Inquilab Logo

ممبرااتحاد کرکٹ اکیڈمی میں تربیت حاصل کرنےوالے۳؍ بچےممبئی کرکٹ اسوسی ایشن سمر کیمپ ‘کیلئے منتخب

Updated: April 23, 2022, 9:56 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

میدان کے بعداب ممبرا کے بچوں نے کرکٹ کے میدان میں بھی ضلعی سطح پر لوہا منوایا ہے۔ بہترین کرکٹ کھیلنے پر یہاںکے ۳؍ بچوں کو ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن (ایم سی اے) میں منتخب کر لیا گیا ہے

Ittehad Cricket Academy players and coaches. Among them, players selected for MCA Summer Camp are showing their certificates.
اتحادکرکٹ اکیڈمی کے کھلاڑی اور کوچ ۔ان میں ایم سی اے سمرکیمپ کیلئےمنتخب ہونے والے کھلاڑی اپنا سرٹیفکیٹ دکھارہے ہیں۔

 میدان  کے بعداب ممبرا کے بچوں نے کرکٹ کے میدان میں بھی ضلعی سطح پر  لوہا منوایا ہے۔  بہترین کرکٹ کھیلنے پر یہاںکے ۳؍ بچوں کو ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن (ایم سی اے) میں منتخب کر لیا گیا ہے۔  یہ بچے مولانا ابو الکلام آزاد اسٹیڈیم میں جاری اتحاد کرکٹ اکیڈمی   کے اراکین ہیں۔ حالانکہ ممبرا سے ۵؍ کرکٹرمنتخب ہو ئے تھے لیکن ۳؍ کا فائنل میں    انتخاب عمل میں آیا اور اب ان کی پریکٹس بھی شروع ہو گئی ہے۔
 اتحاد کرکٹ اکیڈمی کے کوچ رسال بیگ  (جوانجمن اسلام کے سابق کپتان   رہ چکے ہیں) سے رابطہ قائم کرنے پر انہوں نے بتایاکہ ان کی کرکٹ اکیڈمی کے جن بچوں کا ایم سی اے میں سلیکشن ہوا ہے، ان میں دانیال شریف صدیقی ( انڈر- ۱۴)،  شاہ محبوب عالم ( انڈر- ۱۶) اور ارقم انصاری امین انصاری( انڈر-  ۱۶) شامل ہیں ۔ دانیال بہتری بلے باز،شاہ محبوب دائیں بازو کے اسپنر  اور  ارقم بائیں ہاتھ کا اسپنر ہے۔ دانیال اس سے قبل بھی انڈر -۱۲؍ گروپ میں بھاسکر ٹرافی کیلئے منتخب ہو چکا ہے۔ محبوب  اور دانیال البرکات اسکول سے ، ارقم انجمن اسلام( ممبئی سی ایس ایم ٹی )    سے کرکٹ کھیلتے ہیں۔  ان کے علاوہ  دیگر ۲؍ کرکٹر امان شیخ  اور عدنان صدیقی  ابتدائی مرحلے میں منتخب ہوئے تھے لیکن ان کافائنل سلیکشن نہیں ہو سکا۔ 
 واضح رہے کہ ممبئی کرکٹ اسو سی ایشن کی جانب سے ۱۸؍  اور  ۱۹؍ اپریل کو ’ سمر وکیشن کیمپ  ۲۰۲۲ء‘ کا انعقاد ڈومبیولی میں  کے ڈی ایم سی اے گراؤنڈ  پرکیا گیا تھا۔ یہاںممبرا ، کلوا ، دیوا اور ٹھاکرلی اور اطراف کے علاقوں کے کرکٹروں میں سے بہترین  کرکٹ کھلاڑی کو منتخب کیا گیا ہے۔  اس کیمپ میں ۳؍ گروپ کے کرکٹروں کا انتخاب عمل میں آیا۔  ان  میں انڈر- ۱۴(بوائز)، انڈر- ۱۶(بوائز  ، گرلز) اور انڈر- ۱۹ (بوائز ، گرلز)شامل ہیں۔ اسی طرح کا سلیکشن ممبئی ، نوی ممبئی اور تھانے میں بھی ہو چکا ہے۔
 اتحاد کرکٹ اکیڈمی  کے کوچ کے بقول ’’ڈومبیولی میں  منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کا ایک ماہ کا ٹریننگ کیمپ ہوگا  او ر اس کے بعد ڈومبیولی، ممبئی   اورتھانے کی ٹیموں میں آپس میں میچ ہوں گے اور  ان میں بہترین کارکردگی دکھانے والے ۱۶؍ کھلاڑیوں کو آل انڈیا ٹور کیلئے منتخب کیا جائے گا۔‘‘انہوںنے مزید بتایاکہ ’’مولانا ابوالکلام آزاد اسٹیڈیم میں اتحاد کرکٹ اکیڈمی کافی عرصے  سے جاری ہے جس کے سرپرست شمیم خان اور سیکریٹری ممتاز شاہ  ہیں۔ اکیڈمی کے تمام اراکین  انتھک محنت اور کاوشوں سے ممبرا کوسہ کے بچوں کی کرکٹ صلاحیت کو اجاگر کررہے ہیں۔ اس نمایاں کامیابی پر غیر سرکاری تنظیم ’یس وی کین ‘  نے بھی کھلاڑیوں اور کوچ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK