Inquilab Logo

کانپورمعاملہ:برہمن مہا سبھا کے صدرکیخلاف ایس سی ایس ٹی دفعات کے تحت معاملہ درج

Updated: February 20, 2023, 2:35 PM IST | Kanpur

بی جے پی رکن اسمبلی کے معاون نے شکایت درج کروائی تھی

A protest is also being held against the Kanpur issue (file photo).
کانپور معاملے کے خلاف احتجاج بھی کیا جارہاہے(فائل فوٹو)

کانپور دیہات میں ایک خاتون اوراس کی بیٹی کی تجاوزات مخالف مہم کے دوران جل کرموت ہونےکے معاملہ میں بی جے پی کےرکن اسمبلی کے معاون کرشنا گوتم نے برہمن مہاسبھا کے صدر درگیش منی ترپاٹھی کے خلاف ایس سی/ایس ٹی، مارپیٹ اور دھمکی دینے کی ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ایس پی کانپور دیہات نے ایف آئی آر درج کئے جانے کی تصدیق کی ہے۔ دوسری طرف برہمن مہاسبھا کے صدر نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں برہمن سب سے زیادہ ظلم و ستم کا شکار ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے!
 ایس پی کانپور دیہات بی بی جی ٹی ایس مورتی نےبتایاکہ کرشنا گوتم نے الزام لگایا ہے کہ برہمن مہاسبھاکے صدر نے پوسٹ مارٹم ہاؤس کے باہر ان پرحملہ کیاتھا۔ان کی شکایت پر ایف آئی آر درج کرکے معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔ضلع پنچایت کے رکن نےاکبر پور تھانے میں تحریری شکایت درج کراتےہوئےپولیس کو بتایا کہ رورا علاقےکےمڑولی گاؤں میں آتشزدگی کی شکار ماں-بیٹی کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم ۱۴؍فروری کی رات جاری تھا۔ پوسٹ مارٹم ہاؤس کے باہر ریاستی وزیرپرتبھا شکلا اور انل شکلا کے ساتھ بیٹھی ہوئی تھی۔ اس دوران درگیش منی ترپاٹھی، سوربھ ترپاٹھی اور وویک شکلا نےریاستی وزیر اور بی جے پی کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کیا، مخالفت کرنے پر سبھی وہاں سے چلے گئے۔
 الزام ہے کہ تھوڑی دیر کے بعد ترپاٹھی واپس آئےاور نسلی تعصب پر مبنی الفاظ کا استعمال کرتے ہوئےکرشنا گوتم کے ساتھ مارپیٹ کی، پولیس نے ضلع پنچایت رکن کرشنا گوتم کی تحریری شکایت کی بنیاد پرایس سی ایس ٹی سمیت دیگر سنگین دفعات میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ گوتم کی تحریر کی بنیاد پر ۳۲۳، ۵۰۴، ۵۰۶؍ اور ایس سی/ایس ٹی کی دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے، پورے معاملے کی تفتیش جاری ہے۔
 برہمن مہاسبھاکےصدر درگیش منی ترپاٹھی نے کہا ’’بی جےپی حکومت میں سب سے زیادہ برہمنوں پرتشدد کیا جا رہا ہے۔ ایف آئی آر درج ہونے سے میںخوفزدہ نہیں ہوں۔ میں اسی طرح دکھی اور پریشان برہمنوں کی مدد کرتا رہوں گا۔‘‘ انہوں نے ریاست بھرکےبرہمن لیڈروں سے مدد کی اپیل کی ہے۔ جلد ہی وہ اپنے حامیوں کے ساتھ کانپور دیہات جائیں گے اور اپنی گرفتار دیں گے۔

kanpur Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK