Inquilab Logo

کانپور: مہلوکین کا انتم سنسکار، ایس ڈی ایم اور متعدد اعلیٰ پولیس افسر فرار

Updated: February 16, 2023, 7:22 AM IST | abdulhaleem | kanpur

جائے حادثہ پر ہی سمادھی بنانے کی ضدنامنظور،اعلیٰ افسران سمجھا بجھا کر آخری رسوم کی ادائیگی پر رضامند کرنے میں کامیاب، مہلوکین کے ورثاء کو ۵۔۵؍ لاکھ کی عبوری راحت

Family members of a mother and daughter who died in self-immolation in Kanpur can be seen grieving during the last rites. (PTI)
کانپور میں خود سوزی میں ہلاک ہونے والی ماں بیٹی کے اہل خانہ کو آخری رسومات کے وقت غم زدہ دیکھا جاسکتاہے۔ ( پی ٹی آئی)

مڈولی گائوںمیں غیر قانونی قبضہ ہٹانے کی مخالفت میں خودسوزی کرنے والی ماں بیٹی کی آخری رسومات بدھ کو سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان بٹھور گھاٹ پر ادا کی گئیں۔ اس بیچ جہاں مہلوکین کے ورثاء کو ۵۔۵؍  لاکھ روپے کی عبوری راحت فراہم کی گئی ہے وہیں    ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (فائنانس) کو مڈولی گائوں سانحہ کے جانچ کی کمان سونپی گئی ہے۔  اس بیچ معطل ایس ڈی ایم(سب ڈیوژنل مجسٹریٹ)  لاپتہ ہیں جبکہ دیگر ملزمین کے گھروں پر بھی  تالا لگا ہوا ہے۔ 
مہلوکین کی آخری رسوم 
 منگل کی دیر شب پوسٹ مارٹم کے بعد ماں  اور  بیٹی کی لاش مڈولی گائوں پہنچی تو پولیس افسران آخری رسومات کرانے کی حکمت عملی میں جٹ گئے۔ اہل خانہ نے باہمی مشورہ کے بعد جائے واردات پر ہی ماں و بیٹی کی سمادھی بنانے کا اعلان کرکے پولیس افسران کو ایک بار پھر امتحان میں ڈال دیا۔ بدھ کی صبح منطقائی کمشنر ڈاکٹر راج شیکھرنے  اہل خانہ کو سمجھانے کی کمان سنبھالی اور آئی جی پرشانت کمار، ایس پی بی بی جی ٹی ایس مورتی کے ہمراہ گائوں پہنچے۔ اہل خانہ سے بات چیت کے دوران انہیں سمجھا بجھا کر بٹھور گھاٹ پر آخری رسومات ادا کرنے کیلئے رضا مند کر لیا گیا۔ اس سے پہلے کی اہل خانہ اپنا فیصلہ بدلتےپولیس نے دونوں لاشوں اور رشتے داروں کو گھاٹ تک پہنچانے کیلئے گاڑیوں کا بندو بست کرایا اور آناً فاناً لاشوں کو کندھا دیکر بس میں رکھوا دیا۔
 مہلوکین کی سمادھی بنانے کا اصرار
 بٹھور گھاٹ پر سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان لاشوں کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔ اس دوران اعلیٰ افسران، سیاسی وسماجی لیڈر اور پولیس اہلکار موجود رہے۔ آخری رسومات ادا ہونے کے بعد پولیس افسران نے جہاں راحت کا سانس لی ہے۔
  وہیں مہلوکہ کے بیٹے شیوم نے قبضے والی جگہ پر اپنی ماں و بہن کی سمادھی بنا کر دونوں کی مورتیاں رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ 
متاثرین کو عبوری راحت
  غیر قانونی قبضہ ہٹانے کے دوران خودسوزی میں فوت ہونےو الی خواتین کے اہل خانہ کو منطقائی کمشنر ڈاکٹر راج شیکھر نے بدھ کو پانچ پانچ لاکھ کا راحتی چیک سونپا۔ نیز یقین دلایا کہ دیگر مطالبات پورا کرانے کیلئے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ ڈاکٹر راج شیکھر نے مہلوکہ کے بیٹوں شیوم اور انش کو پانچ پانچ لاکھ کےراحتی چیک پیش کرنے کیساتھ کہا کہ ضلع اور پولیس انتظامیہ پوری طرح ان کیساتھ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اہل خانہ کے مطالبات کو جلد از جلد پورا کرانے کیلئے ضلع انتظامیہ کی سطح پر کارروائی تیزی سے شروع کر دی گئی ہے۔ 
معطل ایس ڈی ایم لاپتہ،ملزمین کے گھر تالا
 اس معاملے میں معطل  کئے گئے ایس ڈی ایم درگیش چوہان کا بدھ کو بھی کوئی سراغ نہیں لگ سکا۔ جبکہ دیگر نامزد ملزمین کے گھر پر تالا لگا ہوا ہے۔ وہاں  پولیس فورس تعینات کو کر دیا گیا ہے۔   فرار ملزمین میں کئی اعلیٰ  پولیس افسران شامل ہیں۔    اہل خانہ کے مطالبہ پر منگل کو ایس ڈی ایم درگیش چوہان اور لیکھ پال اشوک سنگھ کو معطل کر نے کے ساتھ ہی  ایک درجن پولیس اہلکاروں  اور ۳۰؍  سے زائد معلوم افراد کیخلاف سنگین دفعات میں مقدمہ درج کیا گیا  ہے۔ لیکھ پال اور بلڈوزر ڈرائیور دیپک کو منگل کو ہی گرفتار کر لیا گیا تھا جبکہ ایس ڈی ایم اور دیگر ملزمین کی گرفتاری میں پولیس کو بدھ کی شام تک کوئی کامیابی نہیں مل سکی ہے۔ گائوں میں نامزد ملزمین کے گھروں پر تالہ لگا  ہوا  ہے  جبکہ دن بھر وقفہ وقفہ سے خواتین یا بچے آس پاس پہنچ کر حالات کا جائزہ لیتے ہوئے نظر آئے۔
اے ڈی ایم فائنانس کو  جانچ کی کمان
  ضلع مجسٹریٹ نیہا جین نے بدھ کو مڈولی گائوں میں ماں بیٹی کی خودسوزی کے  واقعہ کی مجسٹریٹی جانچ کا حکم دے دیا ہے۔ پورے معاملے کی جانچ کی کمان اے ڈی ایم فائنانس جے پی گپتا کو سونپنے کیساتھ  ہی معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے جلد از جلدرپورٹ طلب کی گئی ہے۔ رپورٹ ملنے کے بعد محکمہ جاتی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا ۔ 
 معاملے کی جانچ میںگائوں والوں کی شکایت، لیکھ پال کی رپورٹ ، جانچ کمیٹی ، قبضہ ہٹانے کی کارروائی اور پولیس کے رول کو بھی شامل کیا جائے گا ۔ اس کیساتھ ہی اہل خانہ اور ہنگامہ کرنے والی تنظیموں کے ذمہ داران پر مقدمات ودیگر شواہد کو بھی جانچ کے دائرے میں لایا جائے گا ۔ نیز گائوں والوں کے بیان بھی لیا جائے کہ گرام سبھا کی زمین پر  کتنے دنوں سے غیر قانونی قبضہ  تھا۔ 

kanpur Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK