• Sun, 22 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’جیو ٹیگنگ پر ہی ۵؍ہزار روپے خرچ پھر کسانوں کو کس بات کی امداد؟ ‘‘

Updated: November 22, 2026, 10:41 AM IST | Nagpur

کپاس پر ۲۰؍فیصد درآمد ڈیوٹی عائد کرنے کیلئے ۱۵؍دن کی مہلت ورنہ احتجاجی تحریک شروع کریں گے: پریس کانفرنس میں پرکاش امبیڈکر کا انتباہ۔

Prakash Ambedkar. Photo: INN
پرکاش امبیڈکر۔ تصویر: آئی این این

ریاست میں خشک سالی کی سنگین صورتِ حال اور کسانوں کو درپیش مشکلات کے معاملے پر ونچت بہوجن اگھاڑی کے قومی صدر ایڈوکیٹ پرکاش امبیڈکر نے سنیچر  کو  ناگپور میں  پریس کانفرنس منعقد کی جس میں انہوں نے مرکزی اور ریاستی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اور اس کے اتحادیوں نے خشک سالی سے نمٹنے کے پروگرام کو پوری طرح ناکام بنا دیا ہے۔ کسانوں کو اپنی فصلوں کی جیوٹیگنگ (جغرافیائی محل وقوع کی نشاندہی) خود کرنے کیلئےکہا جا رہا ہے جس پر کم از کم۵؍ ہزار روپے خرچ ہوتے ہیں  جبکہ حکومت نے امداد کے نام پر بھی محض ۵؍ ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ہے جو ان کے بقول اب تک کسانوں کو موصول نہیں ہوئے۔

یہ بھی پڑھئے: سہارنپور سرکٹ ہاؤس میں اسدالدین اویسی کو گارڈ آف آنر!

پرکاش امبیڈکر نے مطالبہ کیا ہےکہ کپاس پیدا کرنے والے کسانوں کو معاشی بحران سے بچانے کیلئے مرکزی حکومت درآمدی کپاس پر فوری طور پر ۲۰؍فیصد درآمدی ڈیوٹی عائد کرے۔ انہوں نے حکومت کو اس مطالبے پر فیصلہ کرنے کیلئے ۱۰ ؍سے ۱۵ ؍دن کی مہلت دیتے ہوئے متنبہ کیاہے کہ اگر اس مدت میں فیصلہ نہیں کیا گیا تو ناگپور سے ایک نئی طرز کی ’ٹارگیٹ اورینٹیڈ‘ (ہدف پر مبنی) تحریک شروع کی جائے گی۔

خشک سالی سے متاثرہ کسانوں کو امداد کی فراہمی میں تاخیر پر سوال اٹھاتے ہوئے پرکاش امبیڈکر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اب تک کسانوں کا رجسٹریشن اور فصلوں کے نقصان کے پنچ نامے مکمل نہیں کئے گئے ہیں۔ حکومت نے امداد کیلئے کم از کم ۳۳؍فیصد فصل نقصان کی شرط عائد کر رکھی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر کسی کسان کی فصل کو ۳۲؍فیصد نقصان پہنچا ہے تو اسے کوئی امداد نہیں ملے گی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کی بنیادی سوچ ہی کسی کو مدد فراہم نہ کرنے کی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ  اس سال خشک سالی کی شدت صرف ودربھ اور مراٹھواڑہ تک محدود نہیں رہی بلکہ کوکن کے بارش کی کمی والے علاقوں کے تعلقوں کو بھی پہلی مرتبہ خشک سالی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اس کے باوجود حکومت اس مسئلے کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’راجستھان میں بی جے پی کا مکمل صفایا ہو گیا،وزیر اعلیٰ بھجن لال استعفیٰ دیں‘‘

پرکاش امبیڈکر نے بتایا کہ ملک کی مجموعی کپاس پیداوار کا تقریباً ۶۳؍فیصد حصہ صرف ودربھ اور مراٹھواڑہ سے حاصل ہوتا ہے۔ اس سال خشک سالی کے باعث فی ایکڑ ۸ ؍سے ۱۴ ؍ کوئنٹل ہونے والی پیداوار گھٹ کر ۴ ؍سے ۵ ؍ کوئنٹل رہ گئی ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ پیداوار بھی تقریباً ۸ ؍کوئنٹل تک محدود ہے۔ اس صورتِ حال میں کسانوں کو ہونے والے نقصان کی تلافی اور کپاس کی مناسب قیمت دلانے کیلئے انہوں نے دو اہم تجاویز پیش کیں۔

پرکاش امبیڈکر نے کہا کہ ۳۱؍اکتوبر تک درآمدی کپاس پر کسٹم ڈیوٹی نافذ تھی۔ اس وقت کاٹن کارپوریشن آف انڈیا (سی سی آئی) نے ۶۶؍ہزار روپے فی گانٹھ (۳۶۵ کلوگرام) کے حساب سے کپاس کی گانٹھیں فروخت کی تھیں۔ تاہم درآمدی ڈیوٹی صفر کئے جانے کے بعد برازیل سے آنے والی کپاس ہندوستانی بندرگاہوں پر تقریباً ۵۶؍ہزار روپے فی گانٹھ کی قیمت پر دستیاب ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق حکومت نے کپاس کا کم از کم امدادی نرخ ۸؍ ہزار۶۰۰ ؍روپے فی کوئنٹل مقرر کیا ہے۔ اگر سی سی آئی اس قیمت پر کسانوں سے کپاس خریدتی ہے تو اسے تیار شدہ کپاس کی گانٹھیں تقریباً ۵۸؍ہزار روپے فی گانٹھ کے حساب سے فروخت کرنا پڑیں گی جس سے اسے فی گانٹھ دو ہزار روپے کا نقصان ہوگا۔ یہی وجہ ہے کہ سی سی آئی اب تک خریداریکیلئے مارکیٹ میں سرگرم نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر درآمدی کپاس پر ۲۰؍فیصد ڈیوٹی عائد کرے۔ ان کا کہنا ہے کہ پہلے ۱۷ ؍فیصد ڈیوٹی نافذ تھی، اس میں صرف ۳؍ فیصد اضافہ کرکے اسے ۲۰ ؍فیصد کیا جائے۔ اس اقدام سے کھلی منڈی میں کپاس کی قیمت ۹؍ہزار سے ۹؍ہزار ۵۰۰ روپے فی کوئنٹل تک پہنچ سکتی ہے اور کم پیداوار کے باعث کسانوں  کے مالی نقصان کی کسی حد تک تلافی ہو سکے گی۔ اسی طرح انہوں نے  سی سی آئی کے پاس موجود گزشتہ سیزن کے باقی ماندہ کپاس ذخیرے (لیفٹ اوور بیلز) کو ۷۲؍ہزار روپے فی گانٹھ کے حساب سے فروخت کرنے کا مطالبہ بھی کیاہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK