۱۰؍روزہ ماہم میلہ شروع ۔حسبِ سابق پہلا صندل ممبئی پولیس کی جانب سے پیش کیا گیا۔ بڑی تعداد میںمیلے میں آنے والوں اورقطب کوکن حضرت مخدوم علی مہائمیؒ کے عقیدت مندوں کی کثرت سے آمد کےسبب خصوصی حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔
پولیس افسران صندل لے جاتے ہوئے۔ تصویر: انقلاب
۱۰؍روزہ ماہم میلہ شروع ۔حسبِ سابق پہلا صندل ممبئی پولیس کی جانب سے پیش کیا گیا۔ بڑی تعداد میںمیلے میں آنے والوں اورقطب کوکن حضرت مخدوم علی مہائمیؒ کے عقیدت مندوں کی کثرت سے آمد کےسبب خصوصی حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ ۵؍دسمبر کو روایت کے مطابق مغرب کی نماز کے بعد نقارہ بجاکر میلہ شروع کرنے کا اعلان کیا گیا۔ اس کےبعد ممبئی پولیس کی جانب سے صندل پیش کیاگیا ۔
ممبئی پولیس حضرت مخدوم علی مہائمی ؒ سے غایت درجہ عقیدت رکھتی ہے اورہر سال میلےکے دوران صندل پیش کرکے اس کا اظہار بھی کیا جاتا ہے۔دوسری جانب درگاہ اوراس کےقریب کے حصے میںممبئی اور ملک کی مختلف ریاستوں سےآنے والے دکاندار اپنی دکانیں سجالیتے ہیں جس سے دس دن اس پورے علاقے کی رونق دوبالاہوجاتی ہے ۔ میلے میں آنے والے افراد حضرت مخدوم علی مہائمیؒ کے آستانے پرحاضری دیتے ہیں اور لذت کام ودہن سے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں۔
میلے کے دوران ٹریفک نظام میںبھی ۱۰؍ دن کیلئے تبدیلیاں کی گئی ہیں۔میلے کے دوران درگاہ روڈ ،بالمیا لین ، کپڑا بازار اور کیڈل رو ڈ پر گاڑیوں کی قطار لگ جاتی ہے اورٹریفک جام ہوجاتا ہے اس پرقابو پانے اور گاڑیوں کی معمول کے مطابق آمد و رفت کے لئے ٹریفک پولیس نے درگاہ روڈ ، بالمیا لین اور ممبئی دربار ، کپڑا بازار سے ماہم ٹریفک چوکی تک گاڑیوں کی آمد و رفت کو بند کر دیا ہے اور دادر سے آنے والی گاڑیوں کو ایل جے روڈ اور باندرہ کی طرف جانے کے لئے کپڑا بازار سےپہلے دائیں جانب والے روڈ پر ٹریفک کو موڑ دیا گیا ہے ۔
ماہم درگاہ کےٹرسٹی سہیل کھنڈوانی نے اس بارے میں بتایا کہ ’’میلے میںبہترانتظامات کیلئے رضاکاروں کی تعیناتی ،سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی اور دیگر انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ عقیدت مندوں اور میلے میںآنے والوں کوکوئی پریشانی نہ ہو۔‘‘