• Mon, 23 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسرائیل میں نیتن یاہو کی واپسی کیلئے چور دروازہ!

Updated: November 23, 2026, 10:47 AM IST | Agency | Tel Aviv

یہ کیسی تبدیلی؟ آئزن کوٹ نے جسے ہرایااُسی لیکوڈ پارٹی سے اتحادی حکومت کیلئےگفتگو شروع کردی، نیتن یاہو کی پارٹی نے وزارت عظمیٰ پر دعویٰ پیش کیا۔

Israeli Prime Minister Netanyahu does not want to entrust the command of the new government to Gadi Eizenkot. Photo: INN
اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو کو گادی آئزن کوٹ نئی حکومت کی کمان نہیں سونپنا چاہتے۔ تصویر: آئی این این

 اسرائیل میں اکتوبر کے انتخابات میں عوام نے نیتن یاہو کو تو واضح اکثریت نہیں دی مگر اپوزیشن کے اتحاد کو بھی اکثریت نہ ملنے کی وجہ سے نئی حکومت کی تشکیل ٹیڑھی کھیر بن گئی ہے۔ سابق فوجی سربراہ گادی آئزن کوٹ کی قیادت والی یاشار جماعت کے اتحاد کو حکومت بنانے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔اسے دوسری جماعتوں کی حمایت درکار ہے۔ ۱۹؍ سیٹیں  جیتنے والے عرب پارٹیوں کے دونوں اتحاد گادی آئزن کوٹ کو باہر سے حمایت دینے کیلئے تیار ہیں مگر اس صورت میں   شدت پسند صہیونی پارٹیاں اتحاد واپس لے لیں گی   اوروہ اکثریت ثابت نہیں کرسکیں گے۔ اس  سے نمٹنے کیلئے آئزن کوٹ کی پارٹی نے نیتن یاہو کی اُسی لیکوڈ پارٹی کے اتحاد کو ساتھ لے کر اتحادی حکومت بنانے کیلئے بات  چیت شروع کردی ہے جس کے خلاف اس نے الیکشن لڑا۔ اس تجویز کے تحت  عرب  جماعتوں کے علاوہ تمام پارٹیاں اتحاد کا حصہ ہوں۔   اسے چور دروازہ سے اقتدار میں  نیتن یاہو کی واپسی کے طور پر دیکھا جارہاہے۔ 

آئزن کوٹ کو اگلے ماہ تک حکومت سازی کی مہلت

آئزن کوٹ کو نیتن یاہو کی جگہ نئی حکومت تشکیل دینے کے لیے اگلے ماہ تک کی مہلت حاصل ہے۔ ان کی سینٹرلسٹ جماعت یاشار کے مطابق مذاکرات کی دعوت وسیع بنیادوں پر  حکومت تشکیل دینے کی کوشش ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق  آئزن کوٹ کے خیمے میں اس بات پر اختلاف ہے کہ آیا انتہائی مذہبی یہودی جماعتوں یا عرب اکثریتی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کیا جائے یا نیتن یاہو کے سیاسی بلاک کے ساتھ قومی اتحاد کی حکومت تشکیل دی جائے۔ یاشار پارٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نئی حکومت بنانے کے تمام ممکنہ راستے تلاش کرنے کیلئے گادی آئزن کوٹ نے مذاکراتی ٹیم کو ہدایت دی ہے کہ وہ لیکوڈ کے نمائندوں سےطویل مذاکرات کریں۔ 

یہ بھی پڑھئے:مہاراشٹر میں ربیع کی بوائی محض۱۷؍ فیصد، ۱۹۷۲ء کے قحط سے بھی بدتر صورتحال

نیتن یاہو بھی قومی اتحادحکومت کے متمنی

سابق وزیر اعظم نفتالی بینٹ، جو آئزن کوٹ کے خیمے کی  اہم شخصیت ہیں، نے آئزن کوٹ کی قیادت میں صہیونی قومی اتحاد حکومت کی حمایت کی ہے مگر واضح کیا ہے کہ ان کی پارٹی نیتن یاہو یا ان کے سیاسی بلاک کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی۔دوسری جانب نیتن یاہو قومی اتحاد کی حکومت تشکیل دینے پر زور دیتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے ایسی حکومت ضروری ہے۔

وزارت عظمیٰ پر دعویداری

آئزن کوٹ کا موقف ہے کہ وہ نیتن یاہو کی قیادت میں حکومت میں شامل نہیں ہوں گے۔ ان کی تجویز یہ ہے کہ لیکوڈ جماعت نئی حکومت کا حصہ بن سکتی ہے، لیکن حکومت کی سربراہی آئزن کوٹ کے پاس ہو۔ اس کے برعکس لیکوڈ  کی کوشش یہ ہے کہ اتحادی حکومت نیتن یاہو کی قیادت میں بنے اور ان کے موجودہ سیاسی اتحادی بھی حکومت میں شامل ہوں۔ اگر لیکوڈ اپنے اہم مطالبات منوانے میں کامیاب رہتی ہے تو عدالتی نظام، غزہ پالیسیاور ۷؍ اکتوبر کی تحقیقات جیسے بنیادی معاملات میں حکومت  کی پالیسی میں  بڑی تبدیلی کی گنجائش محدود ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ال نینو کے خدشات کے درمیان اپریل تا ستمبر دالوں کی درآمدات میں ۶۰؍ فیصد اضافہ

اتحادی حکومت کیلئے لیکوڈ پارٹی کی شرائط
۱۔ نیتن یاہو ۴؍ سال کی پوری میعاد وزیراعظم ہوں گے۔
۲۔ عرب پارٹیوں کے علاوہ تمام حکومت کا حصہ ہوں گی۔
۳۔ اتحادیوں کوایران کے خلاف ایک اور جنگ کی حمایت کرنی ہوگی۔
۴۔نیتن یاہو کی سرکار نے جو ’عدالتی اصلاحات‘ کی ہیں  انہیں تبدیل نہیں کیا جائےگا۔
۵۔ ۷؍ اکتوبر کے حملہ کی جانچ  سرکاری کمیشن نہیں کرے گا۔

اسرائیل میں حکومت سازی کے امکانات
۱۔ لیکوڈ  کے ساتھ قومی اتحادی حکومت بنے۔ اس صورت میں  عرب پارٹیوں کے علاوہ تمام پارٹیاں اتحاد کا حصہ ہوں گی مگر اس میں  سب سے بڑا اختلاف وزارتِ عظمیٰ پر ہے۔   لیکوڈ نیتن یا ہو وزیراعظم بنانے کا مطالبہ کررہی ہے۔ وہ  بہت سے بہت ۲؍ سال  یاہو اور ۲؍ سال ائزن کوٹ کی وزارت عظمیٰ کی شرط پر راضی ہوسکتی ہے۔ 
۲۔آئزن کوٹ کے سامنے دوسرا متبادل  لیکوڈ کو علاحدہ رکھ کر اقلیتی حکومت  بنانے کا  ہے۔  ان کے اتحاد  کے پاس ۴۸؍ نشستیں ہیں۔ عرب جماعتوں کے ۱۹؍ اراکین باہر سے حمایت دینے کو تیار ہیں۔  اس میں پینچ یہ ہے کہ دائیں بازو کی شدت پسند صہیونی پارٹیاں آئزن کوٹ کی حمایت واپس لے لیں گی اور وہ اکثریت ثابت نہیں کرسکیںگے۔  اس کے بعد صدر اسحاق ہزروگ کے پاس نیتن یاہو کو حکومت سازی کی دعوت دینے کے علاوہ کوئی متبادل نہیں بچے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK