Inquilab Logo

قلابہ میں اب تک ۱۰۵؍ فیصد بارش

Updated: August 08, 2020, 3:44 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

تین دن کی بارش کے دوران جھیلوں میں ۴۲؍ دنوں کا پانی ذخیرہ۔

Vihar Lake. Photo: Inquilab
ویہار لیک ۔ تصویر: انقلاب

پانی کی ۲۰ ؍ فیصد کٹوتی کا سامناکرنے والے ممبئی کے شہریوں کیلئے یہ راحت کی خبر ہوگی کہ شہر کے ساتھ ساتھ جھیلوں پر بھی بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ۔جنوبی ممبئی کے قلابہ علاقے میں اب تک ۱۰۶؍ فیصد بارش ہو چکی ہے جبکہ گزشتہ ۳؍ دن سے جھیلوں پر مسلسل بارش سے ذخیرہ آب میں بھی اضافہ ہوا ہےاور ان میں ۴۲؍ دنوں کا پانی ذخیرہ ہو چکا ہے۔ممبئی کے محکمہ موسمیات کے مطابق مانسون میں ممبئی شہر ضلع کے قلابہ ویدر اسٹیشن میں اوسطاً ۲؍ ہزار ۲۹۲؍ ملی میٹر بارش ہوتی ہے لیکن ۵؍ اگست ۲۰۲۰ء تک یہاں ۲؍ ہزار ۴۲۹ء۲؍ ملی میٹر بارش درج کی گئی ہے جو اوسط بارش کا ۱۰۵ء۹۹؍ فیصد ہے ۔گزشتہ برس یہ مقدار ایک ہزار ۷۸۶؍ ملی میٹر یعنی ۸۰ء۹۴؍ فیصد درج کی گئی تھی۔ اس کے برخلاف مضافات کے سانتاکروز ویدر اسٹیشن پر اوسطاً ۲؍ ہزار ۶۶۸؍ ملی میٹر بارش ہوتی ہے لیکن امسال اب تک ۲؍ ہزار ۴۹۵ء۴؍ ملی میٹر یعنی ۹۳ء۵۳؍ فیصد درج کی گئی ہے۔ گزشتہ برس ۲؍ ہزار ۴۵۲ء۹؍ ملی میٹر (۹۷ء۵۷؍ فیصد)  بارش درج کی گئی تھی۔
 ممبئی کے شہریوں کو پینے کا پانی سپلائی کرنے والی جھیلوں پر گزشتہ ۳؍ دن سے مسلسل بارش کے سبب ذخیرہ آب میں اطمینان بخش اضافہ ہوا ہے ۔ ان ۳؍ دنوں میں ۴۲؍ دنوں کا پانی ذخیرہ ہو گیا اور جھیلیں ۴۶؍ فیصد تک بھر گئی ہے۔ بی ایم سی کے محکمہ آب رسانی کے مطابق ۴؍ اگست کی صبح ۶؍ بجے جھیلوں میں مجموعی طور پر ۵؍لاکھ ۵؍ ہزار ۹۸۶؍ ملین لیٹر یعنی ۳۴ء۹۵؍ فیصد پانی ذخیرہ تھا جو ۷؍ اگست کی صبح ۶؍ بجے بڑھ کر ۶؍ لاکھ ۷۰؍ ہزار ۸۰۲؍ ملین لیٹر یعنی ۴۶ء۳۵؍ فیصد ہو گیا ہے۔ اس طرح گزشتہ ۳؍  دن میں ذخیرہ آب میں ایک لاکھ ۶۴؍ ہزار ۹۰۶؍ ملین لیٹر کا اضافہ ہوا ہے۔ شہریوں کو جھیلوں سے روزانہ ۳؍ ہزار ۸۵۰؍ ملین لیٹر پانی سپلائی کیا جاتا ہے ،اس اعتبار سے ایک لاکھ ۶۴؍  ہزار ۹۰۶؍ ملین لیٹر ۴۲؍ دنوں کا کوٹہ ہے ۔ گویا ۳؍ دن میں ۴۲؍ دنوں کاپانی ذخیرہ ہو گیا ہے۔ اسی طرح بارش کا سلسلہ جاری رہا تو امید ہے کہ شہریوں کو پانی کٹوتی سے راحت مل سکے گی۔ واضح رہے کہ اب تک ۲؍ چھوٹی جھیلیں تلسی اور ویہار بالترتیب ۲۷؍  جولائی اور ۵؍ اگست کو لبریز ہو چکی ہے۔
آج بھی طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی
 محکمہ موسمیات نے سنیچر کیلئے گرین الرٹ جاری کیا ہے اور پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ ۲۴ ؍ گھنٹوں میں ۶۰؍  ۷۰؍ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی اور متعدد مقامات پر تیز بارش بھی ہو سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK