Inquilab Logo

کانپور میں۲؍حادثات،۳۱؍افراد ہلاک،۲۰؍سے زیادہ زخمی

Updated: October 03, 2022, 12:13 PM IST | Agency | New Delhi

ٹریکٹر ٹرالی تالاب میں گرنے سے ۲۶؍لوگوںکی موت،تیز رفتار ٹرک سڑک کے کنارے کھڑی گاڑی سے ٹکرانے پر۵؍ہلاک،پہلے حادثہ میںٹرالی پر۵۰؍سےزائد افراد سوار تھے،مہلوکین میں بیشتر خواتین اور بچے شامل،صدرجمہوریہ، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ نے تعزیت کا اظہار کیا

The families of the deceased can be seen overcome with grief.Picture:INN
مہلوکین کے اہل خانہ غموں سے نڈھال دیکھے جاسکتے ہیں ۔ تصویر:آئی این این

یوپی کے کانپور میں گزشتہ رات ۲؍سڑک حادثات میں۳۱؍افرادکی موت ہو گئی جبکہ۲۰؍سےزیادہ لوگ زخمی بتائے جاتے ہیں۔ پہلےحادثے میں سنیچرکو سادھ تھانہ علاقے کے بھدیونا گاؤںکے قریب مسافروں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی کے تالاب میں گرنے سےکم از کم ۲۶؍لوگوں کی موت ہوگئی۔ دوسرے حادثے میں سڑک کے کنارےکھڑی گاڑی سے تیزرفتار ٹرک ٹکرا گیا، جس میں۵؍کی جان گئی اور۱۰؍افراد زخمی ہو گئے۔ پہلا حادثہ اس وقت پیش آیا جب عقیدت مندوںسےبھری ٹریکٹر ٹرالی تالاب میں گر گئی، اس حادثے میں۲۶؍لوگوں کی موت ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق ٹرالی میں تقریباً ۵۰؍افراد سوار تھے اور مہلوکین میں بیشتر خواتین اور بچے شامل ہیں۔موقع پرراحت اور بچاؤ کا کام کیا گیا اور حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ (ڈی ایم) وشاکھ جی ائیر نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ کے حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ ریسکیو آپریشن چلائیں اور متاثرین کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا، ’’حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہے۔‘‘اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے علاوہ وزیراعظم مودی اور صدرجمہوریہ نے بھی کانپور حادثےپر غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے عہدیداروںکو راحت اور بچاؤ کا کام فوری طور پر انجام دینےکی ہدایت دی ہے اور لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریکٹر ٹرالی کا استعمال صرف زرعی کاموں اور مال برداری کے لئے کریں۔ ایک عینی شاہد نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ درجنوں دیگر افراد کے ساتھ جائے حادثہ پر پہنچا اور ان سب نےمردوں، عورتوں اور بچوں کے رونے کی آوازیں سنی۔ عینی شاہدین کے مطابق انہوں نے فوری طور پر پانی میں چھلانگ لگا دی اور کسی طرح انہیں باہر نکالنے میں کامیاب ہو گئے، تاہم ان میں سے کئی کو مردہ پایا۔حادثےکا نوٹس لیتے ہوئےوزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نےحکام کو جنگی بنیادوں پر راحت اور بچاؤکاکام کرنے کی ہدایت دی ہے۔ لکھنؤ میں جاری ایک سرکاری بیان کےمطابق یوگی آدتیہ ناتھ خود اس معاملے کی نگرانی کر رہےہیں۔انہوں نے مرنے والوں کے لواحقین کو ۲؍لاکھ روپے اور زخمیوں کو۵۰؍ہزار روپے کی مالی امداد دینے کی ہدایت کی ہے۔بی ایس پی کی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ مایاوتی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ’’اتر پردیش کے فتح پور چندریکا دیوی مندرسے واپس آنے والے عقیدت مندوںسے بھری ٹریکٹر ٹرالی کے الٹنے اور تالاب میں گرنےسے۲۶؍لوگوں کی موت ہو گئی اور کئی دیگر زخمی ہوگئے۔انتہائی افسوسناک خبر ہے۔  حکومت جلد از جلد ان سب کی مدد کرے۔‘‘

kanpur Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK