Inquilab Logo

کانپور معاملے میں معطل لیکھ پال اور بلڈوزر ڈرائیور کو جیل بھیج دیا گیا

Updated: February 17, 2023, 6:58 AM IST | Abdul Haleem | kanpur

مڈولی گائوں میں ماں بیٹی کی جلنے سے ہونے والی موت کےمعاملہ میں گرفتار لیکھ پال اشوک چوہان اور بلڈوزر ڈرائیور دیپک کو جمعرات کوجیل بھیج دیاگیا۔

Kanpur case accused suspended Lekhpal and driver in police custody
کانپور معاملے کے ملزم معطل شدہ لیکھ پال اور ڈرائیور پولیس کی تحویل میں

مڈولی گائوں میں ماں بیٹی کی جلنے سے ہونے والی موت کےمعاملہ میں گرفتار لیکھ پال اشوک چوہان اور بلڈوزر ڈرائیور دیپک کو جمعرات کوجیل بھیج دیاگیا۔اس دوران لیکھ پال کی پیشانی پر پٹی بندھی تھی ۔ نامہ نگاروں سے بات چیت میںلیکھ پال نے اپنے اوپر کارروائی کو ایمانداری کی سزاقرار دیتے ہوئے کہا کہ رشوت کی پیشکش کے باوجود جانچ کی صحیح رپورٹ لگائی تھی۔غیر قانونی قبضہ ہٹانےکی کارروائی کے دوران میرے اوپر جان لیوا حملہ کرکے گاڑی توڑ دی گئی۔ جس کی شکایت دینے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ 
 جمعرات کو رورا پولیس نے لیکھ پال اور بلڈوزر ڈرائیور کا میڈیکل کرانے کے بعد جیل بھیج دیا۔ اس دوران معطل لیکھ پال نے نامہ نگاروں سے بات چیت میںبتایا کہ تحصیل میں کی گئی شکایت کی جانچ ان کو سونپی گئی تھی۔جانچ کے دوران کرشن کمار دکشت کا گائوں میں دو سو گز پر پختہ مکان ہونے کیساتھ گرام سبھاکی زمین پر غیر قانونی طریقے سے قبضہ کی شکایت درست پائی گئی۔جس پر غیر قانونی طور سے قابض کنبہ نےاپنے حق میں رپورٹ لگانے کیلئے رشوت کی شکل میںموٹی رقم کی پیشکش بھی کی۔ جس کو ٹھکرا کرمیں نے جو صحیح تھا وہی رپورٹ لگادیا تھا۔ جس کی بنیاد پر ۱۴؍ جنوری۲۰۲۳ءکو قبضہ ہٹانے کیلئے کی گئی کارروائی کےدوران قبضہ کرنے والےکنبہ نے ان کے اوپر جان لیواحملہ کردیاتھا۔اس کی شکایت پر ہی قبضہ داروں کیخلاف مقدمہ درج کرایا گیا تھا۔ واردات والے دن بھی اس پر جان لیوا حملہ کرنے کیساتھ گاڑی توڑ دی گئی۔ اگر وہ موقع سے نہیں بھاگتے تو ان کو قتل کر دیاجاتا۔پورے معاملے کی تحریری شکایت کے باوجود اس پر کوئی کارروائی نہیںہوئی ہے۔ 
 بلڈوزر ڈرائیور نے بھی خود کو پورے معاملے میں بےقصور بتاتے ہوئے کہا کہ ہم پولیس و انتظامیہ کی ٹیم کیساتھ غیر قانونی قبضہ ہٹانے بلڈوزر لے کر گئےتھے۔ڈرائیور نے الزام لگایا کہ قبضہ گرانے کی مخالفت کرتےہوئےماں بیٹی نےجھوپڑی کے اندر جاکرآگ لگا لی۔اس پر چاروں طرف افراتفری پھیل گئی اور لوگوں نے مجھ سےکہاکہ بلڈوزر کے پنجے سےچھپرکو ہٹاکر دونوں کی جان بچائو۔ چھپر ہٹانے کےدوران کمزور ہونے کی وجہ سے وہ اپنی جگہ پر ہی گرگیا۔میں نے تو جان بچانے کی کوشش کی تھی، لیکن مجھ کو ہی قاتل و مجرم بنا یا جارہا ہے۔ 

kanpur Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK