکھ سے زائد حاضرین نے سمٹ کی نمائش کا دورہ کیا، عالمی ماہرین کے ساتھ تبادلۂ خیال کیا اور جدید ترین ایجادات کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ  عملی  طور پر دنیا کے ہر بڑے اے آئی کھلاڑی نے بڑی تعداد میں اس میں شرکت کی،  انہوں نے مزید کہا کہ اسٹارٹ اپس کو اپنا کام پیش کرنے کے لیے نمایاں مواقع دیے گئے۔
  ویشنو نے مختلف سیشنز بشمول وزارتی ڈائیلاگ، لیڈرز پلینری اور مرکزی افتتاح کے دوران ہونے والی گفتگو کے معیار کو غیر معمولی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے  مانو اے آئی یعنی انسانوں کی، انسانوں کے ذریعے اور انسانوں کے لیے اے آئی کے وژن کو عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی ملی۔ انہوں نے کہاکہ تقریباً ہر دوطرفہ ملاقات میں وزراء نے ذمہ دارانہ اور اخلاقی اے آئی کے اس تصور کی تائید کی۔
مرکزی وزیر نے اے آئی کے اس سفر میں تقریباً ۵ء۲؍ لاکھ طلباء کی شمولیت کا بھی ذکر کیا جس کے نتیجے میں گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم ہوا، انہوں نے اسے نوجوانوں میں ذمہ دارانہ اے آئی کو فروغ دینے کے حوالے سے ایک بڑا سنگ میل قرار دیا۔
سرمایہ کاری کے حوالے سے ویشنو نے بتایا کہ انفراسٹرکچر سے متعلق وعدے پہلے ہی ۲۵۰؍ ارب امریکی ڈالر س سے تجاوز کر چکے ہیں، جبکہ وینچر کیپٹل  اور ڈیپ ٹیک سرمایہ کاری کے وعدے تقریباً ۲۰؍ ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار اہم ہیں، لیکن اس سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ دنیا کو اے آئی کے نئے دور میں ہندوستان کے کردار پر اعتماد ہے۔

یہ بھی پڑھئے:باکس آفس کلیکشن اچھی ’’گوسپ‘‘ ہے، مَیں ’’اسّی‘‘ کے کلیکشن ظاہر نہیں کروں گا: انوبھو سنہا

انہوں نے مزید بتایا کہ سمٹ کے حتمی اعلامیے پر دستخط کرنے والوں کی تعداد پہلے ہی ۷۰؍ سے تجاوز کر چکی ہے، جو گزشتہ سمٹ کے۶۰؍ دستخط کنندگان سے زیادہ ہے۔ مزید وزراء کے ساتھ جاری بات چیت اور سمٹ میں ایک دن کی توسیع کے بعد یہ تعداد ۸۰؍ سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’تمام اہم ممالک اور اے آئی کے کلیدی شراکت داروں نے دستخط کر دیے ہیں،  انہوں نے مزید کہا کہ حتمی اعداد و شمار کا باضابطہ اعلان سمٹ کے اختتام پر کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھئے:انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ: اختراعی صلاحیت میں تبدیلی پر غوروخوض

مرکزی وزیر  نے نوجوان جدت طرازوں کے بات چیت کا تذکرہ کرتے ہوئے اے آئی ٹیکنالوجی کو اپنانے میں ہندوستانی نوجوانوں کی توانائی اور امید کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے پالیسی طریقۂ کار، خاص طور پر اے آئی اسٹیک کی پانچ تہوں میں صلاحیتیں پیدا کرنے کی عالمی سطح پر بھرپور تائید کی گئی ہے۔ مسٹر ویشنو نے کہا کہ کئی صنعت کاروں نے نسبتاً کم وسائل کے ساتھ تیار کردہ ہندوستانی اے آئی ماڈلز کے اعلیٰ معیار پر حیرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے اسےہندوستان کے اے آئی ایکو سسٹم کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK