• Mon, 01 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

غزہ: اسرائیلی پابندیاں فاقہ کشی اور بیماریوں میں اضافہ کا سبب: ڈبلیو ایچ او

Updated: August 28, 2025, 12:13 PM IST | New York

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے اسرائیل کی جانب سے غزہ کے محاصرے کے مہلک اثرات سے متعلق نیا انتباہ جاری کیا ہے جہاں اب لوگ فاقوں پر مجبور ہیں اور بھوک سے اموات عام ہونے لگی ہیں۔

According to the aid agency OCHA, although aid is arriving in Gaza daily, the amount is far below the needs. Photo: INN.
امدادی ادارے ’اوچا‘ کے مطابق اگرچہ غزہ میں روزانہ امداد آ رہی ہے لیکن اس کی مقدار ضروریات کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ تصویر: آئی این این۔

ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل کی جانب سے انسانی امداد کی فراہمی پر عائد کردہ رکاوٹیں برقرار رہیں اور غزہ میں متواتر اور بڑے پیمانے پر مدد نہ پہنچ سکی تو بھوک اور بیماریوں میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔ امدادی امور کیلئے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (اوچا) نے کہا ہے کہ اگرچہ غزہ میں روزانہ امداد آ رہی ہے لیکن اس کی مقدار ضروریات کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ ادارے کی نمائندہ اولگا چیریکوو نے رواں ہفتے غزہ شہر میں اقوام متحدہ کی معاونت سے چلنے والے کمیونٹی کچن کا دورہ کرنے کے بعد بتایا ہے کہ بڑے پیمانے پر کھانا تیار کرنے کے ان مراکز کو چالو رکھنے میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔ 
ناکافی امداد اور قحط
اولگا چیریکوو نے جس مرکز کا دورہ کیا وہ ضروری سامان کی عدم دستیابی کے باعث بند ہو گیا تھا لیکن ۱۰؍روز قبل اسے دوبارہ کھولا گیا ہے۔ اس کچن سے روزانہ پانچ ہزار لوگوں کو کھانا مہیا کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کھانوں کی یہ مقدار بڑی تعداد میں لوگوں کے لیے کافی نہیں تاہم غزہ میں ان دنوں لائی جانے والی امدادی خوراک کی مقدار بہت کم ہے۔ بڑے پیمانے پر غذائی مدد کی فراہمی ہی قحط کو ٹال سکتی ہے۔ دو روز قبل جنوبی غزہ کے نصر ہسپتال پر اسرائیل کے یکے بعد دیگرے دو حملوں میں پانچ صحافیوں اور چار طبی کارکنوں سمیت ۲۰؍افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ `ڈبلیو ایچ اونے کہا ہے کہ غزہ میں پانچ لاکھ لوگ قحط جیسے حالات کا شکار ہیں جن کیلئے مناسب غذائی، طبی و آبی خدمات کی فراہمی ممکن نہیں رہی جبکہ طبی مراکز اور دیگر خدمات متواتر حملوں کی زد میں ہیں۔ 
انسانی ساختہ تباہی
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطینیوں کے حقوق کی کمیٹی نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل نے بڑی مقدار میں غذائی امداد کی فراہمی میں سہولت نہ دی تو آئندہ دنوں غزہ بھر میں قحط پھیل جائے گا۔ کمیٹی نے کہا ہے کہ یہ انسانی ساختہ تباہی اسرائیل کی جانب سے غزہ کے دو سالہ تباہ کن محاصرے اور بے رحمانہ و متواتر فضائی حملوں کا نتیجہ ہے جن کے باعث علاقے میں خوراک پیدا کرنے کی صلاحیت بھی تقریباً ختم ہو گئی ہے۔ انہوں نے اسے بین الاقوامی قانون کی سنگین پامالی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ممالک اس تباہی اور غیرقانونی حالات کو فوری طور پر روکیں جو کہ ان کی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری بھی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK