• Mon, 23 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نائن الیون حملے: مزید ۸۴؍ ہزار دستاویزات منظرِ عام پر، ممدانی کا اہم اقدام

Updated: November 23, 2026, 10:00 PM IST | New York

نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے ۲۰۰۱ء کے دہشت گردانہ حملوں اور ان کے بعد پیدا ہونے والے صحت و ماحولیاتی مسائل سے متعلق مزید ہزاروں دستاویزات عوام کیلئے جاری کردی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد برسوں سے معلومات کے منتظر متاثرین، امدادی کارکنوں اور ان کے اہلِ خانہ کو سرکاری ریکارڈ تک رسائی فراہم کرنا ہے۔

Zohran Mamdani. Photo: INN
ظہران ممدانی۔ تصویر: آئی این این

نیویارک کے میئر ظہران ممدانی اور شہر کے محکمۂ قانون نے اتوار کو ۱۱؍ ستمبر ۲۰۰۱ء کے دہشت گردانہ حملوں اور ان کے بعد کے حالات سے متعلق مزید ۸۴؍ ہزار دستاویزات عوام کیلئے جاری کی ہیں۔ اس اضافے کے بعد جاری کردہ دستاویزات کا مجموعہ ۴؍ لاکھ ۴۰؍ ہزار صفحات سے تجاوز کر گیا ہے۔ نئی دستاویزات شہر کے پبلک ریکارڈز پورٹل پر اپ لوڈ کی گئی ہیں، جسے گزشتہ ستمبر میں قائم کیا گیا تھا اور اب تک اس کے ایک کروڑ ۱۰؍ لاکھ سے زائد منفرد صارفین اس پورٹل کا دورہ کرچکے ہیں۔ ان دستاویزات میں ’ہارڈنگ میمو‘ (Harding Memo) اور ’۶۸؍ باکسز‘ (68 Boxes) کے نام سے معروف ریکارڈ بھی شامل ہیں۔ شہر کے مالی سال ۲۰۲۷ء کے بجٹ میں اس پورٹل کی تیاری اور اسے چلانے کیلئے ۳ کروڑ ۴۰؍ لاکھ ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: روس کا یوکرین پر حملہ، ایک بچے سمیت۲؍ افراد ہلاک،۶۰؍ زخمی

گزشتہ کئی برسوں سے امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے والے اہلکار، سرکاری عہدیداران اور حملوں کے بعد مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ حکومت سے مطالبہ کر رہے تھے کہ زہریلی ہوا میں سانس لینے، ملبے اور حملوں کے بعد انتظامیہ کے اقدامات سے متعلق دستاویزات عام کی جائیں۔ میئر ظہران ممدانی نے کہا کہ ۱۱؍ ستمبر کے ہولناک دہشت گردانہ حملوں اور ان کے نتیجے میں پیدا ہونے والے سنگین طبی مسائل کے بعد نیویارک کے پانچوں علاقوں کے شہریوں نے حکومت سے شفافیت کا مطالبہ کیا تھا، لیکن انہیں خاموشی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ انتظامیہ اس وقت تک دستاویزات جاری کرتی رہے گی جب تک متاثرین، امدادی کارکنوں اور ان کے اہلِ خانہ کو مطلوبہ معلومات اور وضاحتیں فراہم نہیں ہوجاتیں۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل میں نیتن یاہو کی واپسی کیلئے چور دروازہ!

نیویارک سٹی کے کارپوریشن کونسل اسٹیون بینکس نے بتایا کہ دستاویزات کی تازہ کھیپ حملوں کے بعد شہر کی انتظامیہ کے اقدامات سے متعلق ریکارڈ عوام تک پہنچانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق، انتظامیہ کئی برسوں سے جاری انتظامی رکاوٹوں اور تاخیر کو دور کر رہی ہے، جن کے باعث امدادی کارکن، متاثرین اور ہلاک شدگان کے اہلِ خانہ اہم معلومات سے محروم رہے۔ دوسری جانب، سٹی کونسل کی اسپیکر جولی مینن نے کہا کہ ۱۱؍ ستمبر کے حملوں کے اثرات آج بھی برقرار ہیں اور لوئر مین ہیٹن میں زہریلے ماحول کی زد میں آنے کے باعث نیویارک کے دسیوں ہزار شہری سنگین بیماریوں میں مبتلا ہوچکے ہیں، جب کہ بہت سے دیگر افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ انہوں نے مزید دستاویزات کی اشاعت کو حکومتی شفافیت اور جواب دہی کی جانب اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ کو یہ جاننے کا حق ہے کہ انہیں کن خطرات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK