جی ایس ٹی وصولی کے لحاظ سے جنوری ۲۰۲۳ء اچھا ثابت ہوا ہے۔
جی ایس ٹی وصولی کے لحاظ سے جنوری ۲۰۲۳ء اچھا ثابت ہوا ہے۔ مرکزی حکومت کی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جنوری ۲۰۲۳ء میں گڈس اینڈ سروس ٹیکس کی وصولی میں اضافہ ہوا ہے ۔ حکومت نے اس ماہ میں ۱ء۵۶؍ لاکھ کروڑ روپےکی جی ایس ٹی وصول کی ہے۔ وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق جنوری میں جی ایس ٹی کلیکشن پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں ۱۰ء۶؍ فیصد زیادہ ہے۔ جبکہ دسمبر ۲۰۲۲ء کے مقابلے میں یہ ۴ء۳؍فیصد زیاد ہے ۔ جی ایس ٹی کلیکشن کے لحاظ سے جنوری ۲۰۲۳ء حکومت کے لئے دوسرا سب سے کامیاب مہینہ رہا ہے ۔ معلوم ہوکہ اس سے زیادہ جی ایس ٹی کلیکشن اپریل ۲۰۲۲ء میں ہوا تھا۔ تب حکومت نے جی ایس ٹی کی شکل میں ۱ء۶۸؍ لاکھ کروڑ روپے کی آمدنی کی تھی۔جی ایس ٹی وصولی دسمبر ۲۰۲۲ء میں ۱ء۵؍ لاکھ کروڑ روپے اور جنوری ۲۰۲۲ء میں ۱ء۴۱؍ لاکھ کروڑ روپے تھی۔ یہ لگاتار ۱۱؍واں مہینہ ہے جب حکومت کا جی ایس ٹی کلیکشن ۱ء۴؍ لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق جنوری میں سینٹرل جی ایس ٹی کلیکشن ۲۸؍ہزار ۹۶۳؍ کروڑ روپے تھا جب کہ اسٹیٹ جی ایس ٹی ۳۶؍ہزار ۷۳۰؍ کروڑ روپے اور سیس ۱۰؍ہزار ۶۳۰؍ کروڑ وپے رہا۔ حکومت نے انٹی گریٹیڈ جی ایس ٹی سے سینٹرل جی ایس ٹی میں ۳۸؍ہزار ۵۰۷؍ کروڑ روپےا ور اسٹیٹ جی ایس ٹی میں ۳۲؍ ہزار ۶۲۴؍ کروڑ روپے کا سیٹلمنٹ کیا گیا ۔