۸؍ افراد ہلاک، ودربھ اور مراٹھواڑہ گرمی کی لہر سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، اورنگ آباد میں سب سے زیادہ ۴۸؍ کیس درج ہوئے۔
EPAPER
Updated: June 14, 2026, 10:26 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
۸؍ افراد ہلاک، ودربھ اور مراٹھواڑہ گرمی کی لہر سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، اورنگ آباد میں سب سے زیادہ ۴۸؍ کیس درج ہوئے۔
امسال پڑنے والی شدید گرمی کی وجہ سے گزشتہ ۳؍مہینوں میں ہیٹ اسٹروک کے مریضوں میں اضافہ ہوا ہے۔ یکم مارچ سے اب تک ۲۹۷؍ مریض ہیٹ اسٹروک سے متاثر ہوئے ہیں جن میں ۸؍افراد ہلاک اور ۱۸؍ مشتبہ اموات کی اطلاع ہے۔اس دوران مئی کے مہینے میں سب سے زیادہ ۲۵۸؍ مریض درج کئے گئے ہیں۔ہیٹ اسٹروک کے سب سے زیادہ مریض اورنگ آباد میں ۴۸؍ پائے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ امسال ریاست میں درجہ حرارت ۴۰؍ ڈگری سیلسیس سے تجاوز کر گیا ہے جس کی وجہ سے ہیٹ اسٹروک سے متاثر ہونے والے شہریوں کی تعداد متواتر بڑھ رہی ہے۔ ریاست میں ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کی تعداد میں پچھلے ۳؍ مہینوں میں خاصا اضافہ ہوا ہے۔ یکم مارچ سے اب تک ریاست بھر میں ہیٹ اسٹروک کے کل ۲۹۷؍مریض پائے گئے ہیں جن میں سے۸؍ افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ۱۸؍ مشتبہ اموات کی اطلاع ملی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: عطیہ کردہ جسم سےمتعلق قابل اعتراض بیان پر ڈاکٹر کیخلاف کیس درج
ممبئی کے شہریوں کیلئے امسال گرمی کی لہر ناقابل برداشت ہو گئی ہے۔ اس کے باوجود ممبئی میں ہیٹ اسٹروک کے ایک بھی مریض یا موت کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ اسی طرح کولہاپور، دھولیہ، عثمان آباد، سانگلی اور سندھو درگ کے اضلاع میں ہیٹ اسٹروک کا کوئی کیس نہیں ملا ہے۔
ریاستی محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق یکم مارچ سے اب تک ریاست میں ہیٹ اسٹروک کے ۲۹۷؍مریض رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔ مئی کے مہینے میں سب سے زیادہ ۲۵۸؍مریض رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔ مارچ میں صرف ۷؍ مریض جبکہ اپریل میں ۳۲؍ مریض رجسٹرڈ ہوئے۔
اعدادوشمار کے مطابق ریاست میں ، ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد اورنگ آباد ضلع میں ۴۸؍ درج کی گئی۔ اس کے بعد نندوربار میں ۲۸؍، گڈچرولی میں ۲۲؍ ، ناسک میں ۲۱؍، امرائوتی اور وردھا میں ۲۰؍، بلڈانہ ضلع میں ۱۹؍، ایوت محل اور ناندیڑ میں ۱۴؍ مریض پائے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: فرضی دواساز کمپنیوں کی جانچ کیلئے ریاستی حکومت نے خصوصی کمیٹی تشکیل دی
ہیٹ اسٹروک سے ہونے والی اموات میں اکولہ، جلگاؤں اور امرائوتی سے۲۔۲؍ ، گڈچرولی اور لاتور سے ایک ایک موت کی اطلاع ملی ہے۔ اس کے علاوہ، مشتبہ اموات میں سے جلگاؤں اور ناگپور سے ۳۔۳؍، احمد نگر، اکولہ، امرائوتی، گوندیا اور لاتور سے ۲۔۲؍، گڈچرولی اور شولاپور سے ایک ایک مشتبہ موت کی اطلاع ملی ہے۔
گرمی کی لہر سے ودربھ اور مراٹھواڑہ سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق ودربھ اور مراٹھواڑہ کے اضلاع میں گرمی کا سب سے زیادہ اثر دیکھا گیا ہے۔ ہیٹ اسٹروک کے معاملات مراٹھواڑہ کے اورنگ آباد، ناندیڑ، پربھنی اور بیڑ اضلاع کے ساتھ امرائوتی، اکولہ، گڈچرولی، وردھا، ایوت محل اور ناگپور میں رپورٹ ہوئے ہیں۔