• Thu, 02 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’مودی حکومت کے ذریعہ ’جی ایس ٹی‘ میں تخفیف ایک فریب، ایک ڈھونگ‘‘

Updated: October 01, 2025, 4:04 PM IST | Agency | New Delhi

کانگریس کا الزام، کہا: سرکار نے تخفیف سے پہلے ہی کمپنیوں کو قیمت بڑھانے کا اشارہ کردیا تھا اور بیشتر پروڈکٹ کی قیمتوں میں۱۰؍ فیصد تک اضافہ ہوبھی گیا۔

Congress chief Mallikarjun Kharge. Photo: INN
کانگریس سربراہ ملکارجن کھرگے۔ تصویر: آئی این این

ایک جانب جہاں مودی حکومت جی ایس ٹی میں تخفیف کے فیصلے کا سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتی ہے، وہیں دوسری جانب ملکارجن کھرگے کی سربراہی میں کانگریس اس تعلق سے اس کی ہر کوشش پر پانی پھیرتی جارہی ہے۔ ثبوتوں کے ساتھ کانگریس نے جی ایس ٹی میں کی گئی تخفیف کو  فریب اور ڈھونگ قرار دیا۔ 
  خیال رہے کہ مودی حکومت نے کچھ دنوں پہلے جی ایس ٹی کے ۴؍ سلیب کو گھٹا کر۲؍ سلیب کر دیا تھا۔۲۸؍ فیصد اور۱۲؍ فیصد والے سلیب کو پوری طرح ختم کر دیا گیا ہے، جس کے بعد کئی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں گھٹنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ لیکن کانگریس نے اب ان دعوؤں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔ کانگریس نے مودی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت ’جی ایس ٹی میں تخفیف‘ کے نام پر عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔ پارٹی کا الزام ہے کہ جی ایس ٹی کی شرح میں کمی کے اعلان  سے قبل ہی سرکار نے کمپنیوں کو اشارہ دے دیا تھا، جس کے بعد کمپنیوں نےقیمتوں میں بے  تحاشا اضافہ کر دیا ہے۔
 کانگریس نے یہ الزام سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کی گئی ایک پوسٹ میں عائد کیا ہے، جس کے ساتھ ایک ہندی اخبار کا تراشہ بھی لگایا ہے۔ اس تراشے میں جو خبر ہے، وہ مودی سرکار کو کٹہرے میں کھڑا کرنے والا ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ۷؍ فیصد ٹیکس گھٹانے سے پہلے ہی۱۰؍ فیصد قیمت بڑھا دی گئی تھی۔ خبر میں لکھا گیا ہے کہ ’’مرکز نے۲۲؍ ستمبر کو کھانے پینے کی اشیا پر جی ایس ٹی شرحوں کو۱۲؍ فیصد سے گھٹا کر۵؍ فیصد کر دیا۔ اس کا براہ راست فائدہ صارفین کو ملنا چاہئے تھا، لیکن سچائی اس کے برعکس ہے۔ بڑی کمپنیوں نے ٹیکس تخفیف کی جانکاری ملتے ہی پہلے ہی اپنی مصنوعات کی قیمتیں۱۰؍ فیصد تک بڑھا دیں۔ اس سے عوام کو کسی طرح کی راحت نہیں ملی۔‘‘ اس میں مزید لکھا گیا ہے کہ ’’دودھ سے بننے والی مصنوعات اور چاکلیٹ جیسی چیزوں کی قیمتوں میں بھی گراوٹ نہیں آئی ہے۔ تہواروں کی طلب کو دیکھتے ہوئے بڑی کمپنیوں نے گھی، کینڈی، میگی جیسی چیزوں کی قیمتیں پہلے ہی بڑھا دی ہیں۔‘‘ اس کے ساتھ کانگریس نے کئی ثبوت بھی پیش کئے ہیں ،جیسے یہ کہ بادام جو پہلے۱۲؍ فیصد جی ایس ٹی کے ساتھ ۶۸۰؍  روپے فی کلو دستیاب تھا، وہ جی ایس ٹی میں چھوٹ کے بعد۷۹۰؍ روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK