ہندوستان کے خلاف ٹیسٹ میچ میں رن کے معاملے میں رکی پونٹنگ کو پیچھے کردیا۔ مانچسٹر میں شاندار سنچری بنائی۔
EPAPER
Updated: July 26, 2025, 12:12 PM IST | Agency | Manchester
ہندوستان کے خلاف ٹیسٹ میچ میں رن کے معاملے میں رکی پونٹنگ کو پیچھے کردیا۔ مانچسٹر میں شاندار سنچری بنائی۔
انگلینڈ کے سرکردہ بلے باز جو روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے کے معاملے میں ہندوستان کے راہل دراوڑ ، جنوبی افریقہ کے جیکس کیلس اور آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ کو پیچھے چھوڑ کر دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
جو روٹ نے ہندوستان کے خلاف چوتھے ٹیسٹ کے تیسرے دن جمعہ کو اپنی ناٹ آؤٹ اننگز کے دوران کیلس اور پونٹنگ کو پیچھے چھوڑا اور دوسرے نمبر پر پہنچ گئے۔ روٹ کے۱۵۷؍ویں ٹیسٹ میں۱۳۴۰۱؍ رن ہوگئے ہیں (وہ ہندوستان کے خلاف سنچری بناکر بلے بازی کررہے ہیں)اور انہوں نے ہندوستان کے راہل دراوڑ (۱۶۴؍ ٹیسٹ،۱۳۲۸۸؍رن) اور کیلس (۱۶۶؍ ٹیسٹ ۱۳۲۸۹؍رن ) کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ روٹ نے اپنی اننگز جاری رکھتے ہوئے آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ(۱۶۸؍ٹیسٹ،۱۳۳۷۸؍ کو بھی پیچھے چھوڑدیا۔ اب ان سے آگے ہندوستان کے سچن تینڈولکر (۲۰۰؍ ٹیسٹ،۱۵۹۲۱؍رن) ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل آئی سی سی ہال آف فیمر رکی پونٹنگ کا ماننا تھا کہ روٹ مانچسٹر ٹیسٹ میں ان کے رن کی تعداد کو پیچھے چھوڑنے کے راستے پر ہیں۔ پونٹنگ نے کہا تھاکہ ’’یہ بلے بازی کے لیے ایک شاندار دن ہے اور جو روٹ کے لیے یہ ایک شاندار کریئر رہا ہے۔ وہ ایک ایسے کھلاڑی سے جو ۵۰؍ سے زیادہ رن نہیں بنا پاتا تھا، سنچریوں تک پہنچ گئے۔ اب ایسا لگتا ہے کہ جب بھی وہ ۵۰؍ رن بناتے ہیں ، آپ انہیں سنچری یا ایک بڑی سنچری بنانے کے لیے نشان زد کر دیتے ہیں۔ ‘‘ پونٹنگ نے مزید کہاکہ ’’ان کے صرف کچھ اعداد و شمار پر نظر ڈالیں، ۳۷؍ ٹیسٹ سنچریاں،۱۳؍ہزار رن، اب تک کا کتنا شاندارکریئر رہا ہے۔‘‘
پونٹنگ نے یہ بھی کہا کہ روٹ سے ابھی بہت کچھ حاصل کرنا باقی ہے اور انگلینڈ کا یہ شاندار کھلاڑی اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی کے طور پر سچن تینڈولکر کو بھی پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ وہ کیا ہے،۳۵؍ سال کا؟ ایسا نہیں لگتا کہ کھیل کے تئیں ان کا جذبہ کہیں کم ہو رہا ہے۔‘‘
جوروٹ کی سنچر ی، انگلینڈ نے ۵۰۰؍رن مکمل کئے
جوروٹ کی ریکارڈ ساز اننگز کی بدولت انگلینڈ نے ہندوستان کے خلاف مانچسٹر ٹیسٹ میں شکنجہ کس دیا ہے۔ کاپی پرنٹ میں جانے تک انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں جو روٹ کی سنچری کی بدولت ۱۲۰؍ اوور میں ۵؍وکٹ پر ۵۰۰؍رن بنالئے تھے اور اس نے ہندوستان پر ۱۴۲؍ رن کی برتری حاصل کرلی تھی۔ اس وقت کریز پر لیام ڈاؤسن ایک رن اور جیمی اسمتھ ۲؍ رن بناکر موجود تھے۔ ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز میں ۳۵۸؍رن بنائے تھے۔ جوروٹ نے آؤٹ ہونے سے قبل ۲۴۸؍ گیندوں پر ۱۴؍ چوکوں کی مدد سے ۱۵۰؍ رن بنائے۔ جمعہ کو صبح کے سیشن میں جو روٹ اور اولی پوپ نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔ اس دوران جو روٹ نے ٹیسٹ کرکٹ میں۱۳؍ ہزار رن کا سنگ میل عبور کیا اور سب سے زیادہ ٹیسٹ رن بنانے والوں کی فہرست میں سچن تینڈولکر کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ا س سے قبل اولی پوپ نے انگلینڈ کے لئے ۷۱؍رن کا تعاون کیا تھا۔ ہندوستانی گیند باز جدوجہد کرتے ہوئے نظر آئے۔