• Sun, 01 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سپر ایل نینو سے دنیا بھر میں مارچ تک ۳؍ لاکھ۷۳؍ ہزار اموات کا خدشہ

Updated: November 01, 2026, 11:15 AM IST | Washington

موسمیاتی اثرات کا جائزہ لینے والے ادارے کے مطابق یہ اموات آئندہ ۶؍ماہ کے بیچ ہوسکتی ہیں، ہندوستان میں بھی ۵۵؍ہزار اموات کی پیشینگوئی

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

بحرالکاہل میں طاقت ور شکل اختیار کرنے والے موسمی سسٹم ایل نینو کے باعث دنیا بھر میں شدید گرمی، خشک سالی، سیلاب اور طوفانوں کا خطرہ بڑھنے کا خدشہ ہے۔ موسمیاتی اثرات کے جائزے سے وابستہ ادارے کلائمیٹ امپیکٹ لیب کے تیار کردہ اموات کے تخمینے کے مطابق آئندہ ۶؍ماہ کے دوران شدید گرمی کےباعث دنیا بھر میں ۳؍لاکھ ۷۳؍ہزار سے زائد اضافی اموات ہو سکتی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اکتوبر سے مارچ کے دوران آبادی کے لحاظ سےدنیا کے سب سے بڑےملک ہندوستان میں گرمی سے تقریباً ۵۵؍ہزاراموات کا خدشہ ہے جن میں زیادہ تر ہلاکتیں مارچ میں متوقع ہیں جبکہ نائیجیریامیں تقریباً ۵۶؍اموات کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ تخمینے کے مطابق انڈونیشیامیں شدید گرمی سےتقریباً ۲۹؍ہزارجبکہ برازیل میں ۱۹؍ہزار اموات ہو سکتی ہیں، ال نینو سے متاثرہ زیادہ تر ممالک کا تعلق ترقی پذیر خطوں سے ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ایران پر حملہ ہوا تو جواب فوری ہوگا: مجتبیٰ خامنہ ای کی امریکہ اسرائیل کو وارننگ

کلائمیٹ امپیکٹ لیب کے شریک بانی مائیکل گرین اسٹون کاکہنا ہے کہ گرمی سے ہونے والی اموات کے خطرات کی پیشگی نشاندہی سے حکام کو بروقت اقدامات کرنے اور انسانی جانیں بچانےمیں مدد مل سکتی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایل نینو کے باعث ممبئی میں فضائی آلودگی بھی بڑھ سکتی ہے۔ دوسری جانب ہندوستانی ادارے سفارکےبانی اور موسمیاتی ماہر ڈاکٹر غفران بیگ کے مطابق ہواؤں کی رفتار کم ہونے سے ممبئی شہر میں آلودگی کے قدرتی طور پر پھیلنے اور کم ہونے کا عمل متاثر ہو سکتا ہے۔ عالمی موسمیاتی تنظیم کے مطابق رواں سال ال نینو ۱۹۵۰ءکے بعد سے شدید ترین قرار دیا جا رہا ہے اور اس کی شدت دسمبر میں عروج پر پہنچنے کا اندیشہ ہے، جبکہ اس کے اثرات ۲۰۲۷ءکےاوائل تک برقرار رہ سکتے ہیں۔ 
ایل نینو کیا ہے؟
ایل نینو بحرالکاہل کے وسطی اور مشرقی حصوں میں سمندر کی سطح کا درجۂ حرارت بڑھنے کا قدرتی موسمیاتی سسٹم ہے جس سے دنیا بھر میں ہواؤں، فضائی دباؤ اور بارش کے نظام میں تبدیلیاں آتی ہیں۔ یہ نظام عموماً ہر ۲؍ سے ۷؍سال بعد پیدا ہوتا ہے اور تقریباً ۹؍سے ۱۲؍ ماہ تک برقرار رہتاہے۔ 
اس کے برعکس سسٹم کو لا نیناکہاجاتا ہے جبکہ دونوں کے درمیان غیر جانبدار موسمی حالات بھی پیدا ہوتے ہیں۔ 
کہاں کتنی اموات کا اندیشہ؟
ہندوستان : ۵۵؍ہزار
نائیجیریا : ۵۶؍ہزار
انڈونیشیا :  ۲۹؍ہزار
برازیل : ۱۹؍ہزار

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK