حالانکہ ابھی طوفان تمل ناڈوپڈوچیری ساحلی پٹی سے ۷۰؍ کلومیٹر دور ہےمگرتمل ناڈو میںبارش جاری ہے،خراب موسم کی وجہ سے ۵۰؍ سے زائد پروازیں منسوخ۔
چنئی کے ساحلی علاقے پرسمندر سےلہریں اٹھ رہی ہیں۔ تصویر:پی ٹی آئی
سری لنکا میں تباہی مچانے کے بعد سمندری طوفان ’دیتوا ‘ہندوستان کے جنوبی ساحل کی جانب بڑھ رہا ہے ۔ اس کی وجہ سے سنیچر کو تمل ناڈو کے کئی حصوں میں شدید بارش ہوئی۔ سمندری طوفان دیتوا جنوب مغربی خلیج بنگال میں ۷؍کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال کی طرف بڑھ رہا ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ڈی) نے ایک انتباہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ طوفان تمل ناڈو-پڈوچیری ساحلی پٹی ۷۰؍ کلومیٹر دور ہے۔ تمل ناڈو میں طوفان کی وجہ سے موسمی حالات کی وجہ سے ۳؍افراد کی موت کی اطلاع ملی ہے۔
رامناتھ پورم اور ناگاپٹنم اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نےطوفان ’دیتوا‘ کے اتوار کی شام تک ہندوستان کے جنوبی ساحل پہنچنےکا اندازہ لگایا تھا۔ تمل ناڈو اور آندھرا پردیش حکومتوں نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
آئی ایم ڈی نے ایک بیان میں کہا، ’’سائیکلون ’دیتوا‘ سری لنکا اور اس سے ملحقہ جنوب مغربی خلیج بنگال کے اوپر گزشتہ۶؍ گھنٹوں کے دوران۸؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال-شمال مغرب کی طرف بڑھا ۔ تمل ناڈو کے ساحل سے ٹکراے کے بعد آندھرا پردیش، تمل ناڈو، اور پڈوچیری سب سے زیادہ متاثرہ ریاستیں ہوں گی۔‘‘
طوفان ’دیتوا‘کے اثرات سے سنیچر سے ہی تمل ناڈو کے متعدد علاقوں میںموسلا دھار بارش جاری ہے جس کی وجہ سے فضائی خدمات متاثر ہوئی ہیں۔ چنئی ایئرپورٹ انتظامیہ نے ایک بیان میں کہا کہ خراب موسم کی وجہ سے سنیچر کو ۵۴؍پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ ایئر انڈیا سمیت کئی ایئر لائنس نے کہا ہے کہ چنئی اور تمل ناڈو کے کچھ دوسرے شہروں سے ان کی پروازیں طوفان سے متاثر ہو سکتی ہیں۔
طوفان’ دیتوا‘ نے تمل ناڈو میں ریل خدمات کو بھی متاثر کیا ہے جس کی وجہ سے سدرن ریلوے یعنی جنوبی ریلوے نے اپنی ٹرین کے ٹائم ٹیبل میں کچھ تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔طوفان نے سری لنکا میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا ئی ہے۔سری لنکا میں طوفان سے متعلقہ واقعات میں جان گنوانے والوں کی تعداد ۱۳۲؍ہو گئی ہے جبکہ ۱۷۱؍افراد لاپتہ ہیں۔ اس صورتحال نے حکومت کو جزیرے کے ملک بھر میں ہنگامی حالت کا اعلان کرنے پر اکسایا ہے۔ اس مشکل صورتحال کے جواب میں ہندوستان اپنے قریبی اتحادی سری لنکا کی مدد کیلئے سامنے آیا ہے، آپریشن ساگر بندھو شروع کیا ہے۔