• Tue, 18 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبرا میں کھیل کے میدان کیلئے ۴؍ کھلاڑیوں کی بھوک ہڑتال

Updated: November 18, 2025, 11:02 AM IST | Iqbal Ansari

مظاہرین نے شہری انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ری کریئشنل گراؤنڈ کیلئے مختص پلاٹ پر ممبرا کوسہ کے بچوں کو کھیلنے کیلئے میدان بنایا جائے۔

Players are sitting on a hunger strike at Dr. Babasaheb Ambedkar Chowk near Mumbra Police Station. Photo: Inqilabad
ممبرا پولیس اسٹیشن کے قریب ڈاکٹرباباصاحب امبیڈکر چوک پر کھلاڑی بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں۔ تصویر: انقلاب
ممبرا کوسہ کے بچوں  اور نوجوانوں کیلئے کھیل کے میدان  کے مطالبے کے ساتھ ممبرا کوسہ اسپورٹس کونسل کے بینر تلے پیر سے تنظیم کے ۴؍ اراکین نے بے مدت بھوک ہڑتال شروع کی۔یہ ہڑتال ممبرا پولیس اسٹیشن کے قریب واقع ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر چوک پر شروع کی گئی ہے۔ بھوک ہڑتال پر بیٹھنے والوں میں راشد خان، جاوید سید ، جاوید خان اور ظہیر سید نامی کھلاڑی شامل ہیں۔ ان سبھی نے تنظیم کے نام کا سفید ٹی  شرٹ پہنا ہوا تھا جس پر ’’ممبرا وانٹس پلے گراؤنڈ(  ممبرا میدان چاہتا ہے)‘‘ نعرہ لکھا  تھا۔
’’پلے گراؤنڈ کے ریزرویشن کو بچانے کیلئے بھوک ہڑتال ‘‘کے بینر کے نیچے بھوک ہڑتال پر بیٹھے راشد خان سے بات چیت کرنے پر انہوں نے نمائندۂ  انقلاب کو بتایا کہ ’’ممبرا کوسہ اسپورٹس کونسل نامی تنظیم کی ٹیم کی جانب سے ہم ۴؍ کھلاڑی پیر سے ۱۷؍ نومبر سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں۔ہمارا یہی مطالبہ ہے کہ تھانے میونسپل کارپوریشن(ٹی ایم سی)کی جانب سے ری کریئشنل گراؤنڈ کیلئے جو پلاٹس مختص ہیں، وہاں پر ممبرا کوسہ کے بچوں کو کھیلنے کیلئے میدان بنایا جائے کیونکہ لاکھوں کی آبادی ہونے کے باوجود یہاں شہری انتظامیہ کی جانب سے  ایک بھی پلے گراؤنڈ نہیں ہےجبکہ ممبرا کے قریب ہی واقع کلوا علاقے میں ۸؍پلے گراؤنڈ دیئے گئے ہیں ۔ اسی سوتیلے سلوک کے خلاف ہم یہ بھوک ہڑتال کر رہے ہیں۔ اگر میونسپل کارپوریشن کے پاس میدان کے  احاطے کی دیوار تعمیر کرنے کا بھی فنڈ نہیں ہے تو وہ محض کاغذی کارروائی مکمل کر لے، ہماری تنظیم مقامی افراد کے تعاون سے میدان کیلئے ضروری کام کر لیں گے ۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ پلے گراؤنڈ نہ ہونے کے سبب بچے سڑکوں پر بھٹک رہے ہیں یا پھر موبائل اور نشہ کی لت میں مبتلا ہو رہے ہیں۔‘‘
اس سوال پر کہ میونسپل  الیکشن  ہونے والے ہیں کیا اسی لئے تشہیر اور عوامی توجہ حاصل کرنے کیلئے اس وقت یہ بھوک ہڑتال کی جارہی ہے؟ توراشد خان نے جواب دیا کہ ’’میدان کیلئے لڑائی آج سے نہیں بلکہ ۳، ۴؍ سال قبل سے کی جارہی ہے۔ ہم ممبرا کوسہ کے نوجوانوں، تنظیموں اور سبھی سیاسی پارٹیوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ میدان کیلئے اس احتجاج میں ساتھ دے۔ پیر کو ایم آئی ایم مہاراشٹر کے جوائنٹ سیکریٹری سیف پٹھان نے اپنی حمایت دی ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK