۸؍ افراد زخمی، ملبے میں مزید کئی افراد کے دبے ہونے کا خدشہ، راحتی کام جاری۔
EPAPER
Updated: October 08, 2026, 12:35 PM IST | Agency | New Delhi
۸؍ افراد زخمی، ملبے میں مزید کئی افراد کے دبے ہونے کا خدشہ، راحتی کام جاری۔
شمال مشرقی دہلی کے سیماپوری علاقے میں بدھ کی سہ پہر ایک پانچ منزلہ رہائشی عمارت منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں ایک بچے سمیت ۳؍ افراد ہلاک اور۸؍ افراد زخمی ہوگئے۔ ملبے میں مزید کئی افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
حادثے کے بعد دہلی فائر سروس، این ڈی آر ایف، پولیس اور دیگر امدادی ٹیموں نے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کردیا ہے۔ ۸؍ زخمیوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ عمارت کے ملبے سے ملحقہ دو عمارتوں کے کچھ حصے بھی متاثر ہوئے ہیں۔
فائر سروس کو تقریباً ساڑھے تین بجے عمارت منہدم ہونے کی اطلاع ملی تھی، جس کے بعد چار فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ منگل کی رات دہلی،این سی آر میں زلزلے کے جھٹکوں کے بعد عمارت میں دراڑیں پڑ گئی تھیں تاہم حکام نے عمارت گرنے کی اصل وجہ کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا ہے۔
ڈی سی پی آر مینا نے بتایا کہ یہ عمارت تقریباً ۲۵؍ گز کے پلاٹ پر بنائی گئی تھی۔اطلاع ملتے ہی امدادی اور بچاؤ ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور راحتی کام جاری ہے۔بچائے گئے زخمیوں میں مومن مرزا،ابدان،عبدالرحمان،سلمیٰ،چھوٹے، سکینہ اورعبدالصمد شامل ہیں۔ مہلوکین میں۲۱؍ سالہ گل فشاں ہے جو چار ماہ کی حاملہ تھی۔اس کے علاوہ ایک۱۲؍ سالہ لڑکی اور ایک بچہ ہے جن کی شناخت ابھی تک نہیں ہوسکی ہے۔