رانچی میں ’آئین بچاؤ ریلی ‘‘ میں ملکارجن کھرگے کا الزام، سوال کیا کہ خفیہ معلومات مقامی پولیس کو فراہم کرکے سیکوریٹی انتظامات کیوں نہیں بڑھائے گئے؟
EPAPER
Updated: May 06, 2025, 11:40 PM IST | New Delhi
رانچی میں ’آئین بچاؤ ریلی ‘‘ میں ملکارجن کھرگے کا الزام، سوال کیا کہ خفیہ معلومات مقامی پولیس کو فراہم کرکے سیکوریٹی انتظامات کیوں نہیں بڑھائے گئے؟
کانگریس صدرملکارجن کھرگے نے پہلگام کے دہشت گردانہ حملے کیلئے مودی حکومت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے منگل کو سنگین الزامات عائد کئے۔ انہوں نے سوال کیا کہ انٹیلی جنس رپورٹ پر مودی نے کشمیر دورہ منسوخ کیاتو سیاحوں کےتحفظ کا انتظام کیوں نہیں کیا۔ رانچی میں کانگریس کی ’’آئین بچاؤ ریلی‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ ’’مجھے اطلاع ملی ہے کہ حملے سے ۳؍ دن قبل ، مودی کو انٹیلی جنس کی ایک رپورٹ بھیجی گئی تھی اور اسی وجہ سے مودی نے اپنا کشمیر دورہ منسوخ کیا۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’جب انٹیلی جنس رپورٹ یہ کہتی ہے کہ آپ کی سیکوریٹی کیلئے دورہ ٹھیک نہیں ہے تو آپ نے سیکوریٹی حکام، انٹیلی جنس اور پولیس اور سرحد ی فورس کو عام شہریوں کے تحفظ کی ہدایت کیوں نہیں دی؟‘‘ کھرگے نے کہا کہ ’’آپ کو خبر ملی تو آپ نے اپنا دورہ تو منسوخ کردیا مگر وہاں موجود سیاحوں کو بچانے کیلئے اضافی فورس نہیں بھیجی۔‘‘
یہ حوالہ دیتے ہوئے کہ آ ل پارٹی میٹنگ میں حکومت نے ’’انٹیلی جنس کی ناکامی‘‘ کا اعتراف کیا ہے، کانگریس لیڈر نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ نے تسلیم کیا کہ انٹیلی جنس کی ناکامی تھی۔جب مرکز جانتا تھا کہ دہشت گردانہ حملہ ہوسکتا ہے تو لوگوں کوبچانے کیلئے نظام کو متحرک کیوں نہیں کیا گیا؟‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’کیا پہلگام حملوں میں بے قصوروں کی اموات کیلئے مرکز کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جانا چاہئے؟ ا س کے ساتھ ہی انہوں نے اس اعلان کو دہرایا کہ ہندوستان پاکستان کے خلاف جو بھی قدم اٹھائے گا، کانگریس قوت کے ساتھ اس میں حکومت کا ساتھ دے گی۔