• Tue, 14 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پنجاب سیلاب متاثرین کیلئے۳۰؍ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان روانہ

Updated: September 25, 2025, 2:43 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے بلا تفریق مذہب و ملت مددو تعاون کرنے پر سکھ برادری نے خراج تحسین پیش کیا۔

Jamiat officials and Sikh brothers at the time of the relief departure in Ludhiana. Photo: INN
لدھیانہ میں ریلیف کی روانگی کے وقت جمعیۃ کے ذمہ داران اور سکھ برادران۔ تصویر: آئی این این

 پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے تباہ حال افراد کی مدد کیلئے جمعیۃ علماء سمیت مسلم تنظیمیں وا دارےبھی سرگرم ہیں۔  جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی کی ہدایت پر بدھ کو جمعیۃ ریلیف سینٹر لدھیانہ سے تقریباً ۵۰؍ لاکھ روپے مالیت کے امدادی سامان پر مشتمل۳۰؍ ٹرکوں کا قافلہ پنجاب کے سیلاب متاثرہ اضلاع کی جانب روانہ کیا گیا۔
 اس قافلے کی قیادت جمعیۃ علماء ہریانہ، پنجاب و ہماچل پردیش کے ناظم اعلیٰ مولانا محمد یحییٰ کریمی نے کی، جو سلطان پور لودھی، کپور تھلہ، اجنالہ، ترنتارن، فاضلکہ، گرداسپور، فیروزپور، لدھیانہ اور دیگر متاثرہ علاقوں کیلئے  روانہ ہوا۔روانگی کے موقع پر جمعیۃ علماء کے مرکزی و مقامی ذمہ داران کے ساتھ پنجاب حکومت کے وزیر، دیگر سرکردہ سماجی و سیاسی لیڈران اور بڑی تعداد میں سکھ بھائی بھی شریک ہوئے۔  مقامی سکھ برادری نے جمعیۃ علماء ہند کے خدمت خلق کے جذبے کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’جب ہم سفید و کالے دھاری والے جھنڈے کو دیکھتے ہیں تو یہ سمجھ جاتے ہیں کہ یہ قافلہ ہماری مدد اور دوستی کے لیے آیا ہے۔‘اس موقع پر مولانا محمد یحییٰ کریمی نے صدر جمعیت علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ مولانا مدنی نےکہا کہ’’ جمعیۃ علماء ہند بلاتفریق مذہب و ملت، انسانیت کی خدمت کو اپنا فریضہ سمجھتی ہے۔ ہم اپنے سکھ بھائیوں کے ساتھ اس مصیبت کی گھڑی میں کھڑے ہیں۔ اصل مدد کرنے والا تو ہمارا خالق ہے، ہم تو بس اس کے بندے ہیں۔‘‘مولانا مدنی نے کہا کہ ہماری اپیل پر اہل میوات، مغربی یوپی، گجرات سمیت پورے ملک کے لوگوں نے دل کھول کر تعاون کیا۔ سکھ بھائی دنیا بھر میں انسانیت کی خدمت کے لیے مشہور ہیں اور جو دوسروں کی مدد کرتا ہے رب بھی اس کی مدد کے لیے اپنے نیک بندوں کو بھیجتا ہے۔مولانا یحییٰ کریمی نے بتایا کہ جمعیت علماء  کی پوری ٹیم پنجاب میں امدادی کاموں میں سرگرم ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK