• Sun, 28 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی اور اطراف میں ٹرانسپورٹ کیلئے ۲۰۲۵ء نشیب و فراز سے بھرا رہا

Updated: December 28, 2025, 5:35 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

تجدید کاری کیلئے بند کی گئی مونو ریل اب تک بند ہے، میٹرو۳؍ کی مکمل خدمات شروع ہوئیں لیکن کئی مرتبہ مسائل پیدا ہوئے، بائیک ٹیکسی شروع کی گئی جو تنازعات میں گھر گئی ہے۔

Fire brigade personnel rescue passengers trapped in the monorail. Photo: INN
فائربریگیڈ کا عملہ مونو ریل میں  پھنسے مسافروں  کو نکال رہا ہے۔ تصویر: آئی این این

سال ۲۰۲۵ء ممبئی اور اطراف کے علاقوں کی سڑکوں کی طرح نشیب و فراز اور گڑھوں سے بھرا رہا۔ مسافروں سے بھری مونو ریل چند مرتبہ خطرناک طریقہ سے پھنسنے کے بعد تجدید کاری کے نام پر ستمبر سے بند کی گئی اور اب تک بند ہے۔ زیر زمین میٹرو مکمل طور پر شروع کی گئی اور چند مرتبہ خدمات بری طرح متاثر ہو چکی ہیں۔ ممبئی میں بائیک ٹیکسی شروع کی گئی ہے جو تنازعات کا شکار ہوئی۔ نوی ممبئی ایئر پورٹ پر پروازوں کی آمدورفت شروع ہوگئی ہے۔ 
مونو ریل بند
ممبئی میں مونو ریل خدمات ۲۰۱۴ء میں شروع کی گئی تھیں اور کو وڈ وباء میں لاک ڈاؤن کا وقفہ ملا کر اب تک ۳؍ مرتبہ مکمل طور پر بند کی جاچکی ہیں۔ مسافر کم ملنے کی وجہ سے یہ خدمات کامیاب نہیں رہیں اور اسے چلانے میں حکومت کو نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے جس کی وجہ سے اسے سفید ہاتھی بھی کہا جاتا ہے۔ البتہ دھیرے دھیرے اس کے مسافروں میں اضافہ ہوتا رہا اور تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے مسافر بردار مونو ریل کے بیچ راستے میں رکنے کے کئی واقعات رونما ہوئے۔ 
پہلی مرتبہ مونوریل کی خدمات اس وقت مکمل طور پر بند کی گئی تھی جب نومبر ۲۰۱۷ء میں میسور کالونی اسٹیشن پر ایک مونو ریل میں آگ لگنے سے ۲؍ کوچ خاکستر ہوگئے تھے البتہ اس میں کوئی زخمی نہیں ہوا تھا۔ اس واقعہ کی وجہ سے مونوریل خدمات مکمل طور پر بند کردی گئی تھیں اور تقریباً ۱۰؍ مہینوں بعد شروع کی گئی تھیں۔ اس کے بعد کووڈ وبا کے دوران تقریباً ۷؍ ماہ تک یہ خدمات بند رہیں۔ تاہم سب سے بڑا مسئلہ ۱۹؍ اگست کی شام کو پیدا ہوا تھا جب بھاری بارش کے دوران بجلی سپلائی منقطع ہونے سے ایک مونو ریل بھکتی پارک اور چمبور کے درمیان چند گھنٹوں تک پھنسی رہ گئی اور پھر فائر بریگیڈ کی مدد سے تقریباً ۲۰۰؍ مسافروں کو اس میں سے باہر نکالا گیا تھا۔ اس وقت حالات اتنے خراب ہوگئے تھے کہ ٹرین ایک طرف جھک گئی تھی اور موٹرمین کے کہنے پر تمام مسافر دوسری جانب چلے گئے تھے تاکہ اونچائی سے مونو ریل نیچے نہ گرجائے۔ اس کے بعد بھی کئی مرتبہ مسافر زیادہ ہوجانے کی وجہ سے مونو ریل کو روک کر مسافروں کی تعداد کم کرکے خدمات جاری رکھی گئی تھیں۔ باربار کے مسائل کی وجہ سے پوری مونو ریل کی تجدید کاری کیلئے اسے ۲۰؍ ستمبر ۲۰۲۵ء سے بند کردیا گیا ہے۔ اس وقت کہا گیا تھا کہ جلد ہی اسے دوبارہ شروع کیا جائے گا لیکن یہ خدمات اب تک بند ہیں۔ 
زیر زمین میٹرو۳ (ایکوا لائن)
جنوبی ممبئی میں کف پریڈ سے باندرہ کرلا کمپلیکس ہوتے ہوئے آرے کالونی تک زیر زمین میٹرو ۳؍ یا ایکوا لائن ۳۳ء۵؍ کلو میٹر طویل راستے پر چلائی جاتی ہے اور ۸؍ اکتوبر ۲۰۲۵ء کو اس پوری لائن کو عوام کیلئے شروع کردیا گیا ہے۔ 
میٹرو لائن کا پہلا مرحلہ آرے کالونی سے بی کے سی تک ۲۰۲۴ء میں شروع کیا گیا تھا اور دوسرا مرحلہ مئی ۲۰۲۵ء میں شروع کیا گیا تھا لیکن محض ۲؍ ہفتوں بعد مئی میں ہی شدید بارش کے سبب ورلی میں واقع آچاریہ آترے چوک اسٹیشن کو پانی بھر جانے کے سبب بند کرنا پڑا تھا۔ ورلی سے کف پریڈ تک تیسرا اور آخری مرحلہ۸؍ اکتوبر ۲۰۲۵ء کو شروع کیا گیا ہے لیکن اس کے بعد سے تکنیکی خرابی کے سبب یہ خدمات تھوڑے تھوڑے وقفہ کیلئے چند مرتبہ متاثر ہوچکی ہیں۔ البتہ اب تک کا سب سے بڑا مسئلہ ۲۵؍ نومبر کو پیش آیا تھا جب آچاریہ آترے چوک اسٹیشن پر ایک میٹرو ۲۰؍ منٹ تک کھڑی رہ گئی اور اس کے پیچھے ٹرینوں کی قطار لگ گئی تھی۔ میٹرو ۳؍ کے جتنے کامیاب ہونے کی امید کی گئی تھی اب تک یہ اتنی کامیاب ثابت نہیں ہوئی ہے۔ 
بائیک ٹیکسی
ممبئی میں ستمبر ۲۰۲۵ء میں بائیک ٹیکسی کی خدمات باقاعدہ طور پر شروع کی گئی ہے۔ اس میں ابتدائی طور پر حکومت مہاراشٹر نے بالترتیب اولا، اوبر اور ریپیڈو چلانے والی ۳؍ بڑی کمپنیوں کو عبوری لائسنس دے کر بائیک ٹیکسی چلانے کی اجازت دی ہےلیکن نومبر کے اخیر تک محض ۱۰۰؍ بائیک ٹیکسیوں کا باقاعدہ رجسٹریشن کرایا گیا تھا، اس کے علاوہ دیگر گاڑیاں غیرقانونی طور پر چلائی جارہی تھیں۔ اس دوران چند بائیک ٹیکسیاں حادثہ کا شکار بھی ہوئیں جس میں مسافروں کی موت ہوچکی ہے یا وہ زخمی بھی ہوچکے ہیں۔ مزید یہ کہ پالگھر میں بائیک ٹیکسی کے ایک ڈرائیور نے ایک نوجوان خاتون مسافر کے ساتھ دست درازی کی کوشش کی تھی جسے عوام نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا تھا۔ ان سب واقعات کی وجہ سے بائیک ٹیکسی اب تک مختلف تنازعات کا شکار رہی ہے۔ 
نوی ممبئی ایئر پورٹ
نوی ممبئی میں تعمیر کئے گئے نئے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ۲۵؍ دسمبر ۲۰۲۵ء سے پروازوں کی آمدورفت کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ پہلے ہی دن یہاں ۴۸؍ پروازوں کی آمدورفت ہوئی جس میں تقریباً ۴؍ ہزار مسافروں نے سفر کیا۔ محض ۳؍ سے ۴؍ روز قبل شروع کئے گئے اس ایئرپورٹ پر اب تک خدمات کے تعلق سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے۔ امید ہےکہ اس ایئرپورٹ سے ممبئی ایئر پورٹ کا بوجھ کم ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK