Inquilab Logo

ایس ایس سی امتحان میں ۴؍بچوں کی والدہ رہنما محمد مصطفیٰ صدیقی کی بھی شرکت

Updated: March 02, 2024, 6:15 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

۱۶؍سال قبل پڑھائی چھوڑنے والی مالونی کی رہنما محمد مصطفیٰ صدیقی دسویں کا امتحان دے رہی ہیں۔

Rehnuma Siddiqui. Photo: INN
رہنما صدیقی۔ تصویر: آئی این این

بروز جمعہ یکم مارچ سےعروس البلاد ممبئی کے الگ الگ اسکولوں میں ایس ایس سی بورڈ امتحان میں ۱۶؍ لاکھ سے زائد طلبہ نے شرکت کی۔ ایک سال کی مسلسل محنت کے بعد ایس ایس سی کے امتحان میں طلبہ کا شریک ہونا ایک عام عمل ہے لیکن اس امتحان میں ان طلبہ کے درمیان ایک ایسی ۳۲؍ سالہ طالبہ نے بھی شرکت کی ہے جو تقریباً ۱۶؍ سال قبل شادی ہونے کے سبب پڑھائی ترک کر چکی تھی۔ ۴؍ بچوں کی والدہ رہنما محمد مصطفیٰ صدیقی نےاپنے دل میں علم کی شمع کو جلائے رکھا اور ادھوری پڑھائی کو مکمل کرنے کا حوصلہ لے کے ایک بار پھر تعلیمی میدان میں اتر چکی ہیں۔ 
ملاڈ کے مالونی ۵؍ نمبر میں اپنے والدین کے گھر سے دوبارہ اپنے تعلیمی سفر کا سلسلہ شروع کرنے والی رہنما صدیقی ۱۶؍ سال کے طویل عرصہ کے بعد تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے اور ۴؍ بچوں کے والدہ بننے کے بعد ایس ایس سی امتحان میں شریک ہونے کی بابت انقلاب کو بتایا کہ ’’ ۰۷۔ ۲۰۰۸ء میں دسویں جماعت میں امتحان کی تیاری کررہی تھی، لیکن اچانک مجھے والدین نے بتایا کہ میری شادی ہونے والی ہے اور جب میں نے امتحان کے بعد شادی پر اصرار کیا تو انہوں نے اُس وقت یقین دلایا کہ شادی کے بعد سسرال والے میرے تعلیمی سلسلہ کو جاری رکھیں گے۔ ‘‘ 
رہنما کہ بقول اس وقت نہ تو مجھے اتنی سمجھ تھی اور نہ ہی اتنا شعور، میں نے والدین کے حکم کو تسلیم کرلیا اور میری شادی ہوگئی، سسرال پہنچ کر درخواست کے باوجود میرے تعلیمی سلسلہ کو دوبارہ نہیں شروع کیا گیا اور میں نے ازدواجی زندگی کو قبول کرتے ہوئے سسرال میں ۱۶؍ سال نکال دیئے۔ اس درمیان میں نے ۴؍ بچوں کی پیدائش کے باوجود مسلسل تعلیمی سلسلہ کو شروع کرنے کے لئے بارہا منتیں کیں لیکن کچھ حاصل نہیں ہوا۔ تعلیم کی بھوک کے سبب نا ہموار ازدواجی زندگی ناقابل برداشت مسائل کومات دے کر مجھے ایک بار پھر والدین کے گھر کا رخ کرنا پڑا۔ یہاں بھی میرے لئے تعلیم حاصل کرنا کسی جنگ سے کم نہ تھا۔ اس سلسلہ میں سفل وکاس ویلفیئر کے سرگرم رکن نثار علی سیّدنے نہ صرف میری ذہن سازی کی بلکہ تعلیم کے ساتھ ساتھ خود مختار ہونے کے لئے اسکیل ڈیولپمنٹ کی کلاسس کو اٹینڈ کرنے میں مد د کی۔ 
رہنما نےایک طرف جہاں نثار علی سیّدکی رہنمائی میں گزشتہ ۸؍ ماہ میں اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کرنے کے باوجود پرائیویٹ امتحان دینے کے لئے انگریزی میڈیم سے امتحان دینے کا فیصلہ کیابلکہ رہنما نے نثار علی سیّدکی رہنمائی کے سبب وسئی کی شرمتی یمونا پاسی ہائی اسکول سے بورڈ امتحان میں شرکت کی ہے۔ ۴؍بچوں کی والدہ نےہمت کرنے والوں کی ہار نہیں ہوتی کی مصداق ۱۶؍ سال بعد ہی سہی نہ صرف تعلیمی سلسلہ کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیاہے بلکہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ خود کفیل بننے کی جانب بھی پہلا کدم بڑھاتے ہوئے ڈی مارٹ میں ریٹیل مارکٹنگ کا کورس کیا اور اب ہیئر ڈریسر کا کورس بھی کررہی ہیں تاکہ وہ اپنے پیروں پر کھڑے ہوسکے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK