• Fri, 02 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

الیکشن ڈیوٹی کی ٹریننگ سے ۲۵؍فیصد عملہ غیر حاضر رہا، نوٹس دینے کی کارروائی شروع

Updated: January 02, 2026, 4:08 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

میونسپل الیکشن کیلئے اس تربیت کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ دوسری ٹریننگ میں حصہ نہ لینےپر فوجداری مقدمہ درج کرانے کا انتباہ۔

Training is being given to employees regarding collective action. Picture: INN
ملازمین کوالیکشن سے متعلق ٹریننگ دی جارہی ہے۔ تصویر: آئی این این
شہری انتظامیہ نے ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کیلئے۷۵؍ہزار ملازمین کو الیکشن ڈیوٹی دینے کا فیصلہ کیاہے۔ ان ملازمین کو ۲؍ مرحلوں میں ٹریننگ دینے کا عمل شروع ہوگیاہے۔ پہلے مرحلہ کی ٹریننگ ۲۹؍دسمبر سے ۲؍ جنوری کے درمیان دی گئی ہے ، اس دوران ۲۵؍فیصد سے زیادہ ملازمین کے ٹریننگ سے غیر حاضر رہنےکا انتظامیہ نے سخت نوٹس لیا ہے۔انہیں نوٹس بھیجنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔ دوسرے مرحلہ کی ٹریننگ میں اگر ان لوگوںنے شرکت نہیں کی تو ان کے خلاف فوجداری   مقدمہ درج کرانے کا انتباہ دیا گیا ہے۔
واضح رہےکہ شہری انتظامیہ ۱۵؍ جنور ی کو ہونےوالےمیونسپل کارپوریشن   ا نتخابات کو شفاف اور خوش اسلوبی سے منعقد کرنے کو یقینی بنانے کیلئے کمر بستہ ہے ۔ اس لئے متعلقہ افسران اور ملازمین کو ووٹنگ اور گنتی کے دوران کسی قسم کی بدنظمی سے بچنے کیلئے تربیت فراہم کی جا رہی ہےلیکن ٹریننگ کےدوران ۲۵؍فیصد ملازمین کےغیر حاضر رہنے کا انتظامیہ نے سنجیدگی سے نوٹس لیاہے۔غیر حاضر رہنے والے افسران  اور ملازمین کو نوٹس جاری کرنا شروع کر دیاہے۔ اگر یہ لوگ اگلی ٹریننگ میں حاضر نہیں ہوتےہیں توان کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرایا جاسکتا ہے۔
مجموعی طور پر۷۵؍ہزار افسران اور ملازمین کو الیکشن ڈیوٹی دی گئی ہے،جن میں ۱۵؍ہزار عام انتخابات کے کاموں کیلئے اور ۶۰؍ ہزار اصل ووٹنگ اور گنتی کے کاموں پر مامور ہوںگے۔ ووٹنگ اور گنتی کے دن کسی بھی طرح کی بدنظمی سے بچنے کیلئے شہری انتظامیہ نے انہیں دو مرحلوں میں ۲۹؍ دسمبر سے ۲؍جنوری اور ۵؍سے ۸؍جنوری کو ٹریننگ دینے کااعلان کیاتھا۔
واضح رہےکہ ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کیلئے ۱۰؍ ہزار ۲۳۱؍ پولنگ اسٹیشنوں کا انتظام کیا گیا ہے اور تقریباً ۶۴؍ہزار ۳۷۵؍ افسران اور ملازمین کوڈیوٹی دی جائے گی۔
انتظامیہ نے متعلقہ افراد کو منصوبہ کے مطابق ۲۹؍دسمبر سے شروع ہونے والی ٹریننگ میں شرکت کا حکم دیا تھا۔ ٹریننگ کی تاریخ، وقت اور مقام تمام متعلقہ افسران اور ملازمین کو الگ الگ تقرری آرڈر کے ذریعے دے دیا گیاتھا۔ سب کو یہ بھی بتایا گیا  ہے کہ یہ ٹریننگ لازمی ہے، اس کے باوجود ۲۵؍فیصد ملازمین ٹریننگ سے غیر حاضر رہے۔ انتظامیہ نے اس کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے غیر حاضر ملازمین کو نوٹس دینا شروع کر دیاہے۔ انہیں ۵؍سے ۸؍ جنوری تک ہونے والی ٹریننگ میں شرکت کا حکم دیا گیا ہے۔غیر حاضر رہنےوالے افسران اور ملازمین کے خلاف ممبئی میونسپل کارپوریشن ایکٹ ۱۸۸۸ءکے سیکشن ۲۸؍(اے) کے تحت تادیبی بشمول فوجداری کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK