ساڑھے۸؍ کلو گرام سونا اور لاکھوں روپے لوٹے تھے۔ملزمین کو آج عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ پر لیا جائے گا، ریمانڈ کے دوران مزید انکشافات کی اُمید۔
EPAPER
Updated: August 21, 2025, 2:20 PM IST | Agency | Gurgaon
ساڑھے۸؍ کلو گرام سونا اور لاکھوں روپے لوٹے تھے۔ملزمین کو آج عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ پر لیا جائے گا، ریمانڈ کے دوران مزید انکشافات کی اُمید۔
ہریانہ کے سائبر سٹی، گڑگاؤں کے سیکٹر۵؍ تھانہ علاقے کی ایک گولڈ لون فائنانس کمپنی میں ڈکیتی کے معاملے میںگڑگاؤں پولیس نے۳؍ ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمین کی شناخت سونی پت کے رہنے والے موہن عرف موہنا، سنی عرف سنیل اور کرنال کے رہنے والے راہل عرف بہیرا کے طور پر ہوئی ہے۔ابتدائی پوچھ گچھ میں ملزمین نے بتایا کہ انہوں نے اپنے کچھ دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر اس واردات کو انجام دیا تھا۔ ملزمین نے بتایا کہ یہ سبھی ایک بولیرو گاڑی میں سوار ہو کر آئے تھے لیکن گولڈ فائنانس کمپنی سے کچھ فاصلے پر ان کی گاڑی خراب ہوگئی تو ان کا ایک ساتھی گاڑی واپس لے کر چلا گیا۔باقی ملزمین واردات کو انجام دینے کے لئے گولڈ فائنانس کمپنی میں داخل ہو گئے۔ واردات کے وقت ان کے کچھ ساتھی کمپنی کے اندر گئے اور کچھ نگرانی کے لئے باہر کھڑے ہو گئے۔ منصوبے کے مطابق انہوں نے ڈکیتی کی واردات کو انجام دیا اور وہاں سے فرار ہو گئے۔گڑگاؤں پولیس کے مطابق ملزمین کا مجرمانہ ریکارڈ کھنگالنے پر پتہ چلا کہ ملزم موہن کے خلاف قتل کی کوشش اور اسلحہ ایکٹ کے تحت۶؍ کیس سونی پت میں درج ہیں۔ ملزم سنی کے خلاف مارپیٹ اور لڑائی جھگڑے کے۳؍ کیس سونی پت میں درج ہیں۔
اس معاملے میں پولیس ملزمین سے تفتیش کر رہی ہے۔ ملزمین کو جمعرات کو عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ پر لیا جائے گا۔ ریمانڈ کے دوران پولیس کو ملزمین سے مزید انکشافات کی امید ہے۔