Inquilab Logo Happiest Places to Work

دہی ہنڈی کا جشن منانے کے دوران ممبئی، تھانے اور نوی ممبئی میں۲؍گووندا کی موت، ۳؍ سو سے زائد زخمی

Updated: August 18, 2025, 4:01 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

زخمی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔۲۴؍ گھنٹے میں قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ۱۰؍ ہزار سے زائد افراد پر ٹریفک پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بطور جرمانہ ایک کروڑ سے زائد چالان جاری کیا۔

A view of Dahi Handi. Photo: PTI
 دہی ہنڈی کا ایک منظر۔ تصویر:پی ٹی آئی

سنیچر کو دہی ہنڈی کے تہوار کے موقع پرجہاں ایک طرف شہر میں موسلا دھار بارش نے مزہ کو دوبالا کر دیا تھا ، وہیں دوسری طرف دہی ہنڈی کا جشن مناتے وقت دہی ہنڈی پھوڑنے والوں کا جوش بھی اپنے شباب پر تھا لیکن شہر کے دو مقامات پر یہ جشن اس وقت ماتم میں تبدیل ہوگیا جب دو گووندا کی اس جشن کے دوران موت ہوگئی ۔ یہی نہیں ممبئی ، تھانے اور نوی ممبئی میں اس جشن کے دوران ۳؍ سو سے زائد گووندا زخمی ہوئے ہیں جس میں ایک ۹؍ سالہ بچہ کی حالت نازک بتائی جارہی ہے ۔
  دوسری طرف ممبئی پولیس اور ٹریفک پولیس نے نظم و نسق کو قائم رکھنے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ہزاروں افراد پر بھی کارروائی کی ہے اور ایک کروڑ سے زائد جرمانہ عائد کیا ہے۔
  دہی ہنڈی کے تہوار کے موقع پرممبئی پولیس کمشنر دیوین بھارتی اور جوائنٹ کمشنر آف پولیس (ٹریفک) انل کمبھارے کی سربراہی میں کی جانے والی کارروائی اور جشن دوران  ہونے  حادثات سے متعلق جاری کردہ اطلاع کے مطابق سنیچر کو جشن منانے والوں کے ساتھ ٹیمپو میں سفر کرتے وقت ۱۴؍ سالہ روہن موہن والوی اچانک چلتی گاڑی سے گر پڑا اور بری طرح زخمی ہوگیا تھا۔  اسے پہلے پرائیویٹ اسپتال میں ، پھر گھاٹکوپر کے راجا واڑی اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی ۔ اطلاع کے مطابق متاثر یرقان کے مرض میں مبتلا تھا ۔ 
  وہیں دہی ہنڈی کا جشن منانے سے قبل دوسرا غمناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب ۳۹؍ سالہ جگموہن چودھری اپنے دوست کی بالکنی میں دہی ہنڈی کی رسی باندھتے وقت بلڈنگ سے گر پڑا اور علاج سے قبل ہی اس کی موت ہوگئی ۔ یاد رہے کہ تہوار سے چند روز قبل دہیسر میں دہی ہنڈی پھوڑنے کی مشق کے دوران بھی ایک ۱۱؍ سالہ گووندا کی موت ہوئی تھی ۔ وہیں ممبئی ، تھانے اور نوی ممبئی میں مذکورہ تہوار کے موقع پر شہری انتظامیہ کی فراہم کردہ اطلاع کے مطابق شہر ، مضافات اور اطراف میں دہی ہنڈی کا جشن مناتے وقت۳۱۸؍ گووند ا زخمی ہوئے ہیں ۔ زخمی ہونے والوں میں ایک۹؍ سالہ کا گووندا بھی شامل ہے جس کی حالت نازک بتائی جارہی ہے ۔ 
 شہر کے الگ الگ علاقوں میں جشن مناتے وقت اور دہی ہنڈی پھوڑنے کے دوران زخمی ہونے والوں کو شہر کے الگ الگ اسپتالوں میں داخل کیا گیا تھا ۔ اطلاع کے مطابق ممبئی کے مختلف اسپتالوں میںکل ۱۳۵؍ گووندا زخمی ہوئے تھے۔ علاج کے بعد ۱۱۹؍ کو ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ ۱۶؍ اب بھی زیر علاج ہیں جس میں ایک کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ اسی طرح تھانے میں ۷۲؍ زخمیوں کو داخل کیا گیا ۔۷۰؍ کو علاج کے بعد رخصت کر دیا گیا ۔دو ابھی زیر علاج ہیں جبکہ نوی ممبئی میں ۱۱۱؍ گووندا زخمی ہوئے تھے ، ۱۰۵؍ کو علاج کے بعد رخصت کر دیا گیا ، ۶؍ زیر علاج ہیں جس میں ایک کی حالت نازک بتائی جارہی ہے ۔
  دوسری طرف جشن کو پر امن بنانے اور نظم و نسق کو برقرار رکھنے کے مقصد سے ممبئی پولیس نے شہر اور مضافات میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر سخت کارروائی کی ہے ۔ جوائنٹ کمشنر ( ٹریفک ) انل کمبھارے کی فراہم کردہ اطلاع کے مطابق گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے ، ٹرپل سیٹ ، بنا ہیلمٹ ، لین کراسنگ ، بنا سیٹ بیلٹ یا شراب پی کر گاڑی چلانے  پر ۱۰؍ ہزار ۵۱؍ افراد کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ۔ ٹریفک پولیس کے بقول ۱۰؍ ہزار سے زائد قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر ایک کروڑ ۱۳؍ لاکھ ۵۷؍ ہزار ۲۵۰؍ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور ای چالان جاری کیا گیا ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK