Inquilab Logo

ترنمول کانگریس کے ۲۵؍ لیڈروں پر ای ڈی کی جانچ کا خطرہ

Updated: August 23, 2022, 9:54 AM IST | kolkata

ان میں سے ۱۹؍ وزیراورایم ایل ایز ہیں، ممتا بنرجی کی پارٹی کا انتباہ، ٹی ایم سی کو بدنام کرنے والوں کو سبق سکھایا جائے گا، ای ڈی کیخلاف تین وزیر ہائی کورٹ پہنچے

CBI officers on their way to raid Shivshambhu Rice Mill (Photo: PTI)
شیوشمبھو رائس مل پر چھاپہ مارنے کیلئے جاتے ہوئے سی بی آئی کے افسران (تصویر: پی ٹی آئی)

مغربی بنگال کے سابق وزیرپارتھو چٹرجی  اور ترنمول کانگریس کے سینئر لیڈر انوبرتا کی گرفتاری کے بعد  ٹی ایم سی کے ۲۵؍ لیڈروں پر ای  ڈی کی جانچ کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ ان میں سے ۱۹؍ وزیر اور ایم ایل ایز ہیں۔  یہ خطرہ ابھی حال ہی میں کلکتہ ہائی کورٹ کے ایک حکم کی وجہ سے پیدا ہوا ہے جس میں اس نے ٹی ایم سی کے ۲۵؍ لیڈروں کی آمدنی میں بے تحاشہ اضافے کی جانچ کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے اس میں ای ڈی کو بھی ایک فریق بنانے کی بات کہی ہے۔ 
 خیال رہے کہ ۲۰۱۷ءمیں کولکاتا کے ایک وکیل بپلب رائے چودھری نے ایک پی آئی ایل دائر کی تھی۔ اس میں انہوں نے کہا تھا کہ۲۰۱۱ء سے۲۰۱۶ء کے درمیان ٹی ایم سی کے۱۹؍ ایم ایل ایز کی جائیداد میں بے حساب اضافہ ہوا ہے،اسلئے اس کی جانچ ہونی چاہئے۔ ان میں فرہاد حکیم کا نام بھی شامل ہے جو کہ کولکاتا کے میئر ہیں اور ممتا کے قریبی مانے جاتے ہیں۔ دریں اثنا  ترنمول کانگریس نے انتباہ دیا ہے کہ پارٹی کو بدنام کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ترنمول کانگریس کے سینئر ممبر پارلیمنٹ سوگت رائے نے کہا کہ جن لوگوں نے غلطیاں کی ہیں، انہیں سزا  ضرورملے گی مگر ترنمول کانگریس کے تمام لیڈروں اور کارکنوں کو ’چور‘ کہنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور انہیں بخشا نہیں جائے گا۔ خیال رہے کہ پارتھو چٹرجی اور  ٹی ایم سی کے سینئر لیڈر انوبرتا منڈل کی گرفتاری کے بعد ترنمول کانگریس کے لیڈروں کو بی جے پی کارکنوں اور حامیوںکی جانب سے جگہ جگہ ’چو ر چور‘ کے نعرے سے سننے پڑرہے ہیں۔
  سوگت رائے نے کہاکہ ہم ہمیشہ لوگوں کیلئے کام کر تے رہے ہیں، لیکن بہت سے لوگ ہمارے نام پر ہنگامہ بھی کروا رہے ہیں۔ میں ان سے پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ جس نے بھی گناہ کیا ہے، اسے سزا ضرور ملے گی۔ ہم پارٹی کی طرف سے بھی ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی کریں گے لیکن اگر کوئی ترنمول میں سب کو چورکہتا ہے تو ہم اس کے خلاف کھڑے ہوں گے اور انہیں سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ممتا بنرجی کے نام پر کوئی بہتان یا پروپیگنڈہ برداشت نہیں کریں گے۔
 خیال رہے کہ ترنمول کانگریس نے ایک جانب جہاں پارتھوچٹرجی سے ایک فاصلہ بنالیا ہے وہیں انوبرتا منڈل کے ساتھ اب تک کھڑی ہوئی نظر آرہی ہے۔سوگت  رائے نے کہا کہ انوبرتا کے خلاف رقم کی وصولی کیلئے کوئی ثبوت نہیں ملے ہیں۔ اس سے قبل ریاستی وزیر فرہاد حکیم نے بھی ترنمول کانگریس کے لیڈروں کو بدنام کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی بات کہی تھی۔ سوگت رائے کے بیان پر سی پی ایم لیڈر سوجن چکرورتی نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ سوگت رائے کیا کہنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا ہے۔
 بپلب رائے چودھری کی عرضی پر گزشتہ۵؍ سال سے کوئی خاص پیش رفت نہیں ہوئی تھی تاہم گزشتہ دنوں پارتھو چٹرجی کی معاون ارپتا مکھرجی کے گھر سے۵۰؍ کروڑ روپے نقد اور۵؍کلو سونا برآمد ہونے کے بعد چودھری دوبارہ ہائی کورٹ پہنچے۔ انہوں نے ہائی کورٹ میں ارپتا کے گھر  سے ملنے والی نقد رقم کے ویڈیو  دکھاتے ہوئے ایک بار پھر اپیل کی کہ ان کی عرضی میں نشان دہی کئے گئے۱۹؍ ایم ایل ایز کی جائیداد کی جانچ کا حکم دیا جائے۔ہائی کورٹ نے ان کی عرضی کو قبول کرتے ہوئے ای ڈی کو بھی اس جانچ میں ایک فریق کے طور پر شامل کرنے کیلئے کہا۔ اس سلسلے میں ای ڈی سے۱۲؍ ستمبر تک جواب طلب کیا گیا ہے۔
 ہائی کورٹ کا حکم آتے ہی ٹی ایم سی کے تین وزراء فرہاد حکیم، جیوتی پریہ ملک اور اروپ رائے بھی عدالت پہنچے۔ انہوں نے عرضی دی کہ ای ڈی کو تحقیقات میں شامل نہیں کیا جانا چاہئے کیونکہ  اس معاملے میں الیکشن کمیشن اور محکمہ انکم ٹیکس کو کسی بھی قسم کے غلط کام کا کوئی ثبوت نہیں مل سکا ہے۔اس کے علاوہ بھی کئی  اوردلائل  پیش کئے گئے۔ ترنمول کانگریس کی کوشش یہی ہے کہ  ای ڈی کو جانچ کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے۔ اب ای ڈی اس کی جانچ کرے گی یا نہیں، اس کا فیصلہ ہائی کورٹ ہی کرے گا لیکن موجودہ سیاسی حالات کو سمجھنے والوں کاخیال ہے کہ ترنمول کانگریس کے پیچھے ای ڈی کی انٹری یقینی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK