• Tue, 15 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہاؤسنگ سوسائٹی میں آلودہ پانی سے کہرام، ۳۰ ؍ افراد شدید بیمار

Updated: June 21, 2026, 12:56 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan

یہاں کے امبرڈے میں واقع تریوینی کراؤن نام کی ہاؤسنگ سوسائٹی میں آلودہ پانی کی فراہمی کے باعث ۳۰ ؍افراد کو قے، دست اور شدیدپیٹ درد کی شکایت ہو گئی۔

Triveni Crown Society. Photo: INN
تریوینی کراؤن سوسائٹی۔ تصویر: آئی این این

یہاں کے امبرڈے میں واقع تریوینی کراؤن نام کی ہاؤسنگ سوسائٹی میں آلودہ پانی کی فراہمی کے باعث ۳۰ ؍افراد کو قے، دست اور شدیدپیٹ درد کی شکایت ہو گئی۔ سوسائٹی انتظامیہ نے کھڑک پاڑہ پولیس اسٹیشن اور کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن( کے ڈی ایم سی) میں شکایت درج کرائی ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ سوسائٹی کے ہی ایک رکن نے پانی کی مین لائن میں غیر قانونی طور پر تبدیلی کرکے آلودہ پانی کو پینے کے پانی میں شامل کیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے سے تریوینی کراؤن کے مکینوں کی جانب سے پانی کے ذائقے اور رنگت میں تبدیلی کی شکایات موصول ہو رہی تھیں۔ اچانک سنیچر کو مکینوں کو پیٹ درد اور قے ہونے لگی۔ دیکھتے ہی دیکھتے متاثرین کی تعداد ۳۰؍ تک جا پہنچی جن میں سے متعدد افراد کو طبی امداد کے لئے فوری طور پر اسپتال منتقل کرنا پڑا جبکہ باقی رہائشی گھر پر ہی زیرِ علاج ہیں۔ ۱۷۶؍ فلیٹس پر مشتمل اس بڑی سوسائٹی میں اس واقعہ کے بعد پینے کے پانی کا بحران پیدا ہو گیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: بیسٹ ملازمین کی ہڑتال سے شہریوں کوشدید دشواریاں

سوسائٹی کی مینجمنٹ کمیٹی نے شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے جب پلمبنگ سسٹم کی گہرائی سے جانچ کی تو ایک چونکا دینے والا انکشاف ہوا۔ کمیٹی کے مطابق ایک مکین نے انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مین سپلائی لائن میں غیر قانونی طور پر ٹاپ لگا کر اسے اپنی نجی ٹنکی سے جوڑ رکھا تھا۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مذکورہ ر مکین اپنی ٹنکی میں بورنگ کا آلودہ پانی ذخیرہ کر رہا تھا جو بیک پریشر کے ذریعے مرکزی لائن میں شامل ہو کر پورے رہائشی بلاک کے پینے کے پانی کو زہریلا بنا رہا تھا۔ 
اس سنگین غفلت اور مجرمانہ فعل پر سوسائٹی انتظامیہ نے کھڑک پاڑہ پولیس اسٹیشن اور کے ڈی ایم سی کے واٹر سپلائی و ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کو باضابطہ تحریری شکایت ارسال کر دی ہے۔ سوسائٹی کے مکینوں نے انتظامیہ کو انتباہ دیا ہے کہ اگر اس معاملے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی نہ کی گئی تو وہ مزید سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔ فی الحال مکینوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK