Updated: February 09, 2026, 5:18 PM IST
| New Delhi
پیٹرولیم اور قدرتی گیس کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے راجیہ سبھا میں بتایا کہ حکومت ملک کی توانائی کی ضروریات کے لیے سپلائی کو مناسب، قابلِ اعتماد اور مناسب لاگت پر برقرار رکھنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ہندوستان اپنی ضرورت کی۱۰؍ فیصد رسوئی گیس امریکہ سے خریدے گا۔
ہر دیپ سنگھ پوری۔ تصویر:آئی این این
پیٹرولیم اور قدرتی گیس کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے راجیہ سبھا میں بتایا کہ حکومت ملک کی توانائی کی ضروریات کے لیے سپلائی کو مناسب، قابلِ اعتماد اور مناسب لاگت پر برقرار رکھنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ہندوستان اپنی ضرورت کی۱۰؍ فیصد رسوئی گیس امریکہ سے خریدے گا۔ پوری نے ایوان میں وقفہ سوالات کے دوران اپنی وزارت سے متعلق ضمنی سوالات کے جواب میں یہ بھی بتایا کہ اس وقت ملک میں پیٹرولیم کی مجموعی ریفائننگ صلاحیت ۲۶؍ کروڑ ٹن ہے، جو آگے چل کر۴۰؍ کروڑ ٹن تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان تیل کی ریفائننگ کے شعبے میں دنیا کا چوتھا بڑا صلاحیت رکھنے والا ملک بن کر مزید مضبوط مقام حاصل کرے گا۔
یہ بھی پڑھئے:رونالڈو اور النصر کے تعلقات میں کشیدگی،کلب چھوڑنے کی خبریں
پوری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملک کی ضرورت کی ۱۰؍ فیصد رسوئی گیس (ایل پی جی) امریکہ سے درآمد کرنے کا معاہدہ کیا گیا ہے، حالانکہ ہندوستان پیٹرولیم مصنوعات کے شعبے میں دنیا کا پانچواں سب سے بڑا برآمد کنندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں ایل پی جی کنکشنز کی تعداد ۲۰۲۴ء میں تقریباً ۱۴؍ کروڑ تھی، جو اب بڑھ کر ۳۳؍ کروڑ تک پہنچ گئی ہے۔پوری نے گجرات کے علاقے میں نکلنے والے خام تیل کی ریفائننگ کے لیے پٹن کے آس پاس نئی ریفائنری قائم کرنے کی تجویز پر کہا کہ ہندوستان میں تیل ریفائنریزکی علاقائی تقسیم پہلے ہی خاصی متوازن ہے۔ ملک میں اس وقت پیٹرولیم ریفائننگ کی مجموعی صلاحیت ۲۶؍ کروڑ ٹن ہے اور جاری منصوبوں کے مکمل ہونے کے بعد یہ۳۲؍ کروڑ ٹن تک پہنچ جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے:ٹی ۲۰؍ ورلڈکپ :اسکاٹ لینڈ نے ٹی ۲۰؍ مقابلے میں اٹلی کو پچھاڑ دیا
پیٹرولیم وزیر نے کہا کہ آئندہ ملک میں پیٹرولیم ریفائننگ کی صلاحیت کے ۴۰؍ کروڑ ٹن تک پہنچنے کا امکان ہے اور ہندوستان اس شعبے میں چار بڑے ممالک میں مضبوط صلاحیت رکھنے والا ملک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں نایرا انرجی اور ریلائنس انڈسٹریز کی بالترتیب دو کروڑ ٹن اور ساڑھے تین کروڑ ٹن صلاحیت کی دو بڑی ریفائنریز پہلے ہی کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں کئی ممالک میں، جہاں تیل ریفائننگ کی صلاحیت کم ہے، وہاں تیل ریفائننگ کا کام معاشی طور پر شاید قابلِ عمل نہ رہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں پوری نے کہا کہ ملک کا محفوظ شدہ پیٹرولیم ذخیرہ ۷۴؍ دن کی ضرورت کے لیے کافی ہے، جو آگے چل کر مزید بڑھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی توانائی ایجنسی نے ممالک کے لیے ۹۰؍ دن کے پیٹرولیم ذخیرے کی سفارش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان تیل کی پیداوار بھی کرتا ہے۔