ایسے ہزاروں افراد کی شناخت کی گئی ہے جن کے غیر ملکی اثاثے ہوسکتے ہیں، پہلےانہیں دوبارہ ریٹرن فائل کرکے ٹیکس ادا کرنے پر آمادہ کیا جائےگا۔
حکومت آئی ٹی ریٹرن فائل کرتے وقت غیر ملکی اثاثوں کی تفصیل چھپانےوالوں کو نشانہ بنانے اور مذکورہ اثاثوں پر ٹیکس ادا کرنے پر راضی کرنے کی کوشش کریگی۔ تصویر:آئی این این
انکم ٹیکس محکمہ ایسے تقریباً ۲۵؍ ہزار ٹیکس دہندگان کو نشانہ بنانے کی تیاری کر رہا ہے جن کے بارے میں اندیشہ ہے کہ ان کے پاس بیرون ملک اثاثے موجود ہیں مگر انہوں نے مالی سال۲۶-۲۰۲۵ء کیلئے داخل کئے گئے انکم ٹیکس ریٹرن میں انہیں ظاہر نہیں کیا۔یہ تمام افراد اُن ’’ہائی رسک‘‘ معاملات سے جڑے ہوئے ہیں جن کی نشاندہی غیر ملکی حکومتوں کی جانب سے عالمی ڈیٹا کے تبادلے کے ذریعے ہوئی ہے۔ ان سے ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعے رابطہ کیا جائے گا، جواحساس دلا کر ٹیکس کی ادائیگی کیلئےآمادہ کرنے کی ’’نَج ‘‘ (Nudge)مہم کا حصہ ہیں۔
پہلے مرحلے میں محکمہ انکم ٹیکس متعلقہ افراد کو ایس ایم ایس اور / یا ای میل بھیجے گا۔ ان ٹیکس دہندگان سے کہا جائےگا کہ وہ۳۱؍ دسمبر۲۰۲۵ء تک اپنے ریٹرن دوبارہ جمع کرائیں تاکہ جرمانوں سے بچ سکیں۔وسط دسمبر میں، حکومت کا یہ اقدام دوسرے مرحلے میں داخل ہوگا، جس میں مزید ایسے معاملات کو شامل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بلیک منی ایکٹ کے مطابق غیر ملکی اثاثے ظاہر نہ کرنے پر۱۰؍لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ۳۰؍ فیصد ٹیکس اور بقایا ٹیکس پر۳۰۰؍فیصد تک کا جرمانہ بھی نافذ ہوسکتاہے۔انکم ٹیکس محکمہ کا کہنا ہے کہ ’’ عالمی سطح پر ڈیٹا کے تبادلے کے ذریعے۲۵-۲۰۲۴ء کیلئے موصول شدہ معلومات کے تجزیہ میں ایسے کئی معاملات کی نشاندہی ہوئی ہے جن میں غیر ملکی جائیدادوں کا امکان موجود ہے لیکن ۲۶-۲۰۲۵ء کیلئے داخل کئے گئے انکم ٹیکس ریٹرن میں انہیں ظاہر نہیں کیا گیا۔‘‘
یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی ایسی ہی ’’نَج‘‘ مہم چلائی گئی تھی جہاں متعلقہ افراد کو ان کی غیر ظاہر شدہ غیر ملکی جائیدادوں کے حوالے سے رابطہ کرکے انہیں ظاہر کرنے کیلئےآمادہ گیا تھا۔ نتیجتاً ۲۴؍ ہزار ۶۷۸؍ ٹیکس دہندگان کو (جن میں وہ بھی شامل ہیں جنہیں ایس ایم ایس یا ای میل نہیں ملے تھے) کو غیر ملکی اثاثوں کو ظاہر کرتے ہوئے اپنے ریٹرن دوبارہ جمع کرانے پڑے تھے ۔ ان کی مجموعی مالیت۲۹؍ہزار ۲۰۸؍ کروڑ روپے بتائی جاتی ہے، جن میں ایک ہزار ۸۸ء۹۸؍ کروڑ روپے کی غیر ملکی آمدنی شامل ہے۔ انکم ٹیکس محکمہ جون۲۰۲۵ء تک ایک ہزار ۸۰؍ معاملات کا جائزہ لے چکا ہے۔