وزیر اعظم کی ایندھن کم استعمال کرنے کی اپیل کیا صرف عوام کیلئے ہے ؟ممبئی کانگریس کی صدرورشا گائیکواڑ کا سوال ۔
ممبئی بی جے پی صدرکےقافلے میں شامل گاڑیاں دیکھی جا سکتی ہیں- تصویر:آئی این این
’عالمی بحران ‘ سے نمٹنے کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوا ر کو ملک کے عوام کو ۱۱؍ مشورے دیئے ہیں، جن میں کسی تقریب میں کئی کاروں کی جگہ ایک کار لے جانے اور پٹرول اور ڈیزل کم خرچ کرنے کی اپیل بھی شامل ہے لیکن منگل کو ممبئی بی جے پی کے صدر امیت ساٹم ممبئی کے متعدد نالوں کا دورہ کیا اور اس دورے میں ۴؍ اور ۶؍ نہیں بلکہ ۲۵؍ گاڑیوں کا قافلہ شامل تھا۔ ممبئی کانگریس کی صدر و رکن پارلیمان پروفیسر ورشا گائیکواڑ نے اس قافلے کا ویڈیو ’ ایکس‘ پر پوسٹ کیا اور سوال کیا کہ ’’وزیر اعظم مودی جی قوم کو ایندھن بچانے کا سبق دے رہے ہیں اور دوسری طرف ممبئی بی جے پی کے صدر امیت ساٹم ۲۵؍گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ نالے کی صفائی کا معائنہ کرنے گئے! کیا وزیر اعظم کی نصیحت صرف عام لوگوں کیلئے ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ ’’عوام کو قربانی کا مشورہ دے کر خود۲۵؍ گاڑیوں کے قافلے میں گھوم رہے ہیں! کیا ممبئی بی جے پی کے صدر کا نالوں کی صفائی کا یہ ’ شاہی ‘دورہ ایندھن کے ضیاع نہیں؟ یا امیت ساٹم گٹروںسے نکلنے والی گیس سے گاڑیاں چلا رہے ہیں؟ پروفیسر ورشا گائیکواڑ نے مزید کہا کہ ’’بی جے پی عوام سے تو احتیاط برتنے کی اپیل کر تی ہے لیکن خود اس پر عمل نہیں کرتی۔‘‘
واضح رہے کہ اتوار کو سکندرآباد( تلنگانہ) میں ایک عوامی ریلی سے خطاب میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا تھاکہ عوام پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم مثلاً ٹرینوں اور بسوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں تاکہ پرائیویٹ گاڑیوں کے ذریعہ پیٹرول اور ڈیزل کم سے کم خرچ ہو۔ انہوںنے بجلی سے چلنے والی موٹر گاڑیوں کی وکالت کی نیز ’’کارپولنگ‘‘ کا مشورہ دیا تاکہ ایک ہی دفتر کے جو لوگ الگ الگ گاڑیوں میں سفر کرتے ہیں وہ کسی ایک ساتھی کی کار کا استعمال کریں اور بقیہ کاروں کو گھروں پر ہی رہنے دیں۔ بقول وزیر اعظم اس سے پیٹرول اور ڈیزل پر انحصار کم ہوگا۔ انہوںنے کووڈ کے دور کی یاد دِلاتے ہوئے ورک فرام ہوم اور ویڈیو کانفرنسنگ /ورچوئل میٹنگیں کے طریقے کو اپنانے کا بھی مشورہ دیا ۔