کئی مقامات پر بیسٹ کی ہڑتال سے پریشان مسافروں نے بسوں پر پتھراؤ اورتوڑ پھوڑ کی جس پر کا رروائی کی گئی ہے۔
ممبئی میں بیسٹ کی ہڑتال سے مسافروں کو دشواریاں پیش آرہی ہیں-تصویر:آئی این این
ممبئی میں بیسٹ بس ڈرائیوروں اور یونینوں کی ہڑتال کے سبب مسافروں کو انتہائی پریشانیوں کو سامنا کرنا پڑ رہا ہےجس کے سبب کچھ مقامات پر برہم مسافروں کی جانب سے بسوں پر پتھراؤ اور توڑ پھوڑ کئے جانے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اب تک شہرو مضافات میں بسوں پر پتھراؤ کرنے اور توڑ پھوڑ کرنے کی پاداش میں بے شمار نامعلوم ملزمین کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے جبکہ ۲۳؍ افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے ۔ برہن ممبئی الیکٹرک سپلائی اینڈ ٹرانسپورٹ کے ملازمین کی ہڑتال اتوار کو تیسرے دن میں داخل ہوچکی ہے ۔
اس ہڑتال اور سفر میں پیش آنے والی دقتوں سے پریشان کئی مسافروں نے شہر کے الگ الگ مقامات پر بسوں پر پتھراؤ کیا اور کئی بسوں کو نقصان پہنچایا ہے ۔موصولہ اطلاع کے مطابق دھاراوی پولیس نے بیسٹ بس ڈرائیور بھاؤ گھلے کی شکایت پر چند نامعلوم ملزمین کے خلاف کیس درج کیا ہے جنہوںنے ڈرائیور سے نہ صرف مار پیٹ کی بلکہ ہڑتال میں شامل ہونے پر بس کا ٹائر پھاڑ دیا اور پتھر سے بس کی کانچ توڑ دی ۔ اسی طرح بانگور نگر پولیس اسٹیشن نے ملاڈ میں مائنڈ اسپیس کے قریب بس پر پتھراؤ کئے جانے اور ٹکٹ انسپکٹر راجیش پاٹل کی شکایت پر چند نامعلوم ملزمین کے خلاف کیس درج کیا ہے ۔اسی طرح گوریگاؤں میں بس کی کھڑکیاں توڑنے، دہیسر میں دو بسوں کو نقصان پہنچانے اور نیشنل پارک میٹرو اسٹیشن کے قریب بوریولی اسٹیشن راولپاڑہ جانے والے بس کو بھی نقصان پہنچایا گیا ہے ۔ اس کےساتھ ہی گھاٹکوپر پنت نگر میں بھی بسوں پر حملہ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔