سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے انتظامیہ نے ٹرینوں سےسفرکرنے والوں کو آگاہ کیا ۔ساتھی مسافروں کا خیال رکھنے کا مشورہ دیا۔
EPAPER
Updated: October 28, 2026, 10:55 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے انتظامیہ نے ٹرینوں سےسفرکرنے والوں کو آگاہ کیا ۔ساتھی مسافروں کا خیال رکھنے کا مشورہ دیا۔
ریلوے میں دورانِ سفر ،ٹرین میں یا پلیٹ فار م اوراسٹیشن کے احاطے میں ہونے پربہت سے مسافر تیز آواز میں موبائل فون پر بات چیت کرتے ہیں،گانا سنتے ہیںیا ریل دیکھتے ہیں جس سے دوسرے مسافروں کودقت پیش آتی ہے۔ ایسے میں سینٹر ل اور ویسٹرن ر یلوے انتظامیہ نے مسافروں کوصلاح دینے کےساتھ انہیں انتباہ بھی دیا ہے کہ اس حرکت پران کیخلاف کارروائی کرنے کے ساتھ ایک ہزارروپے جرمانہ بھی عائد کیاجاسکتا ہے۔
ساتھی مسافروں کی پریشانی کا خیال رکھیں
اس تعلق سے سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے انتظامیہ کی جانب سےمسافروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موبائل فون اور آڈیو ڈیوائسز کو سمجھداری سے استعمال کریں، دورانِ سفر ایئر فون استعمال کریں اور ٹرینوں اور ریلوے احاطے میں اونچی آواز میں گفتگو سے گریز کریں۔ خاص طور پر وہ ساتھی مسافروں کے آرام اور تیز آواز سے ان کو ہونے والی دقت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹرینوں اور ریلوے احاطے میں موبائیل فون اور آڈیو ڈیوائسز کو سمجھداری سے استعمال کریں۔ ریلوے انتظامیہ کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ مسافروں سے گزارش ہے کہ وہ اسپیکر موڈ پر میوزک یا ویڈیوز نہ چلائیں اور جب بھی ممکن ہو ایئر فون یا ہیڈ فون استعمال کریں۔ انہیں یہ بھی مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ٹرینوں میں یا ریلوے احاطے میں سفر کے دوران اونچی آواز میں گفتگو سے گریز کریں۔ اس کےمطابق ا سپیکر موڈ پر میوزک یا ویڈیو چلا نے یا موبائل فون پر اونچی آواز میں بات کرنے سے ٹرینوں یا ریلوے احاطے میں موجود مسافروں اور عملہ کو پریشانی ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ناگالینڈ : فٹ بال کے ذریعے نایاب پینگولن کو بچا نے کی کوشش
مزیدکارروائی کی جاسکتی ہے
اس تعلق سے ضابطے کی خلاف ورزی ریلوے ایکٹ کے سیکشن ۱۴۵؍ کےتحت قابل سزا ہے۔ اس میں ایک ہزارروپے تک کا جرمانہ بھی شامل ہے۔ یہ بھی انتباہ دیا گیا ہے کہ کسی مجاز ریلوے ملازم کی طرف سے خبردار کئےجانے کے باوجود اس طرح کا طرز عمل جاری رکھنے کے نتیجے میں ایکٹ کی دفعات کے مطابق مزید تعزیری کارروائی کی جا سکتی ہے۔ اس لئے تمام مسافروں سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ شائستگی کا مظاہرہ کرنے اور ساتھی مسافروں کی سہولت اور ان کا احترام کرتے ہوئےریلوے انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ ہر ایک مسافر کیلئے خوشگوار اوردوستانہ ماحول میں سفر کو یقینی بنایا جا سکے۔
مسافرو ں نے شکایت کی
سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر او ڈاکٹر سوپنل نیلا اور ویسٹرن ریلوے کےچیف پی آر اوونیت ابھیشیک نے یہ اعتراف کیا کہ مسافروں کی جانب سے اس تعلق سے شکایات موصول ہوئی ہیں، اسی لئے متوجہ کیا جارہا ہے۔ ان افسران کا یہ بھی کہناتھاکہ ’’ یہ طویل مسافتی اور مضافاتی خدمات، دونوں کے مسافروں کو یاد دہانی کروائی گئی ہے اور ریلوے پروٹیکشن فورس کوبھی ہدایت دی گئی ہے۔‘‘
کہاں شکایت کی جائے؟
ریلوے انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایسے مسافروں کو محبت سے سمجھائیں۔ نہ ماننے پرٹکٹ چیکر سے، اسٹیشن ماسٹر سے یاٹرین اور پلیٹ فارم پر موجود پولیس اہلکار سے شکایت کریں۔ اس کے علاوہ گورنمنٹ ریلوے پولیس کے ہیلپ لائن نمبر ۱۵۱۲؍ ٹول فری نمبر ۱۸۰۰۲۲۱۵۱۲؍ اور۱۳۹؍پر بھی شکایت کی جا سکتی ہے۔