Updated: November 09, 2026, 5:02 PM IST
| Amsterdam
فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی اور اسرائیل کے خلاف سخت اقدامات کے مطالبے پر ۸؍ نومبر کو ایمسٹرڈیم میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ منتظمین کے مطابق چوتھے ’ریڈ لائن‘ مظاہرے میں ۲؍ لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل، آکسفیم نوویب اور سیو دی چلڈرن سمیت ۱۳؍ تنظیموں نے مارچ کا اہتمام کیا اور ڈچ حکومت سے اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی روکنے، تجارتی پابندیاں سخت کرنے اور فلسطینی علاقوں پر قبضے کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔
مظاہرے کا منظر۔ تصویر: ایکس
غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور فلسطینیوں کی مسلسل ہلاکتوں کے خلاف یورپ میں احتجاجی تحریک ایک بار پھر شدت اختیار کرگئی ہے۔ نیدرلینڈز کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں اتوار ۸؍ نومبر کو منعقد ہونے والے چوتھے ’ریڈ لائن‘ مظاہرے میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ شرکا نے سرخ لباس پہن رکھے تھے اور فلسطینی پرچموں کے ساتھ ایسے بینر اٹھا رکھے تھے جن پر ’فری فلسطین‘، ’نسل کشی کے لیے کوئی سرمایہ نہیں‘ اور اسرائیلی قبضے کے خلاف نعرے درج تھے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نیدرلینڈز کے مطابق مارچ میں ۲؍ لاکھ سے زائد افراد شریک ہوئے، تاہم پولیس نے شرکا کی اپنی تعداد جاری نہیں کی۔ مظاہرے کا آغاز شہر کے معروف میوزیم پلین (Museumplein) سے ہوا، جہاں شرکا کی بڑی تعداد جمع ہوئی اور مقررین نے خطاب کیا۔ اس کے بعد مارچ وونڈل پارک (Vondelpark) کے اطراف سے گزرتا ہوا شہر کی مختلف سڑکوں پر آگے بڑھا۔ معمول کے مطابق مصروف رہنے والی سڑکوں پر مظاہرین کے باعث ٹریفک روک دی گئی۔ شرکا کی بڑی تعداد نے سرخ رنگ کے لباس اور اسکارف پہن رکھے تھے، جو اس تحریک میں مزاحمت اور فلسطینیوں سے یکجہتی کی علامت بن چکا ہے۔ مظاہرین مسلسل ’فری، فری فلسطین‘ کے نعرے لگاتے رہے۔
یہ نیدرلینڈز میں چوتھا بڑا ’ریڈ لائن‘ مظاہرہ تھا، جبکہ ایمسٹرڈیم میں یہ تحریک کا دوسرا بڑا مارچ ہے۔ اس سے قبل اکتوبر ۲۰۲۵ء میں اسی شہر میں منعقدہ مظاہرے میں منتظمین نے تقریباً ڈھائی لاکھ ہزار افراد کی شرکت کا دعویٰ کیا تھا۔ اس سے پہلے مئی اور جون ۲۰۲۵ء میں دی ہیگ میں بھی بڑے احتجاجی مارچ منعقد کیے گئے تھے، جن میں بالترتیب ایک لاکھ اور ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ افراد کی شرکت کا تخمینہ پیش کیا گیا تھا۔ یوں فلسطین کے حق میں ہونے والے یہ مظاہرے نیدرلینڈز کی حالیہ تاریخ کی بڑی عوامی احتجاجی سرگرمیوں میں شمار ہونے لگے ہیں۔ اس مرتبہ مارچ کا اہتمام ۱۳؍ تنظیموں کے اتحاد نے کیا، جن میں ایمنسٹی انٹرنیشنل (Amnesty International)، آکسفیم نوویب (Oxfam Novib)، سیو دی چلڈرن (Save the Children)، پی اے ایکس (PAX)، دی رائٹس فورم (The Rights Forum)، ڈاکٹرز فار غزہ (Doctors for Gaza)، بی ڈی ایس (BDS) اور گلوبل صمود فلوٹیلا (Global Sumud Flotilla) شامل ہیں۔ تنظیموں کا کہنا تھا کہ فلسطینی شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑا جاسکتا اور ڈچ حکومت کو اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف واضح اور عملی موقف اختیار کرنا چاہیے۔ بچوں کے لیے کام کرنے والی تنظیم سیو دی چلڈرن نے مظاہرے میں خصوصی گوشہ بھی قائم کیا، جہاں بچوں کو غزہ کے بچوں کے لیے اپنی خواہشات اور پیغامات لکھنے اور تصویری شکل میں پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔
مظاہرین کے مطالبات میں اسرائیل کے ساتھ تجارت پر سخت پابندیاں، مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی قبضے اور مبینہ خلاف ورزیوں سے فائدہ اٹھانے والی کمپنیوں کے ساتھ کاروباری تعلقات ختم کرنا، اسرائیل کو براہِ راست اور بالواسطہ اسلحے کی فراہمی روکنا اور فوجی تعاون ختم کرنا شامل تھا۔ منتظمین نے ڈچ حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر سیاسی، اقتصادی اور سفارتی دباؤ میں اضافہ کرے تاکہ فلسطینی علاقوں پر قبضے کا خاتمہ اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری ممکن ہوسکے۔ مظاہرے کے لیے ’نسل کشی کے لیے کوئی سرمایہ نہیں‘ (No Money for Genocide) کا عنوان بھی استعمال کیا گیا۔ مظاہرے سے خطاب کرنے والوں میں غزہ سے تعلق رکھنے والی جلاوطن صحافی امل ہیلِس (Amal Helles)، فلسطینی گلوکارہ نائی بارغوتی (Nai Barghouti)، سابق ڈچ وزیر لیلیان پلومین (Lilianne Ploumen) اور بی ڈی ایس تحریک کے شریک بانی عمر برغوتی (Omar Barghouti) شامل تھے۔ امل ہیلِس نے غزہ کی صورتِ حال اور وہاں کے شہریوں کے تجربات بیان کیے، جبکہ سابق وزیر پلومین نے اسرائیل کے خلاف مزید سخت اقدامات کے مطالبے کو دہرایا۔ منتظمین نے اس موقع پر سابق وزرا اور سفارت کاروں کی جانب سے بھی حکومت کو بھیجی گئی اپیل کا حوالہ دیا، جس میں اسرائیل کے خلاف زیادہ سخت پالیسی اختیار کرنے پر زور دیا گیا تھا۔
ڈچ حکومت پر مظاہرین کی تنقید کا بنیادی نکتہ یہ تھا کہ اسرائیل کے خلاف اب تک کیے گئے اقدامات ناکافی ہیں۔ نیدرلینڈز کی موجودہ حکومت نے اسرائیلی مقبوضہ بستیوں سے مصنوعات کی درآمد پر پابندی عائد کی ہے، جبکہ اسرائیل کے خلاف یورپی سطح پر تجارتی اقدامات کی حمایت بھی کی ہے۔ تاہم احتجاجی تنظیمیں چاہتی ہیں کہ پابندیوں کا دائرہ وسیع کیا جائے اور ایسی تمام تجارت و سرمایہ کاری روکی جائے جو ان کے مطابق قبضے اور فلسطینیوں کے خلاف کارروائیوں کو برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ وزیر اعظم روب یٹین نے جمعہ کو اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس میں حکومت کے موقف کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ انتظامیہ غزہ کی صورتِ حال بہتر بنانے اور اسرائیل پر سیاسی و سفارتی دباؤ بڑھانے کے لیے مسلسل کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اسرائیل پر زور دے رہی ہے کہ وہ غزہ سے متعلق اپنے وعدوں کی پابندی کرے۔ یٹین نے یہ بھی واضح کیا تھا کہ وہ اس مرتبہ مارچ میں شرکت نہیں کریں گے، کیونکہ اب وہ وزیر اعظم ہیں اور ان کے عہدے کے تقاضے مختلف ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: فرانس میں لگاتار چوتھے سنیچر کو مظاہرہ
اسرائیل غزہ میں نسل کشی کے الزامات کو مسترد کرتا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ ۷؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء کو حماس کی قیادت میں اسرائیل پر ہونے والے حملوں کے بعد اس کی فوجی کارروائی اپنے دفاع کے لیے شروع کی گئی تھی۔ ان حملوں میں تقریباً ۱۲۰۰؍ افراد ہلاک اور ۲۵۱؍ کو یرغمال بنایا گیا تھا۔ دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر فلسطینی ہلاکتیں، مکانات اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی اور انسانی بحران سامنے آیا ہے۔ ۱۰؍ اکتوبر ۲۰۲۵ء کو جنگ بندی نافذ ہونے کے باوجود غزہ میں اسرائیلی حملوں اور فلسطینیوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ مکمل طور پر نہیں رکا۔ مظاہرے کے دوران پولیس نے مجموعی طور پر چار افراد کو حراست میں لیا، تاہم پولیس کے مطابق مارچ مجموعی طور پر پُرامن اور منظم رہا۔ اس احتجاج نے ایک بار پھر ظاہر کیا ہے کہ غزہ کا معاملہ نیدرلینڈز میں محض خارجہ پالیسی کا موضوع نہیں رہا بلکہ عوامی سطح پر بھی حکومت کے لیے ایک بڑا سیاسی اور اخلاقی سوال بن چکا ہے۔ دو لاکھ سے زائد افراد کی شرکت کا منتظمین کا دعویٰ اس بات کی علامت ہے کہ فلسطینیوں سے یکجہتی اور اسرائیل کے خلاف سخت اقدامات کا مطالبہ ملک میں وسیع عوامی حمایت حاصل کرنے کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔