• Sun, 01 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یونیفارم سول کوڈ کے خلاف ایک دن میں ڈیڑھ لاکھ دستخط موصول

Updated: November 01, 2026, 10:50 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

ممبئی اور مالیگائوں سے بالترتیب ۸۰؍اور ۵۰؍ہزار جبکہ دیگر اضلاع میں مہم کے دوران ۲۰؍ہزار افرادنے دستخط کئے۔

Preparations are underway for the implementation of the UCC in Maharashtra as well. Photo: INN
مہاراشٹر میں بھی یوسی سی کے نفاذ کی تیاریاں ہیں۔ تصویر: آئی این این

یونیفارم سول کوڈ (یوسی سی) کے نفاذ کے خلاف رضا اکیڈمی اور آل انڈیا سُنّی جمعیۃ العلماء کی جانب سے شروع کی گئی دستخطی مہم کو مہاراشٹر بھر میں زبردست عوامی حمایت حاصل ہو رہی ہے۔ ممبئی سمیت ریاست کے متعدد شہروں اور علاقوں سے صرف ایک دن میں ایک لاکھ ۵۳؍ہزار دستخط موصول ہوئے۔ رضا اکیڈمی اور آل انڈیا سنی جمعیۃ العلماء نے شریعت ِ مطہرہ میں مداخلت کے خدشات اور یکساں سول کوڈ کے خلاف عوامی ناراضگی درج کرانے کیلئے پورٹل، ای میل اور دستخطی مہم کے ذریعے جمہوری و قانونی طریقے سے اپنی رائے حکومت تک پہنچانے کی تحریک شروع کی ہے۔ اس تعلق سے علماء کرام، ائمہ مساجد اور ٹرسٹیانِ مساجد سے اپیل کی گئی ہے کہ ۱۵؍ نومبر ۲۰۲۶ءتک عوام کو اس مہم میں شریک کریں۔ ممبئی کے مختلف علاقوں میں علماء کرام اور ائمہ مساجد کی نگرانی میں بڑی تعداد میں دستخط جمع کئے گئے۔ ان میں قلابہ، کرافورڈ مارکیٹ، منیش مارکیٹ، ناگپاڑہ، مدنپورہ، بائیکلہ، کرلا، گوونڈی، گھاٹ کوپر، ماہم، سانتاکروز، وڈالا اور شہر ومضافات کے متعدد دیگر علاقوں کی مساجد سے تقریباً ۸۰؍ ہزار دستخط موصول ہوئے۔ ممبئی کے علاوہ ناسک، مالیگاؤں، اورنگ آباد اور دیگر شہروں میں بھی عوام نے دستخطی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ ممبئی کے بعد مالیگاؤں سے سب سے زیادہ تقریباً ۵۰؍ہزار دستخط موصول ہوئے۔ یہاں کی درجنوں مساجدِ اہلسنّت میں ائمہ کرام نے جمعہ کے نماز میں یکساں سول کوڈ کے نفاذ سے ہونے والے نقصانات سے مصلیان کو آگاہ کیا اور شریعت ِ مطہرہ کے تحفظ کیلئے دستخطی مہم میں جوش و خروش سے حصہ لینے کی اپیل کی۔

یہ بھی پڑھئے: تیز آوازمیں گفتگو یا گانا سننے پر سخت کارروائی کا انتباہ

مالیگاؤں کی مسجد پاسبانِ ملت، مسجد میلادِ پاک، مسجد رضا، مسجد فاروق اعظم، مسجد عثمان غنی، مسجد علامہ حامد رضا، مسجد حاجی دوست محمد، اکھاڑہ مسجد، مسجد عائشہ حجن، مسجد عارج خلیل، مسجد مریم، مسجد طیبہ عبدالحمید، مسجد غوثیہ رضویہ اور مسجد تاج العلماء سمیت متعدد مساجد کے باہر انتظامیہ کمیٹیوں اور اہلیانِ محلہ کی کوششوں سے ۵۰؍ ہزار سے زائد دستخط جمع کئے گئے۔  مالیگاؤں میں نوری ٹاور کے قریب بھی دستخطی مہم کیلئے ٹیبل لگایا گیاتھا، جہاں رضا اکیڈمی، مفتی اعظم فاؤنڈیشن اور آل انڈیا سنی جمعیۃ العلماء کے ذمہ داران کی موجودگی میں ہزاروں لوگوں نے دستخطی مہم میں حصہ لیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر رئیس احمد رضوی اور قاری محمد ہارون رضوی نے شہریانِ مالیگاؤں سے اپیل کی کہ دستخطی مہم کا سلسلہ ۱۵؍ نومبر تک جاری رہے گا، لہٰذا گھر کے دیگر افرادکے علاوہ دوست احباب اور محلے کے دیگر افراد کو بھی مہم میں شریک کریں تاکہ بڑی تعداد میں عوامی اعتراضات حکومت تک پہنچائی جا سکے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK