نااہلی کی تلوار سے بے چینی، کئی اراکین اسمبلی بھی ممتا بنرجی خیمہ کے رابطے میں۔
EPAPER
Updated: August 30, 2026, 11:43 AM IST | Kolkata
نااہلی کی تلوار سے بے چینی، کئی اراکین اسمبلی بھی ممتا بنرجی خیمہ کے رابطے میں۔
ایسے وقت میں جبکہ دل بدلی کرنےوالے ٹی ایم سی کے ۲۰؍ باغی اراکین پارلیمان کے سر پر نا اہلی کی تلوار کسی بھی وقت گر سکتی ہے، سیاسی حلقوں میں ان قیاس آرائیوں نے زور پکڑ لیا ہے کہ ۴؍ باغی ایم پی ممتا بنرجی کے رابطہ میں ہیں پارٹی میں واپسی کیلئے ان کے گرین سگنل کا انتظار کر رہے ہیں۔ باقی ارکان پارلیمنٹ کو ممکنہ طور پر نااہلی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ سپریم کورٹ میں ابھیجیت بنرجی کے ذریعہ داخل کی گئی پٹیشن پر سماعت کے بعد ممتا بنرجی خیمہ پریقین ہے کہ بغاوت کرنےوالے اراکین کی رکنیت بچ نہیں پائےگی۔
جمعہ کو ممتا بنرجی نے بھی اس کا اشارہ دیا اور پر اعتماد لہجے میں کہا کہ ’’بس کچھ ہی دنوں کی بات ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ’’ہمیں سگنل مل چکا ہے۔ بس وقت کا انتظار ہے۔ تب تک تم (باغی اراکین) دودھ چاول اور مچھلی کے مزے لے لو۔ ‘‘ انہوں نے اپنے حامیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے اپنی پارٹی کے’’بہت جلد دوبارہ اقتدار میں آنے‘‘ کا یقین ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ’’فکر نہ کریں۔ بنگال میں ایک اور تبدیلی آنے والی ہے۔ بہت جلد ترنمول کانگریس دوبارہ اقتدار میں آئے گی۔ ‘‘
پارٹی ذرائع نے اراکین اسمبلی پر بھی ’’سرجیکل اسٹائک ‘‘ کی بات کی ہے اور کہا ہے کہ باغی اراکین پارلیمان کو ’’بے اثر‘‘ جانے کے بعد یہ عمل ہوگا۔ ممتا بنرجی کے حامی ایک سینئر لیڈر نے کہاکہ’’ان میں سے کچھ (اراکین اسمبلی) رابطے میں ہیں اور جلد کسی بھی وقت واپس آ سکتے ہیں ... جبکہ باقی کے خلاف سرجیکل اسٹرائیک کا منصوبہ بنایا جارہاہے۔ پہلے پارلیمنٹ میں موجود ان کے بڑے بھائیوں (یعنی باغی اراکین پارلیمان ) کو غیر مؤثر ہونے دیں، جس کا عمل پہلے ہی شروع ہو چکا ہے...وہ ابھی بہت اونچی اڑان بھر رہے ہیں، لیکن زیادہ دیر نہیں اڑ سکیں گے۔ ‘‘ سرجیکل اسٹرائک کی وضاحت نہیں کی گئی تاہم سمجھا جا رہا ہے کہ مراد قانونی کارروائی سے ہے۔